22 مئی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سمٹ سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ کی مون جے ان سے ملاقات[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جنوبی کوريائی صدر مون جے ان سے آج بروز منگل ملاقات کر رہے ہيں۔ مون جے ان کے دورہ امريکا کا مقصد امريکی صدر کی شمالی کوريائی صدر کم جونگ ان کے ساتھ ملاقات سے قبل مشترکہ حکمت عملی طے کرنا ہے۔ شمالی کوریا نے پچھلے ہفتے يہ دھمکی بھی دی تھی کہ يہ ملاقات منسوخ کی جا سکتی ہے۔ آج ہونے والی ملاقات ميں ٹرمپ اور مون امکاناً اسی موضوع پر تبادلہ خيال کريں گے۔ امريکی صدر کی شمالی کوريائی رہنما کے ساتھ ملاقات بارہ جون کو متوقع ہے۔

[pullquote]بھارتی پوليس کی کارروائی ميں کم از کم نو افراد ہلاک[/pullquote]

بھارتی رياست تامل ناڈو ميں تانبے کے ايک پلانٹ کی بندش کا مطالبہ کرنے والے مظاہرين پر پوليس کی فائرنگ سے کم از کم نو افراد ہلاک ہو گئے ہيں۔ تھوٹوکڈی نامی شہر ميں ماحول دوست کارکن اور مقامی شہری تين ماہ کے زائد عرصے سے احتجاج جاری رکھے ہوئے تھے تاہم منگل کے روز يہ احتجاج پر تشدد رنگ اختيار کر گيا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ يہ متنازعہ پلانٹ علاقے ميں آلودگی کا باعث ہے اور مقامی مچھيروں کے ليے بھی موزوں نہيں۔ اپوزيشن جماعت کانگريس کے رہنما راہول گاندھی نے عوام کے خلاف طاقت کے استعمال کی شديد مذمت کی ہے۔

[pullquote]صحارا ريگستان ميں قريب چار سو مہاجرين کو بچا ليا گيا[/pullquote]

بين الاقوامی ادارہ برائے مہاجرين نے آج اپنے ايک بيان ميں بتايا ہے کہ افريقہ کے صحارا ريگستان سے پچھلے ہفتے 338 تارکين وطن کو بچايا گيا تھا، جنہيں پانی و خوراک کی شديد قلت کا سامنا تھا۔ ان مہاجرين کو الجزائر کی سرحد کے قريب سے بازياب کرايا گيا۔ فی الحال ان مہاجرين کی شہريت کے بارے ميں معلومات جاری نہيں کی گئيں۔ آئی او ايم کے مطابق يہ ادارہ اس سال اب تک سرچ اينڈ ريسکيو کے اٹھارہ ايسے مشن سر انجام دے چکا ہے، جن ميں تين ہزار سے زائد پناہ گزينوں کو بچايا جا چکا ہے۔

[pullquote]فلسطینی درخواست کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، اسرائیل[/pullquote]

اسرائیل نے فلسطینیوں کی طرف سے بین الاقوامی فوجداری عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھا دیا ہے۔ فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی آبادکاری سے متعلق پالیسی اور وہاں انسانی حقوق کی مبينہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے دی ہیگ میں قائم بین الاقوامی فوجداری عدالت میں یہ درخواست آج منگل کے روز جمع کرائی ہے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق بین الاقوامی فوجداری عدالت اسرائیل فلسطین معاملے پر تحقیقات کی مجاز نہیں ہے، کیونکہ ایک تو اسرائیل اس عدالت کا رکن نہیں ہے اور دوسرا فلسطینی اتھارٹی کوئی ریاست بھی نہیں ہے۔

[pullquote]افغانستان میں بم دھماکا، درجنوں ہلاک و زخمی[/pullquote]

افغانستان کے جنوبی شہر قندھار میں ہونے والے ایک بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد ہلاک جبکہ 38 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ حکام کی جانب سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ملکی خفیہ ادارے، نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بم ایک مکینک کی ورک شاپ میں رکھا گیا تھا جو ناکارہ بنانے کی کوشش سے قبل ہی پھٹ گیا۔ تاحال کسی نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ یہ دھماکہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب طالبان کی جانب سے حملوں میں تیزی آئی ہے۔

[pullquote]نیپا وائرس کے سبب بھارت میں کم از کم 10 ہلاکتوں کی تصدیق[/pullquote]

بھارت کے جنوبی حصے میں جان لیوا نیپا وائرس کے سبب کم از کم دس ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔ بھارتی ریاست کیرالہ کے طبی حکام کے مطابق اس وائرس سے متاثر ہونے والے 10 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ دو دیگر افراد تشویشناک صورتحال میں ہیں۔ حکام کے مطابق 94 ایسے افراد کو الگ تھلگ کر کے ان کی نگہداشت کی جا رہی ہے جو مرنے والے افراد کے ساتھ رابطے میں تھے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق نیپا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں سے 70 فیصد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں جبکہ اس سے بچاؤ کی کوئی ویکسین بھی نہیں ہے۔

[pullquote]اسرائیلی فضائیہ ایف 35 جنگی طیارے استعمال کر رہی ہے[/pullquote]

اسرائیل پہلا ایسا ملک بن گیا ہے جس نے امریکا کا تیار کردہ انتہائی جدید اور راڈار پر نظر نہ آنے والا ایف – 35 طیارہ جنگی مشن میں استعمال کیا ہے۔ یہ بات اسرائیلی ایئر فورس کے سربراہ نے آج منگل کے روز بتائی ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق میجر جنرل امیکام نورکن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فضائیہ پورے مشرق وُسطیٰ پر ایف 35 طیاروں کی پرواز کر رہی ہے اور دو مختلف محاذوں پر انہیں حملوں کے لیے بھی استعمال کر چکی ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا کے جوہری تجرباتی مرکز کا خاتمہ، بین الاقوامی میڈیا شمالی کوریا پہنچ گیا[/pullquote]

غیر ملکی صحافیوں کا ایک چھوٹا گروپ آج منگل کے روز شمالی کوریا پہنچ گیا ہے جو اس کمیونسٹ ریاست کے جوہری تجربات کے مرکز کے خاتمے کی رپورٹنگ کرے گا۔ پیونگ یانگ نے زیر زمین جوہری تجربات اور بین البراعظمی میزائلوں کے تجربات روکنے کے وعدے پر عملدرآمد کی محدود کوریج کی اجازت دی ہے۔ شمالی کوریائی رہنما کِم جونگ اُن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات سے قبل پیونگ یانگ نے خیر سگالی کے طور پر یہ اعلان یکطرفہ طور پر کیا تھا۔ یہ ملاقات 12 جون کو سنگاپور میں طے ہے۔

[pullquote]تہران کے خلاف سخت ترین پابندیاں عائد کر دیں گے، امریکا[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے دھمکی دی ہے کہ امریکا ایران کے خلاف تاریخ کی سخت ترین پابندیاں عائد کر سکتا ہے۔ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ اگر تہران نے اپنی ملٹری اور علاقائی پالیسیوں میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں نہ کیں تو اسے تاریخ کی سخت ترین پابندیوں کا سامنا کرنا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تہران میں موجود رہنماؤں کو امریکا کے اس معاملے میں سنجیدہ ہونے میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔ دوسری طرف ایرانی صدر حسن روحانی نے اس دھمکی کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا آج یہ تسلیم نہیں کرتی کہ امریکا پوری دنیا یا ایران کے بارے میں فیصلے کرے۔

[pullquote]جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاستیں دنیا کو دھمکا رہی ہیں، تُرک صدر[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے جوہری ہتھیار رکھنے والے ممالک پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ دنیا کو دھمکا رہے ہیں۔ ایک افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر کا مزید کہنا تھا کہ پندرہ ہزار سے زائد جوہری ہتھیار رکھنے والے ممالک جب نیوکلیئر پاور اسٹیشنز کو ایک خطرے کے طور پر ظاہر کرتے ہیں تو بین الاقوامی برادری میں ان کی کوئی ساکھ باقی نہیں رہ جاتی۔ تُرک صدر نے مشرق وسطٰی کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ خیال رہے کہ مشرق وُسطیٰ میں جوہری ہتھیار صرف اسرائیل ہی کے پاس ہیں حالانکہ وہ اعلانیہ اسے تسلیم نہیں کرتا۔

[pullquote]ایرانی جوہری معاہدہ، جرمنی وزیر خارجہ کی مائیک پومپیو سے ملاقات[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہا ہے کہ وہ ایرانی جوہری معاہدے کے معاملے پر بات چیت کے لیے اپنے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات کریں گے۔ ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں جی ٹونٹی کے اجلاس کے موقع پر جرمن وزیر خارجہ نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ کل بدھ کے روز مائیک پومپیو سے ملاقات کے لیے واشنگٹن جائیں گے اور ان سے ایرانی جوہری معاہدے کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔ امریکا نے گزشتہ روز کہا تھا کہ تہران کو اپنی فوجی اور علاقائی پالیسیوں میں بڑی تبدیلیاں لانا ہوں گی ورنہ اس کے خلاف سخت ترین پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔

[pullquote]اوباما نیٹ فلکس کو پروگرام فراہم کریں گے، معاہدہ طے پا گیا[/pullquote]

سابق امریکی صدر باراک اوباما اور ان کی اہلیہ مشیل اوباما آن لائن اسٹریمنگ کے لیے نیٹ فلکس کو پروگرام فراہم کریں گے۔ نیٹ فلکس کی طرف سے یہ اعلان گزشتہ روز کیا گیا۔ باراک اور مشیل اوباما نے اس مقصد کے لیے ایک میڈیا کمپنی تشکیل دی ہے جسے ہائیر گراؤنڈ پراڈکشنز کا نام دیا گیا ہے۔ کئی برسوں پر محیط اس معاہدے کے مطابق سابق امریکی صدر اور ان کی اہلیہ کی کمپنی نیٹ فلکس کو فلمز اور سیریز کے علاوہ ڈاکومنٹریز اور فیچرز بھی فراہم کرے گی۔ باراک اوباما سن 2009 سے سن 2017 تک امریکا کے صدر رہے ہیں۔

[pullquote]افغان: طالبان کے حملے میں کم از کم 14 پولیس اہلکار ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے مشرقی صوبہ غزنی میں طالبان کے حملوں میں کم از کم 14 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ غزنی کی صوبائی کونسل کے رُکن حسن رضا یوسفی کے مطابق ضلع دہ یَک میں سات پولیس اہلکار مارے گئے جن میں ضلعی پولیس کے سربراہ اور ریزرو پولیس کمانڈر بھی شامل ہیں۔ سات دیگر پولیس اہلکار ضلع جغتو میں طالبان کے حملے کا نشانہ بنے۔ یوسفی کے مطابق ان حملوں کا آغاز پیر کی شب ہوا جو آج منگل کی صبح تک جاری تھے۔ صوبائی کونسل کی سربراہ لطیفہ اکبری نے ہلاکتوں کی تعداد 20 سے زائد بتائی ہے۔ طالبان نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

[pullquote]نیپا وائرس کے سبب بھارت میں پانچ افراد ہلاک[/pullquote]

بھارت کے جنوبی حصے میں جان لیوا نیپا وائرس کے سبب کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ بھارتی ریاست کیرالہ کے طبی حکام کے مطابق پانچ افراد کی نیپا وائرس کے سبب ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ حکام نے 94 ایسے افراد کو الگ تھلگ کر کے ان کی نگہداشت کی جا رہی ہے جو مرنے والے افراد کے ساتھ رابطے میں رہے تھے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق نیپا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں سے 70 فیصد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں جبکہ اس سے بچاؤ کی کوئی ویکسین بھی نہیں ہے۔

[pullquote]یمنی شہر مارِب میں حوثی باغیوں کے میزائل حملے میں پانچ افراد ہلاک 22 زخمی[/pullquote]

خانہ جنگی کے شکار ملک یمن کے شہر مارِب میں حوثی باغیوں کے ایک میزائل حملے کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک جبکہ 22 دیگر زخمی ہو گئے۔ یمنی نیوز ایجنسی SABA کے مطابق ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی طرف سے مارب شہر کے مرکزی حصے کی ایک معروف مارکیٹ پر یہ میزائل داغا گیا۔ مارب شہر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ صدر منصور ہادی کی حکومت کے کنٹرول والے علاقے میں واقع ہے۔

[pullquote]فلسطینی وزیر خارجہ، اسرائیل کے خلاف تحقیقات کے لیے بین الاقوامی فوجداری عدالت پہنچ گئے[/pullquote]

فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی دی ہیگ میں قائم بین الاقوامی فوجداری عدالت پہنچ گئے ہیں۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق وہ اس عالمی عدالت سے فلسطینی مقبوضہ علاقوں میں یہودی آباد کاری کے خلاف فوری تحقیقات شروع کرنے کا مطالبہ کریں گے۔ عالمی فوجداری عدالت 2015ء سے فلسطینی علاقوں میں مبینہ جرائم کے خلاف ابتدائی تحقیقات کا سلسلہ شروع کیے ہوئے ہے۔ تحقيقات میں اسرائیل کی آباد کاری پالیسی اور 2014ء کے غزہ تنازعے میں فریقین کی طرف سے کیے جانے والے مبینہ جرائم کے معاملات بھی شامل ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے