انڈے میں 12 ہزار سوراخ کرکے فن پارہ بنانے کا نیا ریکارڈ

استنبول: انڈوں پر سوئیوں کے سوراخ سے بامعنی تصاویر کاڑھنے والے دنیا کے سب سے ممتاز فن کار حمیت حیرن نے ایک نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے مرغی کے انڈے پر سوئی سے 12 ہزار سوراخ کرکے ایک فن پارہ بنادیا۔

اگرچہ یہ سوچ کر ہوش اڑجاتے ہیں کہ فٹ بال کے برابر انڈے پر بھی کوئی شخص کس طرح سوئی سے ہزاروں سوراخ کرسکتا ہے لیکن حمید نے مرغی کے انڈے پر یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ حمیت کی عمر اس وقت 62 سال ہے اور 1988ء میں ایک حادثے میں وہ معذور ہوگئے تھے۔

اس کے بعد انہوں نے انڈوں سے تصاویر اور فن پارے تخلیق کرنا شروع کیے اور اب وہ اس کے زبردست ماہر ہوچکے ہیں۔ ان کی بنائے ہوئے شاہکار دنیا بھر میں فروخت ہوتے ہیں۔

دوسری جانب اب انہوں نے انڈے پر ہزاروں سوراخ کرنے کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اس طرح انہوں نے ایک پاکستانی فن کار کا 8708 سوراخ کرنے کا ریکارڈ توڑا ہے اور پورے 12 ہزار سوراخوں سے ایک ڈیزائن بنایا ہے۔

انہیں یہ نیا ریکارڈ قائم کرنے میں ایک سال سے زائد عرصہ لگا ہے تاہم وہ اپنا راز نہیں بتاتے کہ اتنےسوراخوں کے باوجود بھی انڈہ ٹوٹنے سے کیوں بچ رہتا ہے؟ عموماً وہ مرغی کے انڈے میں موجود زردی اور سفیدی کو ایک سرنج کے ذریعے باہر نکال کر اسے خالی کردیتے ہیں۔

بعد ازاں وہ بہت سوچ سمجھ کے بعد اپنا فن پارہ بنانے کی ابتدا کرتے ہیں۔ حمیت پہلے اسے ڈیزائن کرتے ہیں اور احتیاط سے انڈے پر تصاویر کاڑھتے ہیں۔ ان کے بعض شاہکار پر انڈے کا 60 سے 70 فیصد حصہ غائب کردیا جاتا ہے اور اس کے بعد بچ جانے والا چھلکا کسی خوبصورت ڈیزائن یا تصویر کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔

حمیت کے شاہکار دنیا بھر میں مشہور ہیں اور بہت مہنگے داموں فروخت ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ڈیزائن بنانے میں انہیں کئی ماہ لگ جاتے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے