ملاوٹ کسی صورت برداشت نہیں، ایک ہفتے میں نیشنل ایکشن پلان بنایا جائے: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دودھ، گوشت، دالوں جیسی روزمرہ کی اشیاء میں ملاوٹ کسی صورت قابل قبول نہیں، ملاوٹ کے خلاف ایک ہفتے میں نیشنل ایکشن پلان بنایا جائے، قومی ایمرجنسی نافذ کی جائے۔

وزیراعظم نے کراچی میں آٹے کی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ کو ہدایت کی ہے کہ آٹے کی قیمت پر قابو پانے کے حوالے سے فوری اقدامات یقینی بنائیں۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء اسد عمر، خسرو بختیار، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد و دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز بھی وڈیو کانفرنس کے ذریعے شریک ہوئے۔

اجلاس میں ملک بھر میں اشیائے خورو نوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا، وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پاسکو کی جانب سے سندھ کو4 لاکھ ٹن گندم کی فراہمی تقریباً مکمل ہوچکی ہے، سندھ کی جانب سے ایک لاکھ ٹن مزید گندم کی فراہمی کی درخواست پر اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اجلاس میں غور کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ ملاوٹ کے خلاف ایمرجنسی کا نفاذ، نیشنل ایکشن پلان ایک ہفتے میں مرتب کیا جائے، ملاوٹ کرنے والے ہماری عوام خصوصاً بچوں کی صحت اور زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کی صحت سے کھیلنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی، ملاوٹ کے خلاف قومی سطح پر ایمرجنسی کانفاذ کرکے اس کا تدارک کیا جائے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے