جمعہ: 17 جنوری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا اور ایران باہمی کشیدگی کم کریں، روسی وزیر خارجہ کا مطالبہ[/pullquote]

روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے مطالبہ کیا ہے کہ ایران اور امریکا کے مابین موجودہ شدید کشیدگی میں کمی لائی جانا چاہیے۔ روسی وزیر خارجہ نے آج جمعے کے روز کہا کہ مسلسل ایک دوسرے کو دھمکیاں دیتے رہنے کے بجائے خطے میں دوطرفہ کشیدگی کم کرنا ضروری ہے۔ یہ کشیدگی کم از کم تین بڑے حالیہ واقعات کے بعد سے اپنی انتہا پر ہے۔ پہلے امریکا نے عراق میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا تھا، جس کے بعد ایران نے عراق میں ایک امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملے بھی کیے تھے۔ اس کے علاوہ اسی کشیدگی کے تناظر میں ایرانی فورسز نے گزشتہ ہفتے غلطی سے یوکرائن کا ایک مسافر طیارہ بھی مار گرایا تھا۔

[pullquote]یوکرائنی طیارے کی تباہی المیہ تھی، ایرانی عوام متحد رہیں، خامنہ ای[/pullquote]

ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ یوکرائنی طیارے کی تباہی ایک المیہ تھی اور ایرانی قوم کو متحدہ رہنا چاہیے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ آٹھ برسوں کے دوران پہلی بار تہران میں آج جمعے کی نماز کی امامت کرانے سے قبل اپنے خطبے میں کہی۔ یوکرائن انٹرنیشنل ایئر لائنز کا ایک مسافر طیارہ ایران نے گیارہ جنوری کو اس وقت غلطی سے مار گرایا تھا، جب وہ کییف کے لیے روانہ ہو رہا تھا۔ اس واقعے میں طیارے میں سوار پونے دو سو سے زائد تمام افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ خامنہ ای نے اس غلطی کو ایک المیہ قرار دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایرانی عوام کو فروری میں ہونے والے ملکی انتخابات میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں حصہ لینا چاہیے۔

[pullquote]مستقبل میں فوجی انخلا کے بعد بھی امریکا کو افغان تعمیر نو میں شامل رہنا چاہیے، پاکستان[/pullquote]

پاکستان نے کہا ہے کہ امریکا کو افغانستان سے مستقبل میں اپنے فوجی انخلا کے بعد بھی ہندوکش کی اس ریاست کی تعمیر نو کے عمل میں شامل رہنا چاہیے۔ افغانستان کی جنگ امریکا کی آج تک کی طویل ترین جنگ بن چکی ہے۔ ان دنوں دوحہ میں افغان طالبان اور امریکی نمائندوں کے مابین مذاکرات بھی جاری ہیں۔ اس تناظر میں پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے دورہ واشنگٹن کے دوران کہا کہ افغانستان سے اپنے آئندہ فوجی انخلا کے بعد بھی امریکا کا اس ملک کی تعمیر نو اور وہاں استحکام کے عمل میں شامل رہنا ناگزیر ہو گا۔ قریشی واشنگٹن میں اپنے امریکی ہم منصب پومپیو سے ملاقات بھی کر رہے ہیں۔

[pullquote]شمالی شام میں کار بم حملہ، تین ترک فوجی ہلاک[/pullquote]

شمالی شام کے ترک دستوں کے زیر قبضہ علاقے میں ایک کار بم حملے میں تین ترک فوجی مارے گئے۔ یہ بات انقرہ میں ترک وزارت دفاع نے آج جمعے کے روز بتائی۔ وزارت دفاع کے جاری کردہ ایک بیان مطابق یہ حملہ جمعرات کو رات گئے کیا گیا۔ یہ کار بم دھماکا اس وقت کیا گیا، جب ترک دستوں اور ان کے حامی شامی اپوزیشن فائٹرز کے کنٹرول والے علاقے میں ایک شاہراہ پر انقرہ کے فوجی سکیورٹی چیکنگ کر رہے تھے۔ شمالی شام میں ترک فوجی دستے اکتوبر میں داخل ہوئے تھے۔

[pullquote]ایرانی میزائل حملوں میں گیارہ امریکی فوجی زخمی ہوئے تھے[/pullquote]

امریکی فوج کی مرکزی کمان نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے ایران کی جانب سے عراق میں دو فوجی اڈوں پر کیے گئے میزائل حملوں میں گیارہ امریکی فوجی زخمی ہوئے تھے۔ مرکزی کمان کے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ الاسد ایئر بیس پر ایرانی میزائل حملوں میں کوئی امریکی فوجی ہلاک نہیں ہوا تھا۔ بیان کے مطابق اس ایرانی میزائل حملے کے وقت عسکری اڈے پر موجود 15 سو سے زائد امریکی فوجیوں میں سے زیادہ تر ایک حفاظتی بنکر میں منتقل ہو گئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ اس حملے میں زخمی ہونے والوں میں سے آٹھ کا جرمنی میں جب کہ تین کا کویت میں علاج کیا جا رہا ہے۔

[pullquote]چار بلین ڈالر ادا کرنے کا سرکاری مطالبہ: بھارت میں ووڈافون کے مستقبل پر سوالیہ نشان[/pullquote]

بھارت میں عالمی سطح پر کاروبار کرنے والی ٹیلیکوم کمپنی ووڈافون کی ملکی شاخ کے حصص میں آج جمعے کو تقریباﹰ چالیس فیصد کی ناقابل یقین کمی دیکھنے میں آئی۔ اس کے بعد اس برطانوی کمپنی کے بھارت میں کاروباری مستقبل کے بارے میں سوالات پیدا ہو گئے ہیں۔ اس کی وجہ یہ بنی کہ بھارتی حکام نے ووڈافون کے ملکی یونٹ ووڈافون آئیڈیا کو ماضی میں ادا نہ کی جانے والی فیس اور دیگر رقوم کی مد میں چار بلین ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس کے خلاف ووڈافون نے اپیل دائر کر دی تھی، جو آج جمعے کو مسترد کر دی گئی۔ ووڈافون دو ہزار سات میں بھارت کی بہت بڑی ٹیلیکوم مارکیٹ کا حصہ بنی تھی۔

[pullquote]زلزلے نے جنوبی میکسیکو کو ہلا کر رکھ دیا[/pullquote]

میکسیکو کے جنوب میں آنے والے زلزلے نے اس علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔ ملکی محکمہ ارضیات کے مطابق ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ تین ریکارڈ کی گئی۔ مقامی وقت کے مطابق یہ طاقت ور جھٹکے جمعرات کی شام محسوس کیے گئے۔ اس زلزلے کے باعث محدود مادی نقصانات کی اطلاع ملی ہے تاہم کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔ یہ جھٹکے زیادہ تر جنوبی میکسیکو کی ریاست اوآکساکا میں محسوس کیے گئے۔ ستمبر دو ہزار سترہ میں اسی علاقے میں ریکٹر اسکیل پر آٹھ اعشاریہ دو شدت کا بہت طاقت ور زلزلہ آیا تھا۔

[pullquote]چینی میں دنیا کی سب سے بڑی سالانہ انسانی نقل مکانی کا آغاز[/pullquote]

چین میں نئے قمری سال کے آغاز پر آج جمعے کے دن سے کروڑوں باشندوں کی اپنے اہل خانہ سے ملاقاتوں کے لیے سالانہ نقل مکانی شروع ہو گئی ہے۔ بیجنگ میں ملکی وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق موسم بہار کے اس سالانہ تہوار کے دوران کروڑہا شہری مجموعی طور پر تین ارب مرتبہ ایک جگہ سے کسی دوسری جگہ کا سفر کریں گے۔ رواں برس دس جنوری کو شروع ہونے والا یہ عوامی تہوار متوقع طور پر 18 فروری تک جاری رہے گا حالانکہ نئے قمری سال کا آغاز پچیس جنوری کو ہو جائے گا۔ چین میں یہ تہوار اہل خانہ سے دوبارہ ملاقات کا موقع ہوتا ہے اور اپنے آبائی علاقوں اور شہروں سے دور کام کرنے والے کروڑوں چینی کارکنوں کے لیے اکثر سال بھر میں وہ واحد موقع بھی جب وہ اپنے گھروں کو لوٹتے ہیں۔

[pullquote]یوکرائنی طیارے کی تباہی کو سیاسی مسئلہ نہ بنایا جائے، ایرانی وزارت خارجہ[/pullquote]

ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ ایران میں یوکرائن کے ایک مسافر طیارے کی تباہی کے واقعے کو سیاسی مسئلہ نہ بنایا جائے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے جمعے کے روز کہا کہ یوکرائن کی ایک فضائی کمپنی کے اس طیارے کی تباہی میں جن ممالک کے شہری مارے گئے تھے، ان ممالک کو اس واقعے کو سیاسی رنگ دینے سے احتراز کرنا چاہیے۔ گزشتہ ہفتے جمعرات کے روز ایران کی طرف سے غلطی سے اس طیارے کے مار گرائے جانے کے نتیجے میں اس میں سوار تقریباﹰ پونے دو سو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ زیادہ تر مسافر جن پانچ ممالک کے شہری تھے، ان ممالک نے تہران حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہلاک شدگان کے خاندانوں کو تلافی رقوم ادا کرے۔

[pullquote]یورپی یونین کی چینی امریکی تجارتی معاہدے کے خلاف مشروط تنبیہ[/pullquote]

یورپی یونین نے چین اور امریکا کے مابین طے پانے والے تجارتی معاہدے کے خلاف مشروط تنبیہ کر دی ہے۔ بیجنگ میں یورپی یونین کے سفیر نے آج جمعے کے روز کہا کہ اگر چین اور امریکا کے مابین اس تجارتی معاہدے سے ایسے حالات پیدا ہوئے جو یورپی کاروباری اداروں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوئے، تو یونین اس معاہدے کو عالمی ادارہ تجارت میں چیلنج بھی کر سکتی ہے۔ یونین کے سفیر نکولاس شاپوئس کے مطابق اٹھائیس رکنی یورپی بلاک اس بات پر گہری نظر رکھے گا کہ چینی امریکی تجارتی معاہدے کے پہلے مرحلے پر عمل درآمد کس طرح کیا جاتا ہے۔ اس معاہدے پر دستخط بدھ کے روز ہوئے تھے۔

[pullquote]افغان طالبان امریکا کے ساتھ دس روزہ فائر بندی، کابل سے مکالمت پر آمادہ[/pullquote]

افغان طالبان امریکی دستوں پر حملوں کے حوالے سے دس روزہ فائر بندی پر آمادہ ہو گئے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر ان کی دوحہ میں امریکا کے ساتھ بات چیت کامیاب رہی، تو وہ آئندہ کابل حکومت کے ساتھ مکالمت پر بھی تیار ہوں گے۔ طالبان کے دو اعلیٰ ذرائع نے بتایا کہ امریکا کے ساتھ معاہدہ طے پا جانے کی صورت میں وہ افغان حکومت کے ساتھ اپنی مسلح کارروائیوں میں کمی سے متعلق مذاکرات پر بھی تیار ہوں گے۔ اسی دوران طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے آج جمعے کے روز اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ امریکا کے ساتھ دوحہ میں مذاکراتی رابطے تعمیری ہیں، جو ابھی چند روز تک جاری رہیں گے۔

[pullquote]آسٹریلیا میں جنگلاتی آگ، بھرپور بارشوں سے صورت حال میں کچھ بہتری[/pullquote]

آسٹریلیا کے مختلف علاقوں میں جنگلات میں لگی آگ کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال میں متعدد ریاستوں میں بھرپور بارشوں کے نتیجے میں کچھ بہتری آئی ہے۔ آگ بجھانے کی کوششیں کرنے والے محکمے کے ایک اعلیٰ اہلکار نے ایک نشریاتی انٹرویو میں کہا کہ ان بارشوں سے آگ بجھی تو نہیں مگر اس کی شدت قدرے کمی ہو گئی ہے۔ یہ بارشیں زیادہ تر آسٹریلیا کی ریاستوں وکٹوریہ، نیو ساؤتھ ویلز اور کوئینز لینڈ میں ہوئیں۔ یہ ریاستیں جنگلاتی آتش زدگی سے سب سے زیادہ متاثر تھیں اور وہاں شدید بارشیں آئندہ ویک اینڈ پر بھی جاری رہیں گی۔ اس آگ کی وجہ سے آسٹریلیا میں جرمنی کے مجموعی رقبے کے ایک تہائی کے برابر علاقہ جل کر تباہ ہو چکا ہے اور انتیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]پک اپ ٹرک سٹار بَکس کیفے میں گھس گیا، کئی افراد زخمی[/pullquote]

امریکی ریاست اِلّینوئے کے شہر میک ہینری میں ایک پک اپ ٹرک کے ایک سٹار بَکس کیفے میں گھس جانے سے متعدد افراد زخمی ہو گئے اور کیفے کی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ پولیس نے بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں ٹرک ڈرائیور کے علاوہ چار ایسے افراد بھی شامل ہیں، جو اس وقت کیفے میں موجود تھے۔ بتایا گیا ہے کہ شکاگو سے تقریباﹰپچاس میل کے فاصلے پر واقع شہر میک ہینری میں پیش آنے والے اس واقعے کی وجوہات تاحال غیر واضح ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے