بھارت مزید رہنے کے قابل نہیں رہا ۔ عامر خان

ممبئی: بالی ووڈ میں مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سے مشہور اداکار عامر خان نے بھارت میں بڑھتی انتہا پسندی اور عدم برداشت کے باعث ملک چھوڑنے پر غور شروع کردیا ہے۔

بھارت میں بڑھتی ہوئی ہندو انتہا پسندی اور عدم برداشت نے اقلیتوں سے لے کر ملک کے نامور ادیبوں ، شعرا اور بالی ووڈ اداکاروں سمیت دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والوں کو بھی پریشان کردیا ہے جس کے بعد کئی نامور ادیبوں، شاعروں اور فلمسازوں نے اپنے قومی ایوارڈز واپس کرنے کی تحریک شروع کررکھی ہے جب کہ ملک میں بڑھتی انتہاپسندی اور عدم برداشت کے خلاف بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان نے بھی آواز بلند کی تھی تاہم اب ایک اور نامور اداکار مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے ملک چھوڑنے کا عندیہ دیا ہے۔

عامر خان نے ایک صحافتی ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں رونما ہونے والے کئی واقعات نے مجھے سوچنے پر مجبور کردیا ہے جس کے تحت میں اور بالخصوص میری اہلیہ ملک چھوڑنے پر غور کررہے ہیں کیونکہ ملک میں جاری انتہا پسندی کی فضا سے میری اہلیہ بھی خوفزدہ ہیں جس پر انہوں نے ہندوستان چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے تاہم خود بھی ملک میں بڑھتے ہوئے عدم تحفظ کے احساس کو شدت سے محسوس کررہا ہوں۔

بالی ووڈ اسٹار نے ایوارڈ واپس کرنے والے ادیبوں اور فلمسازوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام افراد کو قانون میں رہتے ہوئے انفرادی طور احتجاج کا حق حاصل ہے۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کی جانب سے ملک میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور عدم برداشت کے خلاف آواز اٹھانے پر بی جے پی کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے