تیسری شادی کا ارمان خاک، بیوی ولیمے میں پہنچ گئیں، دُلہا کی درگت بن گئی

کراچی میں شہری کی تیسری شادی کے موقع پر پہلی بیوی ولیمے میں پہنچ گئی جس کے بعد پہلے دُلہے کو عزت دینے والے باراتیوں نے ہی اس کی دُرگت بنادی۔

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایل میں آصف نامی دُلہے کی ولیمے کی تقریب جاری تھی جہاں اس وقت دُلہے پر قیامت ٹوٹ پڑی جب اس کی پہلی بیوی آفت بن کر بچے سمیت وہاں پہنچ گئی اور دُلہے کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔

آصف کی بیوی نے اپنے شوہر کی تیسری شادی کا پول کھولا تو جو دُلہن والے پہلے آصف کی عزت افزائی میں کوئی کمی نہیں کررہے تھے انہوں نے ہی دُلہے کی خوب دُرگت بنائی اور کپڑے ہی پھاڑ ڈالے۔

دُلہن والوں نے آصف کی جم کر دھلائی کی جس کے بعد بھی ان کی تشفی نہ ہوئی تو انہوں نے دُلہے کو پولیس کا مہمان بنادیا۔

پولیس تقریب میں پہنچی اور دُلہے کو حراست میں لے کر دونوں پارٹیوں کو عدالت جانے کا مشورہ دے دیا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ یہ سول معاملہ ہے اور عدالت میں حل ہوگا، ان کے پاس دُلہے کو حراست میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں البتہ دُلہا عزت افزائی کے بعد زخمی حالت میں آیا اور قانونی کارروائی چاہتا ہے تو اسے ایم ایل او کے لیے عباسی شہید اسپتال بھیج دیا ہے۔

پولیس سے اللہ اللہ کرکے جان چھوٹی تو دُلہے کی ایک بار پھر شامت آئی، مشتعل باراتیوں نے آصف کا پیچھا لے لیا اور تھانے سے نکلنے کے بعد اسے دوبارہ پکڑنے کی کوشش کی لیکن قسمت کے مارے دُلہا نے ٹرک کے پیچھے چھپ کر جان بچائی اور کچھ لوگوں نے وہاں اس کی مشتعل ہجوم سے جان بخشی کرائی۔

میڈیا سے گفتگو میں دُلہے آصف نے دعویٰ کیا کہ وہ اپنی پہلی بیوی سے علیحدگی اختیار کرچکا ہے اور اس نے تشدد کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرادیا ہے۔

اس دوران دلہا کی دوسری بیوی بھی تھانے پہنچ گئی اور اپنی بپتا میڈیا کو سنادی۔

واضح رہے کہ مسلم فیملی آرڈیننس1961 کے مطابق دوسری شادی کے لیے پہلی بیوی کی تحریری اجازت کی ضرورت ہوتی ہے۔ 2016 اور 2107 میں پنجاب میں دوسری شادی پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر کرنے پر 2 افراد کو قید اور جرمانے کی سزائیں بھی ہوچکی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے