نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کا معاملہ، پنجاب کابینہ کے اجلا س کی اندرونی کہانی

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت کے معاملے پر پنجاب کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی سربراہی میں ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں چیف سیکریٹری اعظم سلیمان نے نوازشریف کی ضمانت پر گفتگو کا آغاز کیا جب کہ سیکریٹری داخلہ مومن آغا نے کابینہ کو ضمانت کے معاملے کی کارروائی پر بریف کیا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کابینہ کے 7 وزرا نے نواز شریف کی ضمانت کی بھرپور مخالفت کی جب کہ اہم وزرا خاموش رہے، اس کے بعد تمام وزرا نے حتمی فیصلے کا اختیار وزیر اعلیٰ کو دیا۔

اجلاس کے دوران ڈاکٹر اختر ملک اپنی ہی حکومت پر برس پڑے اور کہا کہ پنجاب حکومت نے غلط رپورٹس بنائیں اور غلط رپورٹس کے باعث نوازشریف باہر چلے گئے۔

اس موقع پر وزیر صحت یاسمین راشد نے کابینہ میں وضاحت پیش کی کہ کوئی غلط رپورٹ نہیں بنائی گئی۔

بعدازاں کابینہ ارکان نے متفق ہوکر کہا کہ جو فیصلہ وزیر اعلیٰ کریں ہمیں قبول ہوگا جب کہ ساتھ ہی تجویز بھی پیش کی کہ وفاقی حکومت کی رائے بھی لے لی جائے۔

کابینہ ارکان کی رائے پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ وفاقی حکومت آن بورڈ ہے اور تمام کاروائی سے آگاہ رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام شواہد کے بعد نواز شریف کی ضمانت میں توسیع نہیں دے سکتے۔

[pullquote]نوازشریف کی ضمانت میں توسیع نہ کرنا سیاسی انتقام کا ثبوت ہے: شہباز شریف[/pullquote]

سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے نوازشریف کی ضمانت میں توسیع نہ دینے کے پنجاب حکومت کے فیصلے کی مذمت ہے۔

اپنے بیان میں شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے نوازشریف کے بیرون ملک علاج کیلئے رپورٹ پر دستخط کیے تھے، اب حکومت کا فیصلہ حکمرانوں کی کم ظرفی اور سیاسی انتقام کا ثبوت ہے، آج پنجاب حکومت نے سیاسی انتقام کی بناء پر اپنے ہی فیصلے کے خلاف فیصلہ دیا۔

انہوں نےکہا کہ پنجاب حکومت کا یہ جھوٹ قابل مذمت ہے کہ نوازشریف کا علاج یہاں ممکن تھا، حکمرانوں کی کم ظرفی اور چھوٹے پن کا احساس تھا اس لیے عدالت گئے تھے۔

شہبازشریف کا کہنا تھاکہ نوازشریف کے علاج اور ٹیسٹ کی رپورٹس نظام الاوقات کے مطابق جمع کرائی گئیں، علاج کسی بھی انسان کا بنیادی انسانی، قانونی حق ہے، نوازشریف کو زندہ رہنے کے حق سے محروم کیاجارہا ہے، ہم نوازشریف کے علاج پر سمجھوتہ نہیں کریں گے اور ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق ان کا علاج جاری رکھیں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے