جمعہ : 21 فروری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]خلیفہ ہفترکی ترک فوج کے خلاف کارروائیوں کی دھمکی[/pullquote]

لیبیا کے جنگجو بااثر سردار خلیفہ ہفتر نے جینوا اجلاس میں جاری امن مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں ترک دستوں کے خلاف لڑنے کے عزم کا اعائدہ کیا ہے۔ روسی خبر رساں ادارے’ آر آئی اے‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا اگر جنیوا مذاکرات لیبیا میں امن و سلامتی کا باعث نہیں بنتے، مطلب پرست فوجی وہاں واپس نہیں جاتے، جہاں سےانہیں لایا گیا ہے، تو مسلح فوج اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے ترک عثمانیہ حملہ آورں کے خلاف کارروائی کریں گی۔ جنیوا میں فریقین کے مابین مذاکرات کی ناکامی کے بعد بات چیت کا دوسرا دور جمعرات سے شروع ہوا ہے۔ ہفتر کو روسی پشت پناہی حاصل ہے۔

[pullquote]جرمن سوشل ڈیموکریٹس کا اے ایف ڈی‘ کی نگرانی کا مطالبہ[/pullquote]

جرمنی میں سوشل ڈیموکریکٹ پارٹی ’ایس پی ڈی‘ نے دائیں بازو کے نظریات کی حامل جماعت ’اے ایف ڈی‘ کی آئینی تحفظ کے ادارے سے نگرانی کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایس پی ڈی جنرل سکریٹری لارس کلنگبائل کے مطابق ہاناؤ میں ایک شخص نے کئی افراد کو گولی مار دی لیکن بہت سے ایسے ہوں گے، جنہوں نے اس مبینہ حملہ آور کی مدد کی ہو گی۔ ان کے بقول ’اے ایف ڈی‘ لازمی طور پر ان میں شامل ہے۔کلنگبائل کے بقول اس جماعت نے گزشتہ برسوں کے دوران معاشرتی ماحول کو زہر آلود کر دیا ہے۔

[pullquote]جرمنی میں حساس مقامات کی نگرانی بڑھانے کا فیصلہ[/pullquote]

جرمن شہر ہاناؤ میں حقہ بارز پر حملے کے بعد ملک بھر میں سلامتی کے انتظامات سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے آج جمعے کو اپنے بیان میں کہا کہ خصوصی طور پر مساجد، ہوائی اڈوں اور ٹرین اسٹیشنوں جیسے حساس مقامات کے ارد گرد حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے دائیں بازو کے شدت پسندوں اور ہاناؤ کے طرح کے دیگر حملوں کے شدید خطرے کی جانب اشارہ کیا۔ جرمن وزیر داخلہ نے ہاناؤ کے واقعے کو دائیں بازو کا دہشت گردانہ حملہ قرار دیا۔

[pullquote]ہاناؤ میں نسل پرستانہ حملے کے بعد ملک بھر میں سوگوار تقریبات[/pullquote]

جرمنی میں گزشتہ شب ہاناؤ کے دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہونے والوں کے سوگ میں تقاریب کا انعقاد ہوا۔ تفصیلات کے مطابق پچاس سے زائد شہروں میں سیاستدانوں، شہریوں اور کلیسا کے نمائندوں نے دعائیہ تقریبات میں شرکت کی۔ اس موقع پر جرمن صدر فرانک والٹر شٹائن مائر نے اسے دہشت گردی کی ایک وحشیانہ کارروائی قرار دیا۔ چانسلر انگیلا میرکل نے بھی اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بدھ کی شام ہاناؤ میں ایک شخص نے دو حقہ بارز پر فائرنگ کرتے ہوئے نو افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ بعد ازاں مبینہ حملہ آور نے اپنی اور اپنی والدہ کی جان بھی لے لی تھی اور ان دونوں کی لاشیں ان ہی کے گھر سے برآمد ہوئی تھیں۔

[pullquote]چین میں کووڈ انیس کے متاثرین کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے[/pullquote]

چین میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد مستقل بڑھتی جا رہی ہے۔ چینی حکام نے بتایا ہے کہ جمعرات کو مزید 889 افراد میں اس وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے۔ گزشتہ روز یہ تعداد 394 تھی۔ چین میں اس مہلک وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں 118 کے اضافے کے ساتھ 2236 ہو گئی ہیں۔ دوسری جانب جنوبی کوریا میں کورونا کے مزید باون نئے واقعات سامنے آئے ہیں۔ ایران میں اس وائرس کی موجودگی کے بعد عراق نے پڑوسی ملک ساتھ اپنی سرحد بند کر دی ہے۔ چینی حکام نے اپریل کے آخر میں کورونا کے خلاف اپنی نئی ویکسین کے تجربے اعلان کیا ہے۔

[pullquote]افغانستان: تشدد میں سات روز کی کمی پر نیم شب سے عملدرآمد شروع ہوگا[/pullquote]

طالبان، امریکی اور افغان دستوں کے مابین تشدد میں کمی پر جو اتفاق ہوا تھا اُس پر عملدرآمد آج نیم شب سے شروع ہو جائے گا۔ قومی سلامتی کی افغان کونسل کے ترجمان جاوید فیصل کے مطابق ابتدائی طور پر یہ اتفاق رائے سات روز کے لیے ہے، جس کا آغاز بائیس فروری یعنی ہفتے سے ہو گا۔ یہ پیش رفت ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے، جب واشنگٹن اور افغان طالبان کے درمیان کسی امن معاہدے کے طے ہونے کے امکانات بہت واضح ہو گئے ہیں۔ امریکی حکام اور طالبان کے مابین براہ راست بات چیت کا سلسلہ 2018ء میں شروع ہوا تھا۔

[pullquote]ایران میں پارلیمانی انتخابات[/pullquote]

ایران میں آج نئی پارلیمان منتخب کی جا رہی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق سات ہزار سے زائد امیدواروں کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد ووٹنگ کا تناسب کم رہنے کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے زیادہ تر اعتدال اور اصلاحات پسند امیدواروں کے کاغذات مسترد کیے ۔ اس وجہ سے نئی ایرانی پارلیمان میں قدامت پسند سخت گیر موقف رکھنے والوں کی اکثریت کا امکان ہے۔ ایران میں اہل ووٹرز کی تعداد 58 ملین ہے۔ پارلیمانی انتخابات کے حتمی نتائج ممکنہ طور پر اگلے تین روز میں سامنے آ جائیں گے۔

[pullquote]ادلب میں شامی فوج کی کارروائی باعث مذمت ہے، یورپی یونین[/pullquote]

ستائیس رکنی یورپی یونین نے آج جمعے کو ادلب میں شامی حکومت کی عسکری کارروائی کی کڑی مذمت کی ہے۔ یورپی کونسل کے مطابق ادلب میں شامی دستوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کی نئی پیش قدمی ایک بڑے انسانی المیے کا سبب بن رہی ہے اور یہ ناقابل قبول ہے۔ اس بیان میں تمام فریقین سے انسانیت کے بین الاقوامی قوانین کے احترام کا مطالبہ کیا ہے۔ یورپی کونسل کا یہ بیان یورپی یونین کے بجٹ اجلاس کے دوران جاری کیا گیا۔ امدادی تنظیمیں ادلب میں فوری فائر بندی کا مطالبہ کر رہی ہیں۔

[pullquote]بیلجیم کارنیوال کی پریڈ منسوخ کرے، اسرائیل کا مطالبہ[/pullquote]

اسرائیل نے بیلجیم سے ’آلوس‘ کی کارنیوال پریڈ منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کے مطابق ایک مغربی جمہوریت ہونے کے ناطے بیلجیم کوکسی’سامیت دشمن اور زہر آلود‘ فلوٹ کی نمائش پر شرم آنا چاہیے۔ گزشتہ برس کارنیوال کے موقع پر ایسے ہی ایک فلوٹ پر چوٹیاں باندھے ہوئے دو یہودیوں کو دکھایا گیا تھا، جن کے چہرے عجیب و غریب تھے اور وہ پیسوں سے بھری تھیلوں پر کھڑے ہوئے تھے۔ تب کہا گیا تھا کہ اس طرح کا طنز دراصل قرون وسطٰی اور نازی جرمن دور کی سوچ کا عکاس تھا۔ آلوس کے میئر نے اسرائیلی وزارت خارجہ کے مطالبے کو غیر مناسب قرار دیا ہے۔

[pullquote]لندن میں موذن پر حملہ کرنے والا مبنیہ ملزم زیر حراست[/pullquote]

برطانوی پولیس نے لندن کی ایک مسجد کے موذن کو چاقو سے زخمی کرنے والے مبینہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مشتبہ شخص کو جائے وقوعہ سے قتل کے شبے میں حراست میں لیا گیا ہے۔ یہ واقعہ لندن کے ریجنٹ پارک کے قریب ایک مسجد میں جمعرات کو پیش آیا تھا۔ ستر سال سے زائد کی عمر کے موذن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے