اتوار : 23 فروری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ترک ایران سرحدی علاقے میں زلزلہ[/pullquote]

ترک ایران سرحدی علاقے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہيں۔ یورپیئن میڈیٹیرینین زلزلیاتی مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ سات تھی اور یہ زمین میں پانچ کلومیٹر کی گہرائی میں آيا۔ ترک وزارت داخلہ کے مطابق اس زلزلے کے نتیجے میں مشرقی ترکی میں کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جب کہ متعدد ڈھ جانے والی عمارتوں کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب ایک ایرانی حکومتی عہدیدار کے مطابق زلزلے کی وجہ سے کسی ممکنہ نقصان کا جائزہ لینے کے لیے ایرانی علاقے میں بھی ٹیمیں بھیجی جا چکی ہیں۔

[pullquote]شام کے موضوع پر ترک صدر میرکل، ماکروں اور پوٹن سے ملیں گے[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ وہ شامی علاقے ادلب کی صورت حال پر روسی صدر ولاديمير پوٹن، فرانسیسی صدر امانوئل ماکروں اور جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے ملاقات کریں گے۔ ترک علاقے ازمیر میں اپنے حامیوں سے خطاب میں ایردوآن نے کہا کہ انہوں نے روسی صدر سے ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں ادلب کے حوالے سے ترک عزم کا واضح اظہار کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر انہوں نے چانسلر انگیلا میرکل اور صدر امانوئل ماکروں سے بھی بات کی ہے۔ واضح رہے کہ شامی صوبے ادلب میں شامی فورسز روسی فضائی مدد کے ساتھ باغیوں کے خلاف بڑی عسکری کارروائی میں مصروف ہیں اور اس صورت حال میں وہاں قریب ایک ملین افراد کو گھر بار چھوڑنا پڑا ہے۔

[pullquote]اسرائیلی فورسز نے بم نصب کرنے کی کوشش کرنے والے فلسطینیوں پر فائرنگ کر دی، ایک ہلاک[/pullquote]

اسرائیلی فوج کے مطابق غزہ پٹی میں اسرائیلی سرحد کے قریب دو فلسطینیوں نے بم نصب کرنے کی کوشش کی، جس کے جواب میں ان پر فائرنگ کی گئی۔ اس واقعے میں ایک فلسطینی ہلاک ہو گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق غزہ میں متحرک ’اسلامی جہاد‘ کے جنگجو سرحد پر دھماکا خیز مواد نصب کرنے کی کوشش میں تھے۔ اس واقعے کے بعد درجنوں فلسطینیوں نے لاش اٹھانے پہنچنے والے اسرائیلی بلڈوزر پر پتھراؤ کیا۔

[pullquote]حوثی باغیوں کا بحری حملہ ناکام بنا دیا، سعودی اتحاد[/pullquote]

سعودی قیادت میں عرب عسکری اتحاد کے مطابق بحیرہ احمر میں حوثی باغیوں کی جانب ایک بحری حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ عرب اتحاد کے مطابق حوثی باغی ایک بڑے بحری حملے کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔ بتایا گیا ہے کہ عرب فورسز نے مغربی یمنی بندرگاہ حدیدہ سے نکلنے والی ایک بے مسافر کشتی کو تباہ کر دیا ہے، جس پر بھاری مقدار میں باردوی مواد لدا ہوا تھا۔ حوثی باغیوں کی جانب سے فی الحال ان خبروں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔

[pullquote]غیرملکی میڈیا نے ووٹروں حوصلہ شکنی کی، خامنہ ای[/pullquote]

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے الزام عائد کیا ہے کہ غیر ملکی میڈیا نے ایران میں کورونا وائرس کی بیماری کی رپورٹنگ کے ذریعے لوگوں کی پارلیمانی انتخابات میں شرکت کی حوصلہ شکنی کی۔ ان کا یہ بیان حالیہ انتخابات میں انتہائی کم ووٹرز ٹرن آؤٹ کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات کے خلاف پروپیگنڈا مہم کئی ماہ سے جاری رہی تاہم گزشتہ دو ماہ میں اس میں شدت آئی۔ خامنہ ای نے کہا کہ ووٹروں کی حوصلہ شکنی کے لیے میڈیا نے کوئی معمولی موقع بھی ہاتھ سے نہ جانے دیا۔ واضح رہے کہ پارلیمانی انتخابات کے موقع پر ایران میں کئی مقامات پر لوگ ماسک پہنے دکھائی دیے۔ کورونا وائرس کے شکار افراد کے اعتبار سے چین اور جنوبی کوریا کے بعد ایران سب سے آگے ہے۔

[pullquote]جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں نمایاں اضافہ[/pullquote]

جنوبی کوریا میں اتوار کے روز کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ایران اور اٹلی نے اس متعدی وبا سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والا مرض کووِڈ 19 چینی علاقے ووہان میں پھوٹا تھا اور اب یہ دنیا کے 25 ممالک میں 77 ہزار سے زائد افراد کو نشانہ بنا چکا ہے۔ اتوار کے روز جنوبی کوریا میں اس وائرس سے متاثرہ مزید 123 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے۔ اس طرح جنوبی کوریا میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 556 ہو چکی ہے۔

[pullquote]سعودی عرب میں جی ٹوئنٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس جاری[/pullquote]

سعودی دارالحکومت ریاض میں جی ٹوئنٹی کے رکن ممالک کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے سربراہان کا اجلاس جاری ہے۔ یہ دو روزہ اجلاس ہفتے کو شروع ہوا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اس اجلاس میں دنیا کی بیس بڑی اقتصادیات عالمی معیشت کو درپیش خطرات، کورونا وائرس کی وجہ سے مالیاتی منڈیوں میں مندی اور بین الاقوامی کارپوریٹ ٹیکسیشن کے حوالے سے بات چیت میں مصروف ہیں۔ جی ٹوئنٹی کا سربراہی اجلاس رواں برس نومبر میں منعقد ہونا ہے اور اس وقت جاری اجلاس کا مقصد سربراہی اجلاس کی تیاری ہے۔

[pullquote]جرمنی شہر اشٹٹ گارٹ میں ایک شیشہ بار پر فائرنگ[/pullquote]

ايک نامعلوم حملہ آور نے جنوب مغربی جرمن شہر اشٹٹ گارٹ میں ایک شیشہ بار پر فائرنگ کی۔ پولیس حکام کے مطابق اس واقعے میں کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا تاہم شیشہ بار کی کھڑکیوں کو نقصان پہنچا۔ تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ فائرنگ کے وقت اس عمارت میں کوئی شخص موجود نہیں تھا۔ یہ واقعہ ایک ایسے موقع پر پیش آیا ہے، جب فقط چند روز قبل ہاناؤ شہر میں ایک شخص نے دو شیشہ بارز میں فائرنگ کر کے نو افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

[pullquote]ایران میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد چھ ہو گئی[/pullquote]

ایرانی حکام نے کورونا وائرس کی وجہ سے ایک اور شخص کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ اب تک ایران میں 28 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے، جب کہ حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ وائرس ایران کے کئی شہروں میں پھیل چکا ہے۔ گزشتہ روز پارلیمانی انتخابات کے لیے ووٹنگ کے وقت بھی لوگوں کے چہروں پر ماسک دکھائی دے رہے تھے۔ یہ بات اہم ہے کہ چین کے علاوہ ایران اور جنوبی کوریا میں سب سے زیادہ افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

[pullquote]ہیمبرگ میں ریاستی انتخابات، پولنگ جاری[/pullquote]

شمالی جرمن شہر ہیمبرگ میں ریاستی انتخابات میں عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ اس ریاست میں سوشل ڈیموکریٹ جماعت ایس پی ڈی کو توقع ہے کہ وہ اپنی برتری قائم رکھے گی، جب کہ گرین پارٹی کا خیال ہے کہ وہ ملک بھر میں اپنی مقبولیت میں اضافے کا فائدہ یہاں بھی دیکھے گی۔ حالیہ عوامی جائزوں میں جرمنی میں گرین پارٹی کی عوامی مقبولیت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ وہ جرمنی کی اس وقت دوسری سب سے بڑی جماعت سوشل ڈیموکریٹک جماعت ایس پی ڈی کو پیچھے چھوڑ سکتی ہے۔

[pullquote]اسرائیلی ٹیم کی متحدہ عرب امارات سائیکل ریس میں شرکت[/pullquote]

اسرائیلی ٹیم نے اتوار کے روز متحدہ عرب امارات میں پہلی دفعہ ایک سائیکل ریس میں شرکت کی۔ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات نہیں ہیں اور اس تناظر میں اس شرکت سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری کے اشارے مل رہے ہیں۔ حالیہ کچھ عرصے میں اسرائیلی اتھلیٹس اور حکام نے متعدد مواقع پر متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا ہے۔ اسرائیلی سائیکلسٹس کی ٹیم کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ کی اہم سائیکل ریس میں شرکت کرنے والی پہلی اسرائیلی ٹیم ہے۔ واضح رہے کہ عرب دنیا میں فقط اردن اور مصر کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے