45 فیصد چینی فیکٹریوں کے مالکان تو پی ٹی آئی میں موجود ہیں: خواجہ آصف

آئندہ ہفتے ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں مہنگائی پر بحث کی جائے گی۔

اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف نے کہا کہ وزیراعظم کی تقریروں سے عوام کے مسائل کا مداوا نہیں ہو گا۔

انہوں نے عمران خان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ مانیں کہ ملک میں آٹے کا بحران ہے، بجلی مہنگی کرکے 25 سے 28 روپے فی یونٹ کر دی گئی ہے لیکن آپ کہتے ہیں کہ کوئی مسئلہ ہی نہیں۔

راجا پرویز اشرف نے مزید کہا کہ دو سال ہو گئے عوام مہنگائی کے باعث مرگئی، آپ اپنی تعریفیں کروالیں بتائیں اب عوام کا کیا کرنا ہے؟ اب تو چور چور بس کر دیں، آپ ارکان پارلیمنٹ پر مشتمل کمیٹی بنائیں، ہم اس مافیا کو گھسیٹ کر لائیں گے۔

[pullquote]عمران خان کی سرپرستی میں اربوں کھربوں کی کرپشن ہو رہی ہے: خواجہ آصف[/pullquote]

دوسری جانب قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے تجویز پیش کی کہ آئندہ ہفتے مہنگائی پر ایک دن بحث کرائی جائے تاکہ عوام جس عذاب میں مبتلا ہے اس پر بحث تو کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کے پاس پیسے نہیں کہ دوائی خرید سکیں، بل دے سکیں، عوام ملک میں آٹا ڈھونڈ رہے ہیں، ہم پر فرض ہے کہ عام آدمی کے حقوق کا تحفظ کریں اور انہیں جینے کا حق دیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ یہاں بیٹھے 342 نمائندے اگر مہنگائی پر بات نہیں کریں گے تو عوام سے دھوکا کریں گے اس لیے مہنگائی کے حوالے سے ممبران اسمبلی پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ آٹا، گندم اور چینی اب بھی افغانستان بھیجی جا رہی ہے، جو مافیا وزیر اعظم کے ارد گرد ہیں ان کو سامنے لایا جائے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم کو چور، ڈاکو صرف اپوزیشن کی صفوں میں نظر آتے ہیں باقی سارے دودھ کے دھلے ہیں جب کہ 45 فیصد چینی فیکٹریوں کے مالکان تو پی ٹی آئی میں موجود ہیں۔

انہوں نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو چور کہنا اور اپنے بغل میں چور لیکر بیٹھنا یہ کیا سلسلہ ہے؟ آج اگر ہماری باری ہے تو کل آپ کی باری آئے گی۔

خواجہ آصف نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ کی سرپرستی میں اربوں کھربوں کی کرپشن ہو رہی ہے،کوئی نہیں پوچھ رہا جب کہ یہ جو ڈاکو اور چور آپ کی صفوں میں موجود ہیں آپ کو لے بیٹھیں گے۔

اسپیکر اسد قیصر نے کورم کی نشاندہی ہونے پر آئندہ منگل قومی اسمبلی کے اجلاس میں مہنگائی پر بحث کرانے کا اعلان کرتے ہوئے اجلاس جمعے کی صبح 10 بجے تک ملتوی کر دیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے