ہفتہ:11 جنوری 2020 کی اہم عالمی خبریں

[pullquote]یوکرائنی طیارہ ’انسانی غلطی‘ کی وجہ سے تباہ ہوا، ایرانی فوج کا اعتراف[/pullquote]

ایرانی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ یوکرائنی مسافر بردار طیارہ ’انسانی غلطی‘ کی وجہ سے مار گرایا گیا تھا۔ آٹھ جنوری کو تہران کے ہوائی اڈے سے اڑنے والا یہ طیارہ پرواز کے چند ہی منٹ بعد گر کر تباہ ہو گیا تھا اور اس پر سوار تمام 176 افراد مارے گئے تھے۔ ایرانی بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طیارے کو غلطی سے ’معاندانہ ہدف‘ سمجھ لیا گیا تھا۔ ایران کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ملوث اہلکاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ایرانی بیان میں طیارے کی تباہی پر معذرت کے ساتھ ساتھ کہا گیا ہے کہ ایران اپنے ہاں دفاعی نظام کو مزید بہتر بنائے گا، تاکہ مستقبل میں اس طرح کی غلطی دوبارہ رونما نہ ہو۔

[pullquote]عمان کے سلطان قابوس انتقال کر گئے[/pullquote]

عمان پر گزشتہ نصف صدی سے حکومت کرنے والے سلطان قابوس 79 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ جدید عرب دنیا میں کسی ملک پر سب سے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والے رہنما تھے۔ سلطان قابوس بڑی آنت کے سرطان میں مبتلا تھے اور گزشتہ ماہ بیلجیم میں ایک آپریشن سے بھی گزرے تھے۔ عمان کے سرکاری ٹی وی چینل نے تصدیق کی ہے کہ سلطان قابوس کے بعد ان کے کزن حشام بن طارق السعید کو ملک کا نیا سلطان مقرر کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]میرکل اور پوٹن کے درمیان ملاقات، عراق اور لیبیا اہم موضوعات[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل آج ہفتے کے روز ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کر رہی ہیں۔ اس ملاقات میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے علاوہ عراق اور لیبیا کے امور پر گفت گو متوقع ہے۔ مئی 2018 کے بعد میرکل پہلی دفعہ روس پہنچی ہیں۔ رواں ہفتے پوٹن نے شام اور ترکی کا دورہ کیا تھا۔ میرکل کے ہم راہ ماسکو پہنچنے والے جرمن وزیرخارجہ ہائیکو ماس کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کی اہم وجہ لیبیا کی بگڑتی صورت حال ہے۔ ماس نے خبردار کیا کہ لیبیا ’دوسرا شام‘ بن سکتا ہے۔ ایک جرمن نشریاتی ادارے سے بات چیت میں ہائیکو ماس نے کہا کہ یورپ اس معاملے میں اہم کردار ادا کرنا چاہتا ہے اور اس کے لیے اسے روسی مدد درکار ہے۔

[pullquote]یوکرائن نے طیارے کی تباہی پر ذمہ داروں کے لیے سزا کا مطالبہ کر دیا[/pullquote]

یوکرائنی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے ہفتے کے روز مطالبہ کیا ہے کہ یوکرائنی طیارے کی تباہی پر ایران ذمہ داروں کو سزا دے اور متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ ادا کرے۔ اپنے ایک فیس بک بیان میں یوکرائنی صدر نے کہا کہ یوکرائنی طیارے کو مار گرانے والے افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ ایرانی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ مسافر بردار یوکرائنی طیارہ ایک ’انسانی غلطی‘ کی وجہ سے مار گرایا گیا تھا۔ بدھ کے روز تہران کے قریب گر کر تباہ ہونے والے اس جہاز میں سوار تمام 176 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]کم جونگ اُن کو صدر ٹرمپ کی جانب سے سال گرہ کی مبارک باد[/pullquote]

شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ کم جونگ اُن کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سال گرہ کی مبارک باد موصول ہوئی ہے۔ شمالی کوریا کا تاہم کہنا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کی میز کی جانب فی الحال نہیں لوٹے گا۔ شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کے مطابق گو کہ کم جونگ اُن ذاتی طور پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پسند کرتے ہیں، تاہم وہ اپنی ذاتی پسند کی بنیاد پر ملکی جہت طے نہیں کریں گے۔ سرکاری بیان میں کہا گیا ہےکہ دونوں ملکوں کے رہنماؤں کے ’بہتر تعلقات‘ کے باوجود امریکا کی یہ غلطی ہو گی اگر وہ یہ سمجھے گا کہ شمالی کوریا مذاکرات کی جانب لوٹ آئے گا۔ واضح رہے کہ شمالی کوریا امریکا کے ساتھ مذاکرات سے قبل کچھ ضمانتوں کا مطالبہ کرتا آیا ہے، جن میں سے ایک شمالی کوریا پر عائد سخت ترین بین الاقوامی پابندیوں میں نرمی بھی ہے۔

[pullquote]صدر ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی سینیٹ کے حوالے کر دی جائے گی، پلوسی[/pullquote]

امریکی ایوانِ نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا ہے کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی اگلے مرحلے کی کارروائی اگلے ہفتے سینیٹ کے حوالے کر دیں گی۔ امریکا کی تاریخ میں یہ تیسرا موقع ہو گا کہ کسی صدر کے مواخذے کے حوالے سے سینیٹ میں بحث ہو گی۔ جمعے کے روز ڈیموکریٹ قانون سازوں کے نام ایک خط میں انہوں نے کہا کہ اب سینیٹرز کے پاس موقع ہے کہ وہ صدر کی جانب سے اختیارات کے غلط استعمال اور انصاف کا راستہ روکنے جیسے الزامات کو کیا سمجھتے ہیں۔ پلوسی نے ایوانِ نمائندگان سے مواخذے کا بل منظور کرنے پر ڈیموکریٹ رہنماؤں کی ’حب الوطنی اور جرات‘ کی تعریف کی۔

[pullquote]وائٹ ہاؤس کا مزید ممالک کے شہریوں پر سفری پابندیاں عائد کرنے پر غور[/pullquote]

وائٹ ہاؤس سفری پابندیوں کا ہدف بنائے گئے ممالک کی فہرست میں وسعت پر غور کر رہا ہے۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سےچند مسلم اکثریتی ممالک کے شہریوں کی امریکا میں داخلے پر پابندی عائد ہے، تاہم اس فہرست میں مزید ممالک کو شامل کرنے پر غور ہو رہا ہے۔ فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ اس فہرست میں مزید کتنے ممالک کو شامل کرنے پر غور ہو رہا ہے، تاہم ایسویسی ایٹڈ پریس نے وائٹ ہاؤس کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ممکنہ طور پر اس فہرست میں وینیزویلا اور شمالی کوریا کے شہریوں کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ جنوری سن 2017 میں صدر ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹیو آرڈر کے ذریعے ایران، لیبیا، یمن، شام اور صومالیہ کے شہریوں کی امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کی تھی۔

[pullquote]تائیوان میں تسائی اِنگ دوسری مدت کے لیے صدر منتخب ہونے کی راہ پر[/pullquote]

تائیوان میں ہفتے کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق اب تک شمار کیے گئے ووٹوں میں صدر تسائی اِنگ آگے ہیں اور وہ ممکنہ طور پر دوسری مدت کے لیے صدر منتخب ہو سکتی ہیں۔ پولنگ ختم ہونے کے دو گھنٹے بعد تک گنے گئے ووٹوں میں تسائی اِنگ تین اعشاریہ سات ملین ووٹوں کے ساتھ اپنے حریف ہان کُو یو کے پڑنے والے قریب ڈھائی ملین ووٹوں سے واضح فاصلے پر پہنچ چکی تھیں۔ تائیوان میں کل انیس اعشاریہ تین ملین رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔

[pullquote]ترک اسکولوں کے قیام کا منصوبہ، جرمنی میں بحث[/pullquote]

جرمنی میں تین ترک اسکولوں کے قیام کے منصوبے پر جرمنی میں زبردست بحث جاری ہے۔ چانسلر انگیلا میرکل کی جماعت سی ڈی یو کی باویریا صوبے میں سسٹر پارٹی سی ایس یو کے جنرل سیکرٹری مارکُس بلومے نے ایک جرمن نشریاتی ادارے سے بات چیت میں کہا ہے کہ جرمنی کو ایردوآن کے اسکولوں کی ضرورت نہیں ہے۔ جرمن حکومت اس وقت ترک حکام کے ساتھ ایک منصوبے پر بات چیت میں مصروف ہے، جس کے تحت فریکنفرٹ، کولون اور برلن میں تین پرائیویٹ ترک اسکول کھولے جانا ہیں۔ جرمن وزیرخارجہ ہائیکو ماس نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا تھا کہ تین جرمن اسکول ترکی میں قائم ہیں اور ترک حکام اس سے جرمنی سے مساوی رویے کے مظاہرے کا مطالبہ کرتے ہوئے جرمنی میں تین اسکولوں کے قیام کا کہہ رہے ہیں۔

[pullquote]
بحیرہء ایجیئن میں مہاجرین کی کشتی ڈوب گئی، کم از کم 12 افراد ہلاک
[/pullquote]

بحیرہء ایجیئن میں تارکین وطن کی ایک کشتی ڈوب گئی۔ اس واقعے میں کم از کم 12 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ یونانی حکام کے مطابق اس کشتی کے ڈوبنے کے بعد جاری ریسکیو آپریشن میں 21 تارکین وطن کو بچا لیا گیا ہے، تاہم خدشات ہیں کہ اس کشتی پر قریب پچاس افراد سوار تھے۔ اس ریسکیو مشن میں گشتی کشتیوں کے علاوہ ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ سن 2015 میں بحیرہء ایجیئن ہی کے ذریعے لاکھوں افراد ترکی سے یورپ پہنچے تھے، تاہم مارچ 2016 میں یورپی یونین اور ترکی کے درمیان ایک معاہدے کے بعد اس راستے سے یورپی یونین پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد میں کمی آئی تھی۔

[pullquote]چین میں کرونا وائرس کی نئی قسم سے پہلی ہلاکت[/pullquote]

چین میں کرونا وائرس کی ایک نئی قسم کے نتیجے میں پہلی ہلاکت رپورٹ کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ وائرس سن دو ہزار کی تباہی میں پھیلنے والے سارس وائرس جیسا ہے۔ وسطیٰ چینی علاقے ووہان کے میونسپل ہیلتھ کمیشن کے مطابق اب تک اس وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد 41 ہے اور یہ تمام افراد نمونیے کا شکار ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ مریضوں میں سے سات کی حالت تشویش ناک ہے۔ بتایا گیا ہےکہ ہلاک ہونے والے شخص کی عمر 61 برس تھی اور اسے سانس لینے میں دشواری اور شدید نمونیے کی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

[pullquote]خلا میں زندگی کی تلاش، چین نے بڑی دوربین لانچ کر دی[/pullquote]

چین میں ہفتے کے روز دنیا کی سب سے بڑی ریڈیو دوربین نے باقاعدہ طور پر کام شروع کر دیا ہے۔ اس دوبین کا مقصد زمین سے باہر زندگی کی موجودگی کا سراغ لگانا ہے۔ یہ ٹیلی سکوپ پانچ سو میٹر آپیچر اسفیریکل یا فاسٹ کے نام سے قائم کی گئی ہے، تاہم عرف عام میں اسے ’اسکائی آئی‘ یا ’آسمان کی آنکھ‘ پکارا جاتا ہے۔ اس کا کل حجم فٹ بال کے تیس میدانوں کے برابر ہے۔ یہ دوربین جنوبی مغربی چینی صوبے گوئی زو میں نصب کی گئی ہے۔ سائنس دانوں کو امید ہے کہ اس دوربین کی مدد سے غیرمعمولی سائنسی ڈیٹا جمع ہو گا، جب کہ اگلے تین سے پانچ برسوں میں یہ دوربین گریویٹینشل ویوز اور انٹرسٹیلر مالیکیولز سے متعلق بھی مفید معلومات مہیا کر سکے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے