جمعرات: 06 فروری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے پانچ سو سے تجاوز کر گئی[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ابھی تک کورنا وائرس کی نئی قسم کے علاج کے لیے ویکسین کی تیاری میں پیش رفت نہیں ہوئی۔ ڈبلیو ایچ او نے یہ بیان ویکسین کی تیاری میں پیش رفت کی افواہوں کے بعد دیا ہے۔ دوسری جانب چین میں کورونا وائرس کی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد اٹھائیس ہزار دو سو سے تجاوز کر چکی ہے۔ حکام کے مطابق گزشتہ روز زیادہ متاثرہ صوبے ہوبئی میں مزید تہتر مریض ہلاک ہوئے، جس کے بعد اب تک ہلاکتوں کی تعداد پانچ سو تریسٹھ ہو گئی ہے۔ چین سے باہر دیگر ممالک میں بھی کورونا وائرس کے دو سو چالیس کیس سامنے آ چکے ہیں۔ جاپان اور ہانگ کانگ کے سیاحتی بحری جہازوں میں درجنوں افراد میں کورونا وائرس کی نشاندہی کے بعد ہزاروں مسافروں کو الگ تھلگ کر کے ان کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔

[pullquote]ادلب میں روسی اور ترک ’عسکری ماہرین‘ مارے گئے، روس کا اقرار[/pullquote]

روسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ شام کے شہر ادلب میں جاری لڑائی میں کئی روسی اور ترک فوجی ماہرین ہلاک ہوئے ہیں۔ تاہم انہوں نے مزید تفصیلات دینے سے گریز کیا۔ روس کے مطابق یہ فوجی ماہرین جنوری کے وسط میں مارے گئے۔ ادھر ترکی نے روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنگجوؤں کے زیر قبضہ شہر ادلب میں فوجی کارروائیاں روکنے کے لیے دمشق حکومت پر دباؤ ڈالے۔ ترکی کا الزام ہے کہ ادلب میں ترک فوجیوں پر حملے شامی حکومتی فورسز نے کیے۔

[pullquote]اے ایف ڈی کی حمایت سے وزیر اعلیٰ بننا ’ناقابل معافی‘ ہے، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ریاست تھورنگیا میں انتہائی دائیں بازو کی جماعت اے ایف ڈی کے ارکان کی حمایت سے وزیر اعلیٰ بننے والے سیاست دان پر تنقید کی ہے۔ چانسلر میرکل نے اس انتخاب کو ’ناقابل معافی‘ قرار دیتے ہوئے ریاست میں نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا۔ فری ڈیموکریٹ پارٹی کے سیاست دان تھوماس کیمیرش گزشتہ روز محض ایک ووٹ کی اکثریت سے وزیر اعلیٰ منتخب ہوگئے۔ اے ایف ڈی کے ارکان کے علاوہ چانسلر میرکل کی جماعت سی ڈی یو کے کچھ ارکان نے بھی ان کی حمایت کی۔ اب تک جرمنی کی اہم سیاسی جماعتیں پناہ گزینوں اور اسلام مخالف پارٹی ایف ڈی کے ساتھ کسی بھی قسم کے اتحاد سے گریز کرتی آئی ہیں۔

[pullquote]برطانیہ امریکا کے ساتھ نئے تجارتی معاہدے کا خواہش مند[/pullquote]

برطانیہ نے کہا ہے کہ وہ بریگزٹ کے بعد امریکا کے ساتھ ایسا تجارتی معاہدے کرے گا جس میں محصولات کم رکھی جائیں گی۔ یہ بات برطانوی وزیر تجارت لِز ٹرَس نے برطانوی پارلیمان میں دیے گئے ایک بیان میں کہی۔ ان کے مطابق آئندہ مہینوں کے دوران امریکا، جاپان، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے ساتھ بھی تجارتی معاہدے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بریگزٹ کے بعد یورپی یونین کے ساتھ بھی مستقبل کے تعلقات کے حوالے سے معاہدے کی تیاریاں جاری ہیں۔

[pullquote]فلسطینی اسرائیلی جھڑپوں میں تین فلسطینی ہلاک، کئی اسرائیلی زخمی[/pullquote]

غرب اردن میں اسرائیلی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں تین فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے متنازعہ امن منصوبے کے اعلان کے بعد یہ اب تک کی سب سے خونریز جھڑپیں ہیں۔ فلسطینی حکام کے مطابق غرب اردن کے شہر جنین میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے ایک انیس سالہ فلسطینی نوجوان ہلاک جب کہ چھ دیگر فلسطینی شہری زخمی ہوئے۔ اسی دوران مظاہرین اور اسرائیلی فورسز کے درمیان تصادم کے دوران ایک سترہ سالہ فلسطینی شہری ہلاک ہو گیا۔ اس سے قبل جمعرات کی صبح ایک فلسطینی شہری نے اپنی کار اسرائیلی فوجیوں پر چڑھا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم بارہ اسرائیلی فوجی زخمی ہو گئے۔ حملہ آور جائے واقعہ سے فرار ہو گیا۔ اسرائیلی فوجیوں کے مطابق یروشلم شہر میں ایک فلسطینی کی فائرنگ سے اسرائیلی فوجی زخمی ہو گیا، جب کہ حملہ آورجوابی فائرنگ میں مارا گیا۔

[pullquote]ترکی: لینڈنگ کے دوران مسافر جہاز کوحادثہ، تین ہلاک[/pullquote]

ترکی کے استنبول ائیرپورٹ پر ایک مسافر جہازلینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا ہے۔ بوئنگ سیون تھری سیون جہاز لینڈنگ کے بعد اپنی رفتار پر قابو نہیں رکھ پایا اور رن وے سے پھسل گیا تھا۔ اس حادثے میں بوئنگ جہاز ٹوٹ کر تین حصوں میں تقسیم ہو گیا تھا۔ یہ واقعہ پیگاسس ایئر لائن کی ازمیر سے استنبول آنے والی داخلی پرواز کو پیش آیا۔ حادثے میں تین افراد ہلاک اور ایک سو اناسی مسافر زخمی ہوئے ہیں۔

[pullquote]امریکی صدر ٹرمپ مواخذے کی کارروئی سے بری[/pullquote]

امریکی سینیٹ کے ارکان کی اکثریت نے صدر ٹرمپ کو مواخذے کے مقدمے میں تمام الزامات سے بری کر دیا ہے۔ سینیٹ میں ڈیموکریٹ اور ریپبلکن ارکان نے اپنی اپنی جماعت کی پالیسی کے مطابق ہی ووٹ دیا۔ تاہم اختیارات کے غلط استعمال کے الزام پر صرف ایک ریپبلکن رکن مِٹ رومنی نے صدر ٹرمپ کے خلاف ووٹ دیا۔ سو ارکان پر مشتمل ایوان بالا میں ریپبلکن جماعت کے ترپن جب کہ ڈیموکریٹک پارٹی کے سینتالیس ارکان ہیں۔ صدر ٹرمپ کے مواخذے کے لیے ڈیموکریٹس کو کم از کم دو تہائی ارکان کی حمایت درکار تھی۔

[pullquote]اٹلی میں ٹرین پٹڑی سے اتر گئی، دونوں ڈرائیور ہلاک[/pullquote]

اٹلی کے شہر میلان کے قریب کمعرات کی صبح ایک تیز رفتار مسافر ٹرین ٹریک سے اتر گئی۔ اس واقعے میں دو افراد ہلاک جب کہ تیس افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والے دونوں افراد ٹرین کے ڈرائیور تھے۔ اطالوی ریلوے کے مطابق مسافر ٹرین میں نو سو مسافروں کی گنجائش تھی لیکن حادثے کے وقت ٹرین میں صرف تینتیس مسافر تھے۔

[pullquote]ایران نے جوہری معاہدے کی نئی خلاف ورزیاں نہیں کیں، اقوام متحدہ[/pullquote]

انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کا کہنا ہے کہ تہران نے جوہری معاہدے کی مزید نئی خلاف ورزیاں نہیں کی ہیں۔ اقوام متحدہ کے ایٹمی ادارے کے نئے سربراہ ریفائل گروسی نے یہ بات واشنگٹن کے اپنے پہلے دورے میں کہی۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران نے یورینیم کی افزودگی کا عمل بدستور جاری رکھا ہوا ہے۔ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے بعد تہران حکومت نے گزشتہ ماہ جوہری معاہدے کی پاسداری نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

[pullquote]جرمن چانسلر افریقہ کے اہم دورے پر[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل افریقی ممالک جنوبی افریقہ اور انگولا کے تین روز دورے پر آج جوہانسبرگ پہنچ رہی ہیں۔ اپنے دورے میں جرمن چانسلر یورپ میں افریقی پناگزینوں کی آمد اور تجارتی معاملات پر بات چیت کریں گی۔ جنوبی افریقہ کے دورے پر جرمن کاروباری شخصیات کا ایک وفد بھی چانسلر میرکل کے ہمراہ ہے۔ چانسلر میرکل جنوبی افریقی صدر سیرل راماپوسا سے ملاقات کے بعد جمعے کو انگولا روانہ ہو جائیں گی۔

[pullquote]اداکار کرک ڈگلس انتقال کر گئے[/pullquote]

ہالی ووڈ کے معروف اداکار کرک ڈگلس ایک سو تین برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ لگ بھگ چھ دہائیوں تک سینما اسکرین پر چھائے رہنے والے ڈگلس نے 80 سے زائد فلموں میں کام کیا۔

[pullquote]یورپی یونین کی دو ترک شہریوں پر پابندیاں[/pullquote]

یورپی یونین نے ترکی کے دو شہریوں کے خلاف سفری پابندیاں عائد کرنے اور ان کے اثاثے منجمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ دونوں ترک شہری مشرقی بحیرہ روم میں گیس کی تلاش کے لیے انقرہ کے مشن کا حصہ ہیں۔ قبرص کے قریب بحیرہ روم میں تیل اور گیس کے وسیع ذخائر ہیں جن پر یورپی یونین کے رکن ملک جمہوریہ قبرص اور ترک قبرص دونوں کا دعویٰ ہے۔ انقرہ حکومت نے ان ذخائر کی تلاش کے لیے ڈرلنگ کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، جسے یورپی یونین غیر قانونی قرار دیتی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے