منگل: 07 جنوری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جنرل سلیمانی کے جنازے میں بھگدڑ، تیس سے زائد افراد ہلاک[/pullquote]

ایرانی شہر کرمان میں میجر جنرل قاسم سلیمانی کے جنازے میں پھیلنے والی بھگدڑ میں کم از کم بتیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 190 بتائی گئی ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا قوی امکان ہے۔ بھگدڑ کی وجہ سے مقتول جنرل کی تدفین مؤخر کر دی گئی ہے۔ جنازے کے جلوس میں ہزارہا لوگ شریک تھے۔ جنرل سلیمانی جمعہ تین جنوری کو عراقی دارالحکومت بغداد میں ہونے والے ایک امریکی فضائی حملے میں مارے گئے تھے۔ گزشتہ روز تہران میں ادا کیے جانے والے ان کے جنازے میں دس لاکھ کے قریب لوگ شریک ہوئے تھے۔

[pullquote]افغانستان میں گزشتہ برس سوا چار لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے انسانی امور کے ادارے نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ سن 2019 میں افغانستان میں تنازعاتی حالات کی وجہ سے چار لاکھ چھبیس ہزار افراد کو دربدری کا سامنا کرنا پڑا۔ ان میں پہلے سے بے گھر ایک لاکھ ستتر ہزار سے زائد افراد شمال مشرقی افغان صوبوں میں موجود عارضی پناہ گاہوں سے محفوظ علاقوں کی جانب مہاجرت پر دوبارہ مجبور ہوئے۔ ان افراد کی دوسری مرتبہ بے گھری کی وجہ ان صوبوں میں طالبان عسکریت پسندوں کی مسلح کارروائیوں میں غیرمعمولی اضافہ ہے۔ اس رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ شمال مشرقی صوبوں میں ہونے والی جھڑپوں میں سینکڑوں افغان فوجی ہلاک اور زخمی بھی ہوئے۔ انہی صوبوں کے بعض شہروں میں ’اسلامک اسٹیٹ‘ بھی سرگرم ہے۔

[pullquote]ایرانی جوہری ہتھیار سازی، فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا، اسرائیلی وزیر[/pullquote]

اسرائیل کے وزیر توانائی یُووال اسٹائنِٹز نے کہا ہے کہ اس وقت یہ نہیں کہا جا سکتا کہ آیا ایران جوہری ہتھیار سازی کی جانب مائل ہے۔ وزیر کے مطابق صورت حال کے واضح ہونے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ یُووال اسٹائنٹز اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی سکیورٹی کابینہ کے رکن بھی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی مہلت نہیں دی جائے گی۔ اسرائیلی وزیر کا بیان تہران حکومت کے اُس فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ یورنیم افزودگی کی مقررہ حد کو ختم کر دیا گیا ہے۔ اس بیان کے ساتھ ایرانی حکومت نے اقوام متحدہ کے جوہری ادارے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھنے کے عزم کو بھی ظاہر کیا۔

[pullquote]کینیا میں الشباب کا نیا حملہ، چار افراد ہلاک[/pullquote]

صومالیہ کے شدت پسند گروپ الشباب نے کینیا کے سرحدی علاقے گاریسا میں حملہ کر کے چار شہریوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ مرنے والوں میں ایک کم سن بچہ اور ایک ٹیچر بھی شامل ہے۔ کینیا کی پولیس نے دو حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ الشباب نے گزشتہ برس دسمبر سے کینیا پر حملوں میں اضافہ کر رکھا ہے۔ اس دوران ایک فوجی چھاؤنی پر کیے گئے حملے میں تین امریکی فوجیوں کو ہلاک کرنے کے علاوہ پانچ امریکی جنگی طیاروں کو بھی تباہ کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]پیرو میں بس حادثہ، دو جرمنوں سمیت سولہ افراد ہلاک[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک پیرو میں سیاحوں کی ایک بس کے حادثے میں کم از کم سولہ افراد ہلاک اور چالیس دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں دو جرمن شہری بھی شامل ہیں۔ یہ حادثہ جنوبی پیرو میں کوسٹل ہائی وے پر ہوا۔ یہ بس تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر سڑک کے قریب پارک کی ہوئی آٹھ کاروں سے ٹکرا گئی۔ زخمیوں میں برازیلی، امریکی اور ہسپانوی سیاح بھی شامل ہیں۔

[pullquote]عراق سے فوج کا انخلا نہیں ہو رہا، امریکی وزیر دفاع[/pullquote]

امریکی وزیردفاع مارک ایسپر نے واضح کیا ہے کہ عراق میں سے ملکی افواج کو نہیں نکالا جا رہا۔ ایسپر کا یہ بیان ایسی بعض رپورٹوں کے تناظر میں ہے، جن میں ایک امریکی ملٹری خط کا حوالہ دیا گیا کہ فوج نئی پوزیشن پر منتقل کی جا رہی ہے۔ امریکی وزیر دفاع نے اس تذبذب کی کیفیت کو ختم کرتے ہوئے عراق میں سے فوج کے انخلا کی مکمل تردید کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فی الحال ایسا کوئی منصوبہ زیرغور بھی نہیں ہے۔ خط کے حوالے سے بھی ایسپر نے لاعلمی کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ اس کی تحقیق کی جا رہی ہے کہ یہ خط کس نے لکھا اور کس کے لیے لکھا گیا تھا۔

[pullquote]مسلمانوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے، مہاتیر محمد[/pullquote]

ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے مسلمان ممالک سے کہا ہے کہ وہ بیرونی خطرات کا مقابلہ اور اُن سے محفوظ رہنے کے لیے متحد ہو جائیں۔ انہوں نے یہ کلمات ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ایک امریکی حملے میں ہلاکت کے تناظر میں کہے۔ دنیا کے معمر ترین وزیراعظم نے رپورٹرز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان ملکوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کوئی بھی محفوظ نہیں اور کسی کی کہی ہوئی سخت بات کسی کو اگر پسند نہیں آتی تو وہ کسی دوسرے ملک کے ڈرون حملے میں ہلاک ہو سکتا ہے۔ مہاتیر محمد کے مطابق اُن کی سچی باتیں پسند نہ آنے کی صورت میں شاید انہیں بھی ڈرون حملے کا نشانہ بنا دیا جائے۔

[pullquote]امریکی حمایت یافتہ مقامات کو بھسم کردیں گے، ایرانی جنرل[/pullquote]

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا انتقام لینے کی بات کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ امریکی حمایت یافتہ مقامات کو جلا کر راکھ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ دھمکی کرمان شہر میں ہزاروں افراد کے مجمع کے سامنے دی۔ امریکی حملے میں ہلاک ہونے والے قدس فورس کے میجر جنرل قاسم سلیمانی کا آبائی شہر کرمان ہے اور اُن کی تدفین بھی آج اسی شہر میں کی جائے گی۔ کرمان میں زیادہ تر افراد نے سیاہ لباس پہن رکھے ہیں اور مقتول جنرل سلیمانی کی تصاویر جا بجا لگی ہوئی ہیں۔ گزشتہ روز تہران میں سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے سلیمانی کی نماز جنازہ کی قیادت کی تھی۔

[pullquote]مشرق وسطی میں کشیدگی کے تناظر میں مودی کی ٹرمپ سے بات چیت[/pullquote]

ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایران اور امریکا کے مابین بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے فون پر بات کی ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ نے یہ نہیں بتایا کہ مشرق وسطی کی موجودہ صورت حال کے حوالے سے دونوں رہنماوں کے درمیان کیا بات ہوئی۔ جنرل سلیمانی کی ہلاکت کے بعد امریکا نے پاکستان کی فوجی قیادت کو اعتماد میں لیا تھا لیکن بھارت کو کوئی خاص اہمیت نہیں دی تھی۔ بعد میں بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے امریکا اورایران کے وزرائے خارجہ سے فون پر بات کی تھی۔ با ت چیت کے بعد محتاط بیان میں بھارتی وزیر خارجہ نے فریقین سے تحمل سے کام لینے کی اپیل کی تھی۔

[pullquote]آسٹریلوی جنگلاتی آگ: ملکی خزانے کو اربوں ڈالر کا نقصان[/pullquote]

آسٹریلوی انشورنس کمپنیوں کی کونسل کے مطابق جنگلاتی آگ کی وجہ سے لوگوں کی جانب سے اب تک 485 ملین امریکی ڈالر کے مساوی کلیم جمع کرائے جا چکے ہیں۔ انشورنش کمپنیوں کا یہ بیان ملکی وزیراعظم اسکاٹ موریسن کی جانب سے متاثرین کی ہر ممکن مدد کے بیان کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔ انہوں نے امداد کی مد میں اضافی دو بلین آسٹریلوی ڈالر مختص کرنے کا بھی اعلان کیا۔ دوسری جانب آسٹریلیا میں جنگلاتی آگ سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد پچیس ہو گئی ہے۔ ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے ڈیڑھ سو مقامات پر آگ بدستور لگی ہوئی ہے اوران میں پچاس جگہوں پر آگ بے قابو ہے۔ اگلے دنوں میں موسم پھر سے گرم ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

[pullquote]نائجیریا: بم دھماکے کے نتیجے میں درجنوں ہلاک اور زخمی[/pullquote]

افریقی ملک نائجیریا اور کیمرون کی سرحد پر واقع ایک بازار میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک اور 35 کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔ یہ بم دھماکا گزشتہ شام ایک پُل پر لگے بازار میں ہوا جو نائجیریا کے قصبےگیمبورو اور کیمرون کے قصبے فوٹوکول کے درمیان واقع ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں نائجیریا اور کیمرون دونوں ملکوں کے افراد شامل ہیں جنہیں مقامی ہسپتال میں علاج کے لیے داخل کیا گيا ہے۔ ابھی اس حملے کی ذمہ داری کسی بھی گروپ نے تسلیم نہیں کی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے