جتنی اچھی جمہوریت ہوگی اتنی اچھی حکومت ہوگی: وزیر اعظم عمران خان

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جمہوریت کے اندر میرٹ ہے اور بادشاہت میں میرٹ نہیں ہوتا، ماضی کی حکومتیں عوام کی نہیں اپنی خدمت کرنے آئیں تھیں۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان نے پاکستان پوسٹ کے ذریعے ترسیلات زر بھجوانے کی اسکیم کا افتتاح کردیا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ گھرکو چلانے کے لیے سمندرپار پاکستانی بہت محنت کرتے ہیں، سمندرپار پاکستانیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں، انہیں آسانیاں دینی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ سمندر پارپاکستانیوں کی وجہ سے معیشت کو سہارا ملتا ہے، ہمیں سمندرپارپاکستانیوں کی قدرکرنی چاہیے، یہ ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جو محنت کش قانونی طریقے سے پیسے پاکستان بھیجتے ہیں ان کے اہل خانہ کو ہیلتھ کارڈ دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہر شعبے میں چوری ہوتی تھی، پہلا سال ہمارے لیے مشکل تھا، کافی خسارا تھا لیکن ہم نے اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کی کوشش کی، ہمارا روپیہ مستحکم نہ تھا لیکن اب مستحکم ہے، پاکستان پوسٹ پہلے بہت نقصان کررہا تھا اب بالکل کم ہوگیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں پاکستان میں میرٹ کا سسٹم لے کرآنا ہے اور قابل لوگوں کو اوپر لانا ہے، جتنی اچھی جمہوریت ہوگی اتنی اچھی حکومت ہوگی، ہم نے ہر جگہ میرٹ کا سسٹم لے کر آنا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے حکومتوں نے اپنامائنڈ سیٹ تبدیل نہیں کیا، مائنڈ سیٹ بدل جائے گا لیکن آہستہ آہستہ بدلے گا، ہم چاہتے ہیں سوچ یہ ہونی چاہیے کہ ہم خدمت کے لیے آئے ہیں، لوگ تھانے جاتے ہیں تو لوگ سمجھیں کہ یہ ہماری حفاظت کے لیے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم جمہوری کلچرسے بادشاہت کی طرف چلے گئے، ہم عوام کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے اور سرکاری اسکولوں میں بھی ویسی ہی تعلیم ملے گی جیسے نجی اسکولوں میں ملتی ہے۔

x

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے