جمعرات : 23 جنوری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]میانمار روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام روکے، عالمی عدالت برائے انصاف[/pullquote]

ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس (آئی سی جے) نے میانمار کی حکومت کو حکم دیا ہے کہ وہ روہنگیا مسلم اقلیت کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کرے۔ عالمی عدالت نے آج جمعرات تیئس جنوری کو اپنے فیصلے میں کہا کہ میانمار کی حکومت کو ملک میں روہنگیا مسلم آبادی کے حفاظت کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنا چاہییں۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت کو احکامات جاری کیے کہ وہ زیادتیوں اور مظالم کے شکار روہنگیا مسلمانوں کے خلاف مبینہ جرائم کے ثبوت محفوظ کرے۔ بین الاقوامی عدالت انصاف نے یہ فیصلہ افریقی ملک گیمبیا کی طرف سے دائر کیے گئے مقدمے میں سنایا۔ گیمبیا نے اقوام متحدہ کے 1948ء کے ایک کنوینشن کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے اس مقدمے میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ میانمار کی حکومت ملک میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی مرتکب ہوئی۔

[pullquote]انڈونیشیا میں تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی: ایک ہلاک، نو لاپتہ[/pullquote]

انڈونیشیا میں تارکین وطن مزدوروں سے بھری ایک کشتی ڈوب گئی ہے۔ رواں ہفتے منگل کے روز ملائیشیا روانہ ہونے والی اس کشتی میں بیس تارکین وطن سوار تھے۔ ریسکیو حکام کے مطابق آج جمعرات تک نو افراد ابھی تک لاپتہ ہیں جبکہ دس افراد کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ اب تک ايک شخص کی ہلاکت کی تصديق ہوئی ہے۔ انڈونیشیا سے مقامی افراد کی ایک بڑی تعداد ہر سال روزگار کی تلاش میں ملائیشیا کا رخ کرتی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس چھ ہزار سے زائد انڈونیشی باشندے ملائیشیا میں زیر ملازمت تھے۔

[pullquote]افغانستان: 2019ء میں 162 ہیلتھ سینٹرز تباہ ہوئے[/pullquote]

شورش زدہ ملک افغانستان میں گزشتہ برس 162 ہیلتھ سینٹرز مکمل طور پر تباہ يا بند ہوئے۔ افغان وزارت صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ ملک میں موجود تین ہزار سے زائد ہیلتھ سینٹرز میں سے 162 تباہ ہوئے، جس کی وجہ سے قریب ایک ملین افراد کو طبی سہوليات فراہم نہ ہو سکيں۔ افغانستان میں ناقص طبی سہولیات کی وجہ سے شہریوں کو پاکستان، ایران اور بھارت جا کر علاج کرانا پڑتا ہے، جس پر لاکھوں امریکی ڈالرز خرچ ہوتے ہیں۔

[pullquote]ماحولیاتی تحفظ کے لیے دنیا کو امریکا کی ضرورت ہے، چیف یو این ڈی پی[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ڈیولپمنٹ پروگرام کے سربراہ آخم اشٹائنر نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیليوں کے منفی اثرات کے خلاف اقدامات میں عالمی برادری کو امریکا کی ضرورت ہے۔ اشٹائنر نے یہ بات سوئٹزرلینڈ کے شہر داووس میں جاری عالمی اقتصادی فورم میں امریکی صدر کی تقریر کے جواب میں کہی، جس میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ماحولیاتی ماہرین کو ’تباہی کے پیغمبر‘ قرار دیا تھا۔ یو این ڈی پی کے چیف نے جمعرات کو ڈوئچے ویلے سے گفتگو کے دوران کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے ایک ٹریلین درخت لگانے کے منصوبے کی حمایت، اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ مستقبل ميں مزيد تعاون کی گنجائش ہے۔

[pullquote]یروشلم میں درجنوں عالمی رہنما سامیت دشمنی کے خلاف متحد[/pullquote]

یروشلم میں آج جمعرات کو درجنوں عالمی رہنما ہولوکاسٹ اور سامیت دشمنی کے خلاف جمع ہو رہے ہیں۔ پولينڈ ميں آؤشوِٹس کے نازی اذیتی کیمپ کی آزادی کے 75 برس مکمل ہونے کے موقع پر منعقد ہونے والی ايک تقریب ميں شامل رہنماؤں میں روسی، فرانسیسی اور جرمن صدور سميت امریکی نائب صدر بھی ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ اتنی زیادہ تعداد میں عالمی رہنما ہولوکاسٹ کی ياد ميں کسی تقریب میں شرکت کر رہے ہیں۔ اس دوران ورلڈ ہولوکاسٹ فورم میں موجودہ دور میں سامیت دشمنی کے مسئلے پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

[pullquote]چین ميں پراسرار وائرس سے سترہ افراد ہلاک[/pullquote]

چین نے ايک وائرس پر قابو پانے کے لیے ووہان شہر سے چلنے والی تمام ٹرینيں اور پروازیں معطل کر دی ہیں۔ چین بھر میں اس پراسرار وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 570 بتائی جا رہی ہے۔ آج جمعرات کے روز حکام نے بتایا ہے کہ نمونیا کا باعث بننے والے اس وائرس سے اب تک مجموعی طور پر سترہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں ووہان شہر میں ہی ہوئیں۔ مقامی حکام نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ کسی خاص وجہ کے بغیر گھر سے باہر نہ نکلیں۔ یہ وائرس انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہو سکتا ہے۔

[pullquote]بدعنوانی کو روکنے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل[/pullquote]

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی تازہ رپورٹ کے مطابق دنیا کے بیشتر ممالک بدعنوانی کے خلاف اقدامات میں يا تو کسی پیش قدمی میں ناکام رہے یا پھر ان کی کارکردگی مزيد بدتر ہوئی۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے کرپشن انڈیکس 2019ء میں پاکستان 120 ويں نمبر پر ہے جبکہ 2018ء میں پاکستان اس درجہ بندی میں 117ویں نمبر پر تھا۔ تازہ کرپشن انڈیکس میں جرمنی، ڈنمارک اور نیوزی لینڈ سے پیچھے نويں نمبر پر ہے۔ کینیڈا، فرانس، برطانیہ اور امریکا کی درجہ بندی میں بھی کوئی بہتری نہیں آئی۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے سروے میں 180 ممالک میں کاروبار، سیاست اور انتظامیہ کے عوامی شعبوں میں بدعنوانی کی پیمائش کی گئی ہے۔

[pullquote]آسٹریلیا: آگ بھجانے والا طیارہ کریش، تین افراد ہلاک[/pullquote]

آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ بجھانے کے عمل میں شامل ایک پانی کے ٹینکر والا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ جمعرات کو پیش آنے والے اس حادثے میں جہاز کے عملے میں شامل تین افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام کے مطابق یہ طیارہ جنوب مشرقی رياست نیو ساؤتھ ویلز میں گر کر تباہ ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے تینوں افراد جہاز کے عملے میں شامل تھے اور وہ امریکا کے رہائشی تھے تاہم ان کی شہریت کے حوالے سے اطلاعات عام نہیں کی گئیں۔ جمعرات کے روز کینبرا کے جنوب میں ريسکيو ہیلی کاپٹرز گمشدہ طيارے کی تلاش کر رہے تھے۔ بعد ازاں نیو ساؤتھ ویلز کی فائر سروس نے طیارے کے گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کر دی۔

[pullquote]ایمازون کے مالک جیف یبزوس کا فون ہیک نہیں کیا، سعودی عرب[/pullquote]

اقوام متحدہ کے دو سینئر اہلکاروں نے مطالبہ کیا ہے کہ امریکی کمپنی ایمازون کے بانی اور واشنگٹن پوسٹ کے مالک جیف بیزوس کے موبائل فون سے معلومات چوری ہونے کے معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیيں۔ اس بارے ميں امریکی میڈیا میں اطلاعات سامنے آنے کے بعد اقوام متحدہ کے خصوصی ریپورٹر ایگنس کیلامارڈ اور ڈیوڈ کائے نے دعوی کيا ہے کہ چند شواہد اس جانب اشارہ کرتے ہيں کہ شايد سن 2018 میں ہونے والے ايک سائبر حملے میں سعودی ولی عہد ملوث ہو سکتے ہيں۔ انہوں نے امریکا، سعودی عرب اور دیگر حکام سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ واشنگٹن میں سعودی سفارت خانے نے تاہم ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

[pullquote]بریگزٹ: یورپی یونین سے انخلا‎‎‎‎‎ء کے معاہدے کی توثیق[/pullquote]

برطانوی پارلیمان نے بریگزٹ معاہدے کی حتمی قانون سازی کے لیے منظوری دے دی ہے۔ آج تئیس جنوری جمعرات کو ملکہ الزبتھ دوئم کی جانب سے شاہی اجازت نامہ ملنے کے بعد یہ بل سرکاری طور پر قانون بن جائے گا۔ برطانیہ کی یورپی یونین سے انخلا‎‎‎‎‎ء کی ڈیڈ لائن اکتیس جنوری ہے۔ گزشتہ روز برطانوی ایوان زیریں نے ایوان بالاں ہاؤس آف لارڈز کی جانب سے چند مجوزہ تراميم کو مسترد کر دیا، جن میں بریگزٹ کے بعد پناہ گزینوں کے بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی شق بھی شامل تھی۔ انتيس جنوری کو یورپی یونین کی پارلیمنٹ میں اس حوالے سے رائے شماری ہو گی۔

[pullquote]کینیڈا: ’ڈیزل گیٹ‘ کیس میں فوکس ویگن پر بھاری جرمانہ عائد[/pullquote]

کینیڈا کی ایک عدالت نے جرمن کار ساز ادارے فوکس ویگن پر ایک سو پچاس ملین امریکی ڈالر کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ جج اینزو روڈینیلی نے فوکس ویگن کو یہ رقم آئندہ تیس روز میں ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ کینیڈا میں سن 2008 سے سن 2015 تک فوکس ویگن کی قریب ایک لاکھ اٹھائیس ہزار گاڑیاں برآمد کی گئیں۔ اطلاعات کے مطابق اس دوران بیچی گئی ڈیزل کاروں میں ایک سافٹ ویئر نصب تھا، جس کے تحت آلودگی کے حوالے سے جانچ کے دوران کار سے ضرر رساں گیسوں کا اخراج اصل سے کم دکھتا تھا۔ جرمن کار ساز کمپنی نے کہا ہے کہ یہ رقم کینیڈا کے ماحولیاتی تحفظ کے منصوبوں کے لیے جلد ادا کر دی جائے گی۔

[pullquote]شہریت ترمیمی قانون: بھارتی عدالت عظمی نے حکومت کو مزید وقت دے دیا[/pullquote]

بھارتی سپریم کورٹ نے نئی دہلی حکومت کو متنازعہ شہریت ترمیمی قانون کے حوالے سے اپنا موقف پیش کرنے اور اسے درست انداز سے سمجھانے کے لیے مزید چار ہفتوں کی مہلت دے دی ہے۔ بدھ بائیس جنوری کو چیف جسٹس آف انڈيا اے بوبڈے نے کہا کہ وہ حکومت کو تمام اپیلوں کا جواب دینے کے لیے چار ہفتے کا وقت دیتے ہیں۔ شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف بھارت کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں اور اس کے خلاف سپریم کورٹ میں قریب ایک سو چوالیس اپیلیں دائر کی جا چکی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے