پیر : 09 دسمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]گيارہ فرانسيسی نژاد شدت پسندوں کی فرانس منتقلی[/pullquote]

ترکی نے شام سے حراست ميں ليے گئے غير ملکی جہاديوں کی ان کے آبائی ممالک واپسی سے متعلق اپنے پروگرام کے تحت گيارہ فرانسيسی شدت پسندوں کو ان کے ملک روانہ کر ديا ہے۔ ترک وزارت داخلہ نے پير کو اس بارے ميں اعلان کيا تاہم مزيد کوئی تفصيل نہيں بتائی۔ فرانسيسی وزارت داخلہ نے فی الحال اس پيشرفت پر کوئی رد عمل ظاہر نہيں کيا ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق ان گيارہ افراد ميں چار خواتین اور سات بچے شامل ہيں۔ شمالی شام ميں ترکی کی حاليہ فوجی کارروائی کے بعد سے ترکی نے غير ملکی شدت پسندوں کی ان کے آبائی ممالک واپسی کا عمل شروع کر رکھا ہے۔

[pullquote]چين: تمام غير ملکی سافٹ ويئر و ساز و سامان ہٹانے کا حکم[/pullquote]

چينی حکومت نے تمام سرکاری دفاتر و محکموں کو ہدايت جاری کی ہے کہ وہ آئندہ تين برسوں کے اندر اندر اپنے ہاں موجود تمام تر غير ملکی کمپيوٹر ساز و سامان اور سافٹ ويئر ہٹا ديں۔ چينی فنانشل ٹائمز اخبار ميں اس بارے ميں آج چھپنے والی رپورٹ کے مطابق يہ حکم برسر اقتدار کميونسٹ پارٹی کی مرکزی کمان کی جانب سے جاری کيا گيا ہے۔ يہ پيش رفت چينی ٹيکنالوجی کمپنی ہواوے کے ساتھ امريکا کے برتاؤ کے تناظر ميں سامنے آئی ہے۔ چين غير ملکی ساز و سامان اور سافٹ ويئر کے متبادل کے طور پر چينی مصنوعات چاہتا ہے۔

[pullquote]نيوزی لينڈ ميں آتش فشاں پھٹنے کے بعد کئی افراد لاپتہ[/pullquote]

نيوزی لينڈ ميں ايک آتش فشاں پھٹنے سے کم از کم پانچ افراد کی ہلاکت کی تصديق ہو چکی ہے جبکہ کئی افراد ابھی تک لاپتہ ہيں۔ يہ آتش فشاں ايک معروف سياحتی جزيرے وائٹ آئی لينڈ پر پير کی صبح پھٹا اور اس کے نتيجے ميں وہاں افراتفری پھيل گئی۔ حکام نے بتايا ہے کہ جس وقت يہ قدرتی آفت رونما ہوئی، اس وقت تقريباً پچاس سياح جزيرے پر موجود تھے تاہم صرف تيئس کی واپسی ممکن ہوئی۔ نتيجتاً حکام نے ہلاک شدگان اور زخميوں کی تعداد ميں اضافے کا خدشہ ظاہر کيا ہے۔ حکام نے يہ بھی بتايا کہ فی الحال امدادی کارروائيوں کے ليے حالات سازگار نہيں۔

[pullquote]’ايران امريکا کے ساتھ قيديوں کا تبادلہ چاہتا ہے، مذاکرات نہيں‘[/pullquote]

ايران اپنے روايتی حريف ملک امريکا کے ساتھ قيديوں کے تبادلے کے عمل کو مزيد وسعت دينا چاہتا ہے تاہم مذاکرات ميں کوئی دلچسپی نہيں رکھتا۔ يہ بيان ايرانی حکومت کے ترجمان علی رابعی نے پير کو ديا۔ ترجمان نے تہران ميں صحافيوں سے بات چيت کرتے ہوئے واضح کيا کہ کسی بھی اور معاملے پر بات چيت چھ ممالک کے فريم ورک کے تحت ہی ممکن ہو گی۔ ان کا اشارہ جوہری ڈيل ميں شريک ممالک کی طرف تھا۔ ايران اور امريکا کے مابين بلا واسطہ ثالثی کے بعد سوئٹزرلينڈ ميں گزشتہ ويک اينڈ پر قيديوں کا تبادلہ عمل ميں آيا۔

[pullquote]شمالی کوريائی سينئر اہلکار کا امريکی صدر کے حوالے سے متنازعہ بيان[/pullquote]

شمالی کوريا کے ايک سينئر اہلکار نے امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کےحوالے سے توہين آميز بيان جاری کيا ہے۔ برسر اقدار جماعت کے نائب چيئرمين کم يونگ چول نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ليے ’خبتی بوڑھے آدمی‘ کی اصطلاح استعمال کی۔ انہوں نے ٹرمپ کو ’بے چين اور صبر نہ کرنے والا‘ بھی قرار ديا۔ علاوہ ازيں سيلائٹ سے حاصل کردہ تصاوير سے ايسا معلوم ہوتا ہے کہ شمالی کوريا نے ايک راکٹ انجن کا تجربہ بھی کيا۔ پيونگ يانگ اور واشنگٹن کے مابين مذاکرات کا عمل تعطلی کا شکار ہے اور پچھلے کچھ عرصے ميں سامنے آنے والی اب تک کی يہ شديد ترين اشتعال انگيزی ہے۔ فی الحال اس پر امريکا کا رد عمل سامنے نہيں آيا ہے۔

[pullquote]عراق ميں امريکی فوجيوں پر حملوں کی تعداد ميں اضافہ[/pullquote]

عراقی دارالحکومت بغداد کے بين الاقوامی ہوائی اڈے کے قريب واقع ايک فوجی کمپليکس پر پير کی صبح متعدد راکٹ داغے گئے ہيں۔ اس حملے ميں اب تک چھ عراقی فوجيوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ جس فوجی کمپليکس پر راکٹ حملہ کيا گيا، اس ميں امريکی دستے بھی تعينات ہيں۔ امريکی سکيورٹی دستوں نے حملے کی ذمہ داری ايرانی حمايت يافتہ گروپوں پر عائد کی ہے۔ عراق ميں پچھلے چھ ہفتوں کے دوران مختلف مقامات پر امريکی دستوں پر نو مختلف حملے کيے جا چکے ہيں۔

[pullquote]مشرقی یوکرائن میں قیام امن، پیرس میں اہم اجلاس[/pullquote]

مشرقی یوکرائن میں قیام امن کے لیے آج پیر کو فرانسیسی دارالحکومت میں ایک اہم سربراہی اجلاس ہو رہا ہے۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں اور جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی ميزبانی ميں منعقد کیے جانے والے اس اجلاس میں روسی صدر ولادی میر پوٹن کے ساتھ ساتھ یوکرائنی سربراہ مملکت وولوودومیر زیلنسکی بھی شریک ہو رہے ہیں۔ یہ پوٹن اور زیلنسکی کی پہلی براہ راست ملاقات ہو گی۔ تاہم ماہرین نے کہا ہے کہ اس اجلاس میں پیش رفت اسی وقت ممکن ہو گی، جب روس اور یوکرائن اس علیحدگی پسند خطے میں علاقائی انتخابات کرانے پر رضامند ہوتے ہیں۔

[pullquote]تجارتی جنگ سے چين کی چھوٹی کمپنياں متاثر ہوئيں، يورپی گروپ[/pullquote]

ايک يورپی بزنس گروپ نے اپنے ايک تازہ مطالعے ميں بتايا ہے کہ امريکی و چينی تجارتی جنگ کا خميازہ چين ميں چھوٹی کمپنياں بھگت رہی ہيں جبکہ بڑی کمپينوں کو زيادہ فرق نہيں پڑھ رہا۔ ’يورپی يونين چيمبر آف کامرس ان چائنا‘ کے مطابق دونوں ممالک کی جانب سے ايک دوسرے کی اشياء پر اضافی محصولات کے اعلان سے کاروبار متاثر ہوئے ہيں۔ اس چيمبر کے سربراہ نے بتايا کہ چين ميں تمام کمپنيوں کو خدشہ ہے کہ يہ تجارتی جنگ جاری رہے گی اور اس ضمن ميں فيصلہ ساز اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

[pullquote]بھارتی دارالحکومت ميں آگ پر قابو پا ليا گيا[/pullquote]

بھارت دارالحکومت نئی دہلی ميں اس آگ پر قابو پا ليا گيا ہے، جو تيتاليس افراد کی ہلاکت کا سبب بنی۔ آگ بجھانے والے محکمے کو پير کی صبح اسی عمارت کے بارے ميں ايک کال موصول ہوئی، جس ميں ايک روز قبل آگ بھڑکی تھی۔ اتوار کو ايک اليکٹرک شارٹ سرکٹ کے نتيجے ميں ايک عمارت ميں آگ بھڑک اٹھی تھی۔ اس عمارت ميں متعدد کمپنياں غير قانونی طور پر کام کر رہی تھيں۔ اس حادثے ميں تينتاليس افراد مارے گئے تھے۔ دريں اثناء پوليس نے متاثرہ فيکٹری کے مالک اور مينيجر کو گرفتار کر ليا ہے۔

[pullquote]سنکيانگ ميں کئی لوگوں نے گريجوئيشن مکمل کر لی، چين[/pullquote]

چينی حکام نے دعوی کيا ہے کہ سنکيانگ ميں ’تعليمی مراکز‘ سے تمام افراد گريجوئيشن مکمل کر چکے ہيں اور اب معمول کی زندگياں گزار رہے ہيں۔ دوسری جانب ايغور اور ديگر نسل کے مقامی مسلمانوں کا کہنا ہے کہ ان کے اہل خانہ اب بھی حراست ميں ہيں۔ واضح رہے کہ بين الاقوامی برادری سنکيانگ ميں انہیں حراستی مراکز قرار دیتی ہے اور وہاں تقريباً ايک ملين ايغور مسلمان قيد ہيں۔ ايسا مانا جاتا ہے کہ ان افراد کو مذہب سے دور کرنے کے مقصد سے يہ کيمپ چلائے جا رہے ہيں۔

[pullquote]موسمياتی تبديلياں اور ٹيکنالوجی سياسی عدم استحکام کا سبب، اقوام متحدہ[/pullquote]

موسمياتی تبديليوں اور ٹيکنالوجی کے سبب پيدا ہونے والی عالمی سطح پر عدم مساوات کی اگر کڑی نگرانی نہ کی گئی، تو يہ مختلف خطوں ميں سياسی عدم استحکام اور تشدد کا سبب بن سکتی ہے۔ اقوام متحدہ نے پير کو جاری کردہ اپنی ايک تازہ رپورٹ ميں يہ تنبيہ کی ہے۔ يو اين ڈی پی کے مطابق آمدنی اور دولت کے بجائے، ٹيکنالوجی اور موسمياتی تبديلياں تقسيم کا سبب بن رہی ہيں۔ ادارے کے ايڈمنسٹريٹر يوآخم اسٹائنر کے بقولو اگر ان پر قابو نہ پايا گيا، تو يہ مستقبل ميں خطرہ ثابت ہو سکتے ہيں۔

[pullquote]سعودی مرد اور خواتین ریستورانوں میں اب ایک ہی دروازے سے داخل ہو سکیں گے[/pullquote]

سعودی عرب میں خواتین اور مردوں کو اب ایک ہی دروازے سے ریستوران میں داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ سعودی وزارت برائے بلدیات اور دیہی امور نے اس پابندی کو ختم کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا۔ اس سے قبل اس قدامت پسند ملک میں خواتین اور اپنے اہل خانے کے ساتھ ریستوران آنے والوں اور تنہا مردوں کے لیے الگ الگ دروازے ہوا کرتے تھے۔ اس پابندی کا تفریحی پارکوں اور شادی ہالوں میں بھی خاتمہ کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]لڑکيوں کی تعليم کے فروغ کے ليے ميشل اوباما ويت نام ميں[/pullquote]

سابق امريکی صدر باراک اوباما کی اہليہ ميشل اوباما نامور اداکارہ جوليا روبرٹس کے ساتھ پير کو ويت نام کے دورے پر ہيں۔ ان کے اس دورے کا مقصد ويت نام ميں لڑکيوں کی تعليم کو فروغ دينا ہے اور اس دورے پر ايک بڑا وفد بھی ان کے ہمراہ ہے۔ سابق صدر کی اہليہ يہ دورہ اوباما فاؤنڈيشن کے تحت کر رہی ہيں، جو دنيا بھر ميں لڑکيوں کی تعليم کے ليے سرگرم ہے۔ يہ وفد آئندہ ہفتے ملائيشيا بھی جائے گا۔

[pullquote]واڈا کی جانب سے روس پر پابنديوں کا اعلان[/pullquote]

ورلڈ اينٹی ڈوپنگ ايجنسی (WADA) نے روسی کھلاڑيوں کی آئندہ اولمپکس اور ديگر کئی بين الاقوامی ٹورنامنٹس ميں شرکت ممنوع قرار دے دی ہے۔ ايجنسی نے يہ فيصلہ پير کو سنايا۔ واڈا کی ايگزيکيٹوو کميٹی تفتيش کے بعد اس نتيجے پر پہنچی کہ ماسکو حکومت نے ڈوپنگ ٹيسٹ کے حوالے سے کھلاڑيوں کے ليبارٹری ٹيسٹوں کے نتائج ميں رد و بدل کی اور اسے کے نتيجے ميں يہ پابندی عائد کی گئی ہے۔ آئندہ سال منعقد ہونے والے ٹوکيو اولمپکس ميں روسی پرچم اور روسی قومی ترانے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ ابھی تک اس معاملے پر ماسکو حکومت کا رد عمل سامنے نہيں آيا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے