جمعۃالمبارک:06 دسمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمن چانسلر آؤشوٹس پہنچ گئیں[/pullquote]

انگیلا میرکل آج جمعہ چھ دسمبر کو سابقہ نازی اذیتی کیمپ آؤشوٹس کے دورے پر پہنچ گئی ہیں۔ وہ چانسلرشپ کے چودہ برسوں میں پہلی مرتبہ اس اذیتی مرکز گئی ہیں۔ میرکل وہ تیسری جرمن چانسلر ہیں جو اس سابقہ حراستی کیمپ کے دورے پر ہیں۔ اُن کا دورہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جرمنی کو سامیت دشمنی میں اضافے کا سامنا ہے۔ اس اذیتی مرکز میں نازی دورِ حکومت میں پندرہ لاکھ انسانوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اس اذیتی مرکز کا سب سے پہلا دورہ چانسلر ہیلموٹ شمٹ نے سن 1977 میں کیا تھا۔

[pullquote]شمالی افغانستان میں گیارہ پولیس اہلکاروں کی ہلاکت[/pullquote]

افغان سکیورٹی حکام نے تصدیق کی ہے کہ شمالی صوبے قندوز کی دو چیک پوسٹوں پر طالبان عسکریت پسندوں کے حملوں میں کم از کم گیارہ پولیس اہلکار مارے گئے ہیں۔ ان حملوں میں چار پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ جن چیک پوسٹوں پر حملے کیے گئے، وہ صوبہ قندوز کے ضلعے امام صاحب میں قائم ہیں۔ دو صوبائی کونسلروں نے بھی نیوز ایجنسی روئٹرز کو پولیس اہلکاروں کے مارے جانے کا بتایا ہے۔ ایک کونسلر کے مطابق عسکریت پسند ایک چیک پوسٹ پر حملے کے بعد تین اہلکاروں کو جبراً اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ امام صاحب کا ضلع وسطی ایشیائی ریاست تاجکستان کی سرحد پر واقع ہے۔

[pullquote]روسی اور یوکرائنی صدور کے درمیان پہلی ملاقات نو دسمبر کو ہو گی[/pullquote]

روس کے صدر ولادیمیر پوٹن کی اپنے یوکرائنی ہم منصب وولودومیو زیلینسکی کے ساتھ پہلی ملاقات پیر نو دسمبر کو ہو گی۔ اس ملاقات کو ممکن بنانے کے ليے جرمنی اور فرانس نے سفارتی سطح پر کافی کوششيں کيں۔ دونوں صدور کی ملاقات منسک سمجھوتے کا تسلسل خیال کی گئی ہے۔ اس ملاقات میں یوکرائنی علاقوں ڈونیٹسک اور لوہانسک میں علیحدگی پسندوں کی کارروائیوں کو روکنا اہم قرار دیا گیا ہے۔ یوکرائنی حکومت کو یقین ہے کہ مشرقی حصے کے علیحدگی پسندوں کو روس کی جانب سے اقتصادی اور فوجی امداد و حمایت حاصل ہے۔ اندازوں کے مطابق دونوں لیڈروں کی کوشش ہو گی کہ دو طرفہ تعلقات میں بھی بہتری لائی جائے۔

[pullquote]ترکی اور روس کے درمیان نئے دفاعی میزائل معاہدے کے لیے مذاکرات[/pullquote]

روس کی فوجی تعاون کی حکومتی ایجنسی نے بتایا ہے کہ ترکی کے ساتھ دفاعی میزائل نظام ایس فور ہنڈرڈ (S-400) کی ایک نئی ڈیل پر بات چیت شروع ہو گئی ہے۔ اس ڈیل کے طے پانے پر روس ترکی کو مزید ایس فور ہنڈرڈ میزائل نظام فراہم کرے گا۔ یہ نظام اگلے برس کے پہلے چھ ماہ میں فراہم کیے جانے کا قوی امکان ہے۔ یہ بات عسکری سامان برآمد کرنے والے ماسکو حکومت کے ادارے روسو بورون ایکسپورٹ کے سربراہ نے بتائی ہے۔ رواں برس روس کی جانب سے ایس فور ہنڈرڈ میزائل سسٹم کی فراہمی پر امریکا اور ترکی کے باہمی تعلقات سرد مہری کا شکار ہو چکے ہیں۔

[pullquote]معاشی کرپشن پر نیروبی صوبے کے گورنر کی گرفتاری کا حکم[/pullquote]

افریقی ملک کینیا کے دفتر استغاثہ کے سربراہ نور دین حاجی نے ملکی دارالحکومت نیروبی کے نام والے صوبے کے گورنر کو معاشی جرائم کا ارتکاب کرنے پر گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ دفتر استغاثہ نے گورنر کے ساتھ ساتھ کئی دوسرے صوبائی حکومتی اہلکاروں کی حراست کے وارنٹ بھی جاری کیے ہیں۔ اس حوالے سے نور دین حاجی نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ گورنر مبووی سونکو کے معاشی جرائم سرزد کرنے کے کافی اور ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ اس بیان میں انہوں نے مزید بتایا کہ بدعنوانی کے سنگین الزامات کے تناظر میں بعض تاجروں کو بھی حراست میں لیا جائے گا۔ ان کاروباری اور حکومتی افراد پر عائد کرپشن الزامات میں منی لانڈرنگ بھی شامل ہے۔

[pullquote]لیبیا کے سفیر کو بیدخل کر دیں گے، یونانی حکومت[/pullquote]

یونانی حکومت نے کہا ہے کہ ترکی اور لیبیا کے درمیان سمندری حدود پر طے پانے والی ڈیل کے تناظر میں ایتھنز میں متعین لیبیائی سفیر کو بیدخل کر دیا جائے گا۔ اس ڈیل کے تناظر میں ترک صدر کے ترجمان نے کہا تھا کہ انقرہ حکومت کی سمندری حدود لیبیا تک پہنچ گئی ہے۔ اس سمندری سمت میں یونانی جزیرہ کریٹ بھی واقع ہے۔ اس حدود کو وسعت دینے پر یونانی حکومت نے شدید احتجاج کیا ہے۔ یونانی وزیر خارجہ کے مطابق لیبیا کے سفیر کی بیدخلی سے مراد سفارتی تعلقات کو منقطع کرنا نہیں ہے۔ انقرہ اور طرابلس کی حکومتوں کے درمیان ڈیل ستائیس نومبر کو طے پائی تھی۔

[pullquote]ایرانی جوہری ڈیل، ويانا ميں فریقین کی خصوصی میٹنگ[/pullquote]

ایرانی جوہری ڈیل پر دستخط کرنے والے ممالک کی ایک میٹنگ آج جمعے کو آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ہو رہی ہے۔ یہ میٹنگ ایسے وقت پر ہو رہی ہے، جب سن 2015 میں طے پانے والی ڈیل پوری طرح ختم ہونے کے قریب پہنچ چکی ہے۔ تہران حکومت ڈیل میں طے کی گئی شرائط کی مسلسل خلاف ورزی جاری رکھے ہوئے ہے۔ چھ دسمبر کی میٹنگ میں فرانس، برطانیہ، جرمنی، چین اور روس کے نمائندے شریک ہيں۔ ایران نے رواں برس مئی سے یورینیئم افزودہ کرنے کا عمل جاری رکھا ہوا ہے۔ اس مناسبت سے ایرانی حکومت اگلے برس جنوری میں مزید اقدامات بھی کرنے والی ہے۔ جوہری ڈیل پر دستخط کرنے والے ممالک کی آخری میٹنگ رواں برس جولائی میں ہوئی تھی۔ امریکا اس ڈیل سے علیحدگی اختیار کر چکا ہے۔

[pullquote]مواخذے کے عمل میں تیزی لائی جائے گی، ہاؤس اسپیکر[/pullquote]

امریکی کانگریس کے ایوانِ نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے شقیں جلد ہی طے کر لی جائیں گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹرمپ کے رویوں سے ایسا کچھ نہیں رہ گیا، سوائے اس کے کہ اُن کے خلاف جلد از جلد کارروائی کی جائے ورنہ امکان ہے کہ وہ نظام کو کرپٹ کر سکتے ہيں۔ پیلوسی کے مطابق اب کانگریس کے عمل کرنے کا وقت ہے کیونکہ صدر نے ملکی دستور کے منافی اقدامات کیے ہیں۔ دوسری جانب صدر ٹرمپ اور ری پبلکن پارٹی کے کئی اراکین مواخذے کے عمل کوجانبدارانہ اور جھانسہ قرار دیتے ہیں۔ ٹرمپ کا موقف ہے کہ انہوں نے کچھ بھی غلط نہیں کیا۔

[pullquote]ٹرمپ کے بيانات نے نفرت کی لہر پیدا کی، شمالی کوریا[/pullquote]

امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان تلخ بیانات کا تبادلہ پھر سے شروع ہو گیا ہے۔ شمالی کوریائی وزیر خارجہ چو سون ہوئی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پر تنقید کی ہے، جس میں انہوں نے کمیونسٹ ملک کے خلاف فوجی طاقت کے استعمال کا امکان ظاہر کیا تھا۔ اسی بیان میں ٹرمپ نے شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ اُن کو ایک مرتبہ پھر ’راکٹ مین‘ قرار دیا تھا۔ چو سون ہوئی نے یہ بھی کہا کہ امریکی صدر کے تازہ بیان سے شمالی کوریائی عوام میں امریکا اور اس کی عوام کے خلاف نفرت کی لہر میں شدید اضافہ ہوا ہے۔ دو برس قبل بھی امریکی صدر اور شمالی کوریائی لیڈر کے درمیان تلخ بیانات کا تبادلہ ہو چکا ہے۔

[pullquote]سوڈانی وزیراعظم امریکا کے غیر معمولی دورے پر[/pullquote]

سوڈان کے نئے سویلین وزیراعظم عبداللہ حمدوک نے کہا ہے کہ امریکی دورے کے دوران وہ اپنے ملک کو بلیک لسٹ قرار دیے گئے ممالک کی فہرست میں سے خارج کیے جانے کے سلسلے میں پیش رفت دیکھ رہے ہیں۔ امریکا نے سوڈان کو دہشت گردی کی حمایت کرنے والا ملک قرار دے کر بلیک لسٹ قرار دے رکھا ہے۔ رواں ہفتے بدھ کے روز امریکا نے سوڈان کے ساتھ اپنے مکمل سفارتی تعلقات بحال کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ سن 1985 کے بعد عبداللہ حمدوک امریکا کا دورہ کرنے والے پہلے سوڈانی وزیراعظم ہیں۔ حمدوک وزیراعظم بننے سے قبل ایک سفارت کار اور اقوام متحدہ سے بھی وابستہ رہ چکے ہیں۔

[pullquote]بھارتی پولیس نے گینگ ریپ کے چار مشتبہ ملزمان کو ہلاک کر دیا[/pullquote]

جنوبی بھارت میں گینگ ریپ کے چار مشتبہ ملزمان کو پولیس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ یہ چاروں پولیس کی حراست میں تھے اور ان پر باضابطہ طور پر فرد جرم بھی عائد نہیں کی گئی تھی۔ پولیس ان چاروں کو اُس جگہ لے کر گئی جہاں گینگ ریپ کے بعد خاتون کو جلا کر ہلاک کیا گیا تھا۔ ایک پولیس اہلکار نے نام مخفی رکھتے ہوئے بتایا کہ جائے وقوعہ پر پہنچنے کے بعد ایک مشتبہ ملزم نے پولیس پارٹی سے اسلحہ چھیننے کی کوشش کر کے فرار ہونے کی کوشش کی تو اس کشمکش میں فائر کھولنا پڑ گیا تھا۔ گزشتہ ہفتے گینگ ریپ کی شکار ستائیس سالہ خاتون کی جلی ہوئی نعش حیدرآباد شہر کے ایک انڈر پاس میں سے ملی تھی۔

[pullquote]انٹرنیشنل خلائی اسٹیشن کے لیے روسی خلائی جہاز روانہ ہو گیا[/pullquote]

روس کا سامان بردار خلائی جہاز جمعہ چھ دسمبر کو بین الاقوامی خلائی مرکز کے لیے روانہ ہو گیا ہے۔ اس خلائی جہاز پر ایک خصوصی کمپیوٹر سسٹم آئیکارس روانہ کیا گیا ہے۔ یہ کمپیوٹر سسٹم جرمنی اور روس کے ماہرین نے تیار کیا ہے۔ خلائی جہاز سابقہ سوویت یونین کی جمہوریہ قزاقستان میں واقع بیکانور کاسموڈروم سے روانہ کیا گیا۔ خلائی مرکز کے لیے ڈھائی ٹن مختلف قسم کا سامان روانہ کیا گیا ہے۔ اِس سامان میں خلائی اسٹیشن پر موجود خلا بازوں کے لیے خوراک اور ایندھن بھی بھیجا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے