میر شکیل الرحمان کی کارکنوں سے کل ہونے والا احتجاج مؤخر کرنے کی درخواست

جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان نے اپنے کارکنوں سے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے ان کی حراست کے خلاف کل ہونے والا احتجاج مؤخر کرنے کی درخواست کردی۔

میر شکیل الرحمان نے تمام صحافی برادری ، انسانی حقوق کے کارکنوں، قانونی ماہرین اور تنظیموں سے درخواست کی کہ وہ حکومت کی صحت سے متعلق ہدایات پر عمل کریں اور اپنا خیال رکھیں تاکہ محفوظ رہ سکیں۔

علاوہ ازیں پشاور میں جیو اور جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی گرفتاری اور میڈیا کے خلاف انتقامی کارروائی کے خلاف اخبارفروش یونین نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔

اخبار فروش یونین نے میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کو ملک کے سب سے بڑے میڈیا گروپ کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہا ئی کا مطالبہ کیا ۔

پشاور میں اخبار فروش یونین نے جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کے خلاف جنگ ، جیو اور دی نیوز کے دفاتر کے باہر احتجاج کیا ۔، مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر میر شکیل الرحمان کی غیر قانونی گرفتاری اور صحافت پر حملے کیخلاف نعرے درج تھے ۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے اخبار فروش یونین کے صوبائی صدر محمد فیاض نے میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کو ملک کے سب سے بڑے میڈیا گروپ کو نقصان پہنچانے کی سازش قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ جنگ اور جیو پر پہلے بھی حملے ہوئےاب بھی سازشی عناصر کو کامیابی نہیں ملے گی ۔ مقررین نے میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔

خیال رہے کہ 12 مارچ کو جنگ اور جیو نیوز کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے لاہور آفس میں پیشی کے دوران گرفتار کرلیا تھا۔

ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کو نیب نے پرائیوٹ پراپرٹی کیس میں گرفتار کیا۔

13 مارچ کو لاہور کی احتساب عدالت نے جنگ اور جیو نیوز کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کو 12 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے