10 موبائل فون ایپس جو آپ کی زندگی بہتر بنا دیں گی

appsموجودہ زمانے کے انسان کی ایک منفرد خصوصیت یہ بھی ہے کہ وہ اپنے آپ کو بہتر سے بہتر بنانا چاہتا ہے۔

اس دور کا انسان ماضی کے ہر دور کے انسان سے بڑھ کر اس کھوج میں ہے زندگی کے تمام مسائل اور رکاوٹوں کا مقابلہ کر کے اپنے آپ کو فاتحِ زمانہ کہلوا سکے۔ کامیابی کے حصول اور بہتر زندگی کے لیے جدوجہد اس جدید تر زمانے کے انسان کے دو نمایاں اوصاف ہیں۔

سمارٹ فون کی ایجاد نے مزید ضمنی ایجادات کی راہیں کھول دی ہیں۔ ماہرین سمارٹ فونوں کے لیے جو خصوصی پروگرام بناتے ہیں انہیں ایپلی کیشن کا نام دیا گیا ہے جو مختصر روپ میں ’’ایپس‘‘ کہلاتی ہیں۔ جب سمارٹ فونوں اور ان کی ایپس سے پہلے کتابوں کی برتری کا زمانہ تھا تب بھی نہ صرف ترقی پذیر دنیا کے انسان بلکہ مغربی دنیا کے انسان بھی اپنی زندگیاں بہتر سے بہتر بنانے اور کامیابی کے حصول کے لیے اس موضوع پر لکھی جانے والی کتابیں، کتابچے، رسالے اور دوسرے تحریری و غیر تحریری مواد سے استفادہ کیا کرتے تھے۔سیلف ہیلپ کے موضوع پر لکھی جانے والی کتابیں کروڑوں کی تعداد میں فروخت ہوتی ہیں۔

یہ شعبہ مغرب میں تو ’’سیلف ہیلپ انڈسٹری‘‘ کا نام پا چکا ہے۔ اب ایپس کی دنیا میں بھی سیلف ہیلپ کا چلن ہونے لگا ہے۔ ایسی ایپس بنائی جا رہی ہیں جنہیں سمارٹ فون پراستعمال کر کے زندگی کو زیادہ کامیاب، آسان اور خوش گوار بنایا جا سکتا ہے۔ روسی فلسفی اور ناول نویس لیو ٹالسٹائی نے کہا تھا، ’’ہر فرد نوعِ انسان کو تبدیل کرنے کا سوچتا ہے مگر اپنے آپ کو تبدیل کرنے کا کوئی نہیں سوچتا۔‘‘ ٹالسٹائی کی یہ بات بالکل صحیح ہے کہ تبدیلی کا آغاز انسان کے اپنے اندر سے ہوتا ہے۔ گویا یہ بات درست ہے کہ آپ جو تبدیلی دنیا میںدیکھنا چاہتے ہیں، آپ خود وہ تبدیلی بن جائیں یعنی پہلے اپنے اندر تبدیلی لائیں۔ سیلف ہیلپ انڈسٹری انہی لوگوں کے سہارے چلتی ہے جنہیں اپنے آپ کو تبدیل کرنے کا جنون ہوتا ہے۔ اگر آپ کا شمار بھی ایسے افراد میں ہوتا ہے تو یقیناً آپ ان ’’سیلف امپروونگ ایپس ‘‘ سے استفادہ کرنا ضرور پسند کریں گے۔

ماہرین نے یہ ایپس اس مقصد کے تحت بنائی ہیں کہ آپ ان کی مدد سے اپنے اہداف حاصل کر سکیں، اپنے مسائل حل کر سکیں، سکون حاصل کر سکیں، اپنی خوشی اور اپنی ذہانت میں اضافہ کر سکیں۔

1۔ لفٹ آئی فون بنانے والی کمپنی ایپل نے یہ ایپ بنا کر اپنے صارفین کو مفت پیش کی ہے۔ اسے آئی ٹیونز کی ویب سائٹ سے آپ اپنے آئی فون میں ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ آپ اس ایپ کے ذریعے زندگی کو خوش گوار بنانے والی عادتیں اپنے اندرپیدا کر سکتے ہیں ۔ اس میں مختلف عنوانات کے تحت آپ کو مختلف کام روزانہ کرنا ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر ایک عنوان ہے ’’شکر ادا کرنے کے لیے تھوڑا سا وقت نکالیے۔‘‘ اس ایپ کے بارے میں آئی ٹیونز کی ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ یہ ایپ آپ کو اپنے بہترین روپ میں جینے کے قابل بناتی ہے اور آپ اس کی مدد سے اپنے اہداف و مقاصد حاصل کر سکتے ہیں۔ اس ایپ کی انفرادیت یہ ہے کہ اس میں دیے گئے منصوبے سیلف ہیلپ کے ماہرین کی مدد سے بنائے گئے ہیں۔ یہ ایپ ریکارڈ رکھتی ہے کہ آپ نے اپنے طے کردہ اہداف کو پانے اور عادتوں کو پختہ بنانے کے لیے روزانہ کیا کچھ کِیا۔ آپ ’’پروپس‘‘ کے ذریعے دوسروںکی حوصلہ افزائی بھی کر سکتے ہیں۔

2۔ ہیبٹ سٹریک یہ ایپ بھی مفت حاصل کی جا سکتی ہے۔ اس کی مدد سے بھی آپ اپنی عادتیں بہتر بنا سکتے ہیں۔ یہ ایپ ایسے سمارٹ فونوں کے لیے بنائی گئی ہے جن کا آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ ہے۔ آپ اسے گوگل پلے کی ویب سائٹ سے مفت ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

3۔ بی مائنڈر اس ایپ کا عنوان بہت دل چسپ ہے۔ بی (bee) کے لفظ نے یاد دلانے کے عمل کو نیا پن دے دیا ہے۔ اس ایپ کے تعارف میں لکھا ہے: ’’یاددہانی، ڈنک کے ساتھ!‘‘ آپ یہ ایپ بھی مفت حاصل کر سکتے ہیں۔ اس ایپ کی مدد سے آپ اپنے سمارٹ فون میں ضروری عنوانات قائم کر کے اپنی عادتیں بہتر بنا سکتے ہیں مثلاً وزن کم کرنا، تمباکو نوشی چھوڑنا، فیس بک پرتھوڑا وقت صَرف کرنا۔ اس ایپ کا ایک منفرد پہلو یہ ہے کہ اگرآپ اپنے طے کردہ ہدف کو حاصل کرنے میں ناکام رہیں تو آپ کو ڈالر ادا کرنا پڑتے ہیں۔ یہ ایپ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں آپریٹنگ سسٹمز کے لیے بنائی گئی ہے۔

4۔ ایوریسٹ یہ ایپ بھی مفت حاصل کی جا سکتی ہے۔ یہ ایپ اہداف حاصل کرنے میں مدد دینے کے لیے بنائی گئی ہے۔ اس کی مدد سے آپ اپنے اہداف کو مراحل میں بانٹ سکتے ہیں۔ ایوریسٹ آپ کو روزانہ یاد دلائے گی کہ آپ نے کسی مرحلے کو سر کر لیا ہے یا نہیں۔ آپ اس ایپ کی مدد سے تصویریں، خیالات اور اپنے پسندیدہ اقوالِ زریں بھی محفوظ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اگر آپ کو کسی دوسرے فرد کے طے کردہ مقاصد اور اس کے بنائے ہوئے مراحل پسند ہیں تو آپ انہیں خود بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ آپ ’’کامینٹس‘‘ کے ذریعے دوسروں کی حوصلہ افزائی بھی کر سکتے ہیں اور دوسرے آپ کی حوصلہ افزائی کر سکتے ہیں۔ یہ ایپ آئی فون استعمال کرنے والوں کے لیے بنائی گئی ہے۔

5۔ سوسی ڈَوٹ یہ ایپ بھی مفت حاصل کی جا سکتی ہے۔ اس ایپ کی مدد سے آپ اپنے اہداف کا تعین کر سکتے ہیں۔اس ایپ میں آپ کو ’’ڈوٹس‘‘ بنانا ہوتے ہیں۔ ڈوٹس وہ مراحل ہیں جن سے گزر کر آپ نے اپنے ہدف تک پہنچنا ہے۔ اس ایپ میں آپ جن اہداف کا تعین کر سکتے ہیں وہ وزن کم کرنے سے لے کرچینی زبان سیکھنے تک محیط ہیں۔ اس ایپ کی منفرد خصوصیت یہ ہے کہ آپ دوسرے لوگوں کو اپنے ’’ایڈوائزر‘‘ بنا سکتے ہیں۔ یہ ایڈوائزر اس وقت آپ کی مدد کرتے ہیں جب آپ کہیں پھنس گئے ہوں۔

6۔ اَن سٹک یہ ایپ بھی مفت حاصل کی جا سکتی ہے۔ یہ ایپ آپ کو مسائل حل کرنے میںمدد دیتی ہے،کام کرنے کی تحریک دیتی ہے اور جہاں کہیں بھی آپ پھنس گئے ہوں، وہاں آپ کو مشکل سے نکلنے میں مدد دیتی ہے۔آپ دوسرے لوگوں سے ٹوٹکے (ٹِپس)، مشورے اور ڈیجیٹل تربیت بھی حاصل کر سکتے ہیں۔یہ ایپ آئی پیڈ کے لیے دست یاب ہے۔

7۔ ہَیپیئر یہ ایپ بھی مفت حاصل کی جا سکتی ہے۔ اس ایپ کی منفرد خصوصیت یہ ہے کہ یہ ہر روز آپ کو اپنے مثبت لمحات تصویر یا تحریر کے ذریعے محفوظ کرنے کی سہولت دیتی ہے۔ ایک تحقیق سے پتا چلا ہے کہ اگر آپ دن میں تین مرتبہ اپنے مثبت لمحات تصویر یا تحریر کے روپ میں محفوظ کرتے ہیں تو اس سے آپ کی مجموعی خوشی میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس ایپ کی اور خصوصیت یہ ہے کہ آپ دوسرے لوگوں سے مدد بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے اس ایپ میں ’’سمائیل‘‘ اور ’’کامینٹ‘‘ کے فیچر دیے گئے ہیں۔ یہ ایپ آئی فون استعمال کرنے والوں کے لیے ہے۔

8۔ موڈ ٹیون یہ ایپ مفت دست یاب نہیں ہے۔ اس کی مدد سے آپ ڈپریشن یعنی بے جان و بے عمل کر دینے والی اداسی، ذہنی تناؤ اور اندیشگی (anxiety)پر قابو پا سکتے ہیں۔ اس ایپ کے فیچر نیورو سائنس کے ماہرین کی تحقیق کی روشنی میں ترتیب دیے گئے ہیں۔ اس تحقیق سے پتا چلا ہے کہ اگر آپ دن میں 30 منٹ ورزش کریں تو اس سے آپ کی ڈپریشن کم ہو سکتی ہے۔ یہ ایپ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں کے لیے بنائی گئی ہے۔

9۔ سٹریس چیک یہ ایپ مفت حاصل کی جا سکتی ہے۔ اس ایپ کی مدد سے آپ اپنے موبائل فون کا کیمرہ اور روشنی والا فیچر استعما ل کر کے اپنے دل کے دھڑکنے کی رفتار جانچ سکتے ہیں۔ اس کے بعد آپ سٹریس ڈاکٹر نامی ایپ استعمال کرتے ہوئے اپنے ذہنی تناؤ میں کمی لا سکتے ہیں۔ یہ ایپ اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم والے موبائل فونوں کے لیے بنائی گئی ہے۔

10۔ لیوموسٹی یہ ایپ مفت حاصل کی جا سکتی ہے۔ اس ایپ کی مدد سے آپ آن لائن دماغی تربیت کی مشقیں حل کر سکتے ہیں۔ اس سے آپ کی یادداشت، توجہ، لچک داری، مسائل حل کرنے اور کام کرنے کی رفتار میں بہتری آ سکتی ہے۔ آپ اپنی رکنیت اَپ گریڈ کر کے مزید کھیل ڈاؤن لوڈ کر سکتے اور اپنی ترقی کا جائزہ بھی لے سکتے ہیں۔ یہ ایپ آئی فون کے لیے دست یاب ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے