کرونا وائرس ، کچھ غلط دُعائیں

اے اللہ پاک آج ہم آپ سے اپنی کچھ غلطیوں/ غلط فہمیوں کا ازالہ کروانا چاہتے ہیں ۔

اے اللہ پاک ہمیں آج تک لگتا تھا کہ ہماری قوم کی نوجوان نسل کو سدھرنے کی ضرورت ہے پر ہم غلط تھے میرے مولا ، ہماری اصل بگڑی ہوئی نسل تو ہمارے بزرگوں پہ مشتمل ہے تو انہیں ہدایت دے ۔

اے اللہ پاک تو جانتا ہے انکی تیرے گھر سے اچانک بڑھ جانے والی محبت محض چسکے لینے کے علاوہ اور کچھ نہیں ۔ یہ وہابی ذکر و اذکار کے بجائے محض حالت حاضرہ پہ گفتگو کرتے ہیں ۔

اے اللہ پاک تو جانتا ہے کہ اچانک جو انہیں چہل قدمیوں کا شوق چڑھا ہے یہ انکی اپنی صحت سے متعلق فکرمندی کے بجائے صرف اجتماعی گپ شپی گروپ بنا کر موجودہ وبائی بیماری کے بارے میں رات گئے تک لمبی لمبی گپیں چھوڑنے کا بہانہ ہے ۔

اے اللہ پاک تو جانتا ہے ہم کمزور ہیں ، اگر ان پہ سختی کریں تو گناہگار کہلائیں اور اگر نرمی سے بات کریں تو فارمی چوزے کمزور نسل کا خطاب پائیں ۔

میرے مولا تو بہتر جانتا ہے کہ ہم ان پہ سختی تو خواب و خیال میں بھی نہیں کر سکتے اور ویسے بھی ہمارا ان کے گھر کے سوا کوئی ٹھکانہ بھی نہیں ہے کہ یہ ناک پہ مکھی تک نہیں بیٹھنے دیتے لہٰذا مجھے ڈر ہے کہیں یہ زیادہ سمجھانے پہ ہمیں گھر سے باہر نہ نکل دیں ۔ اس کورونا زدہ دنیا میں کہاں بھٹکیں گے ہم؟

اے میرے مولا انہیں ہدایت دے اور گر انکے نصیب میں گھر بیٹھنے والی عقل سلیم نہیں رکھی تو پلیز انکے کمر گٹھنے کا درد تھوڑا سا بڑھا دیں تا کہ یہ گھر آرام کرسکیں۔ میں تجھے یقین دلاتا ہوں کہ ہم نوجوان چوبیس گھنٹے انکی کمر کا مساج اور پیروں کو دبانا بخوشی قبول کریں گے ۔

اے اللہ پاک تو ہر شے پہ قادر ہے تو بہتر جانتا ہے کہ اکثریت میں نوجوان نسل اپنے بزرگوں سے متعلق یہی شکایات کرنا چاہتی ہے پر گستاخی کے ڈر سے بول نہیں پاتی ہے ، اے اللہ تو دلوں میں چھپی ہماری بے بس عرضیاں سن لے ۔

میرے مالک تیرے یہ بزرگ بندے "جوانی پھر نہیں آنی” اور "زندگی نہ ملے گی دوبارہ” کو خود پہ سوار کر کے کورونا کو اپنی دیرینہ محبت سمجھ بیٹھے ہیں ، انکی اس اچانک جاگ جانے والی مستانی ہیرو گری سے انہیں باز رکھ ۔

اے اللہ پاک آج میں نے محلے کے بزرگوں کے مل بیٹھنے کے ٹھکانے بابت رینجرز کو جو مخبری کی ہے اس پہ مجھے معاف فرمانا ۔ تو بہتر جانتا ہے کہ میں نے یہ سب انکی بہتری کیلئے کیا ہے ، ان میں جو خلیل چچا ہیں اگر رینجرز والے "غلطی” سے ہی انہیں ہلکی سی سوٹی چپکا دیں کہ اس ایک بندے نے محلے کے بیس بزرگوں کو عجیب جھوٹے قصے سنا سنا کر اپنی اولاد سے باغی بنایا ہوا ہے۔ اے میرے مالک اس خلیل چاچا کو ہدایت دے اگر انکے نصیب میں ہدایت نہیں لکھی تو دوران رینجرز چھاپہ انکے گھر سے اسلحہ نکلوادے یا غیب سے کسی طرح ان کہ تعلق ایم کیو ایم لندن سے نکلوا دے تاکہ تین ماہ کے لیے یہ یہودی سازش نامی چاچا میرے ابا حضور بشمول دیگر ڈیڑھ درجن بزرگوں کی جان چھوڑے ۔

اے اللہ پاک تو بہتر جانتا ہے کہ فیس بک پہ دعا مانگنے کی ایک بڑی وجہ تُجھ سے زیادہ اُن بزرگوں کو سنانا ہے جو اپنی اولاد کیلئے سخت آزمائش بنے ہوئے ہیں لہٰذا یہیں اسی فورم کے ذریعہ میری دعا قبول فرما دے ۔

آمین یا رب العالمین

فقط

ایک بے بس و لاچار اولاد

ملک جہانگیر اقبال

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے