جمعۃالمبارک : 27 مارچ 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]برطانوی وزیراعظم بھی نئے کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے[/pullquote]

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن بھی کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم جانسن نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے کورونا وائرس کی معتدل علامات کا سامنا تھا اور ٹیسٹ پازیٹیو آنے کے بعد وہ خود ہی قرنطینہ میں جا رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا ہے کہ وہ منصبی ذمہ داریاں ادا کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ گزشتہ روز برطانوی شہزادہ چارلس میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

[pullquote]فلپائن کی اعلی قیادت قرنطینہ میں[/pullquote]

فلپائن کی اعلی حکومتی قیادت ملکی فوجی سربراہ کو کورونا وائرس ہونے کے بعد قرنطینہ میں چلی گئی ہے۔ فلپائن کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل فلیمون سانتوس بے خبری میں ملکی کابینہ کے ساتھ متعدد میٹینگز کر چکے تھے اور جمعے کے روز علم ہوا کہ وہ بھی کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔ جو اعلی حکومتی شخصیات قرنطینہ میں گئی ہیں، ان میں ملکی صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے بھی شامل ہیں۔ فلپائن میں اب تک کورونا وائرس کے سات سو سے زائد کیس سامنے آ چکے ہیں جبکہ وہاں اس مہلک بیماری سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد پینتالیس ہے۔

[pullquote]جرمن کمپنی بوش نے ’کورونا ریپڈ ٹیسٹ‘ ٹیکنالوجی تیار کر لی[/pullquote]

جرمن کمپنی بوش نے ’کورونا ریپڈ ٹیسٹ‘ ٹیکنالوجی تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ کلینکس اور ہسپتالوں میں ان کی ایجاد کردہ ٹیکنالوجی سے کورونا ٹیسٹ کرنے میں دو گھنٹے سے بھی کم وقت لگے گا۔ اس کمپنی کے مطابق ان کی ٹیکنالوجی کے نتائج پچانوے فیصد درست آئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان کی ٹیکنالوجی عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کے معیارات پر بھی پورا اترتی ہے۔

[pullquote]ایران میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 144 افراد ہلاک[/pullquote]

ایران میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 144 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یوں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2378 ہو گئی ہے۔ اس دوران مزید 2926 افراد کووڈ انیس سے متاثر بھی ہوئے ہیں۔ ایرانی وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہان پور کے مطابق دوبارہ صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد بھی گیارہ ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ دریں اثنا ایرانی فوج نے تہران کے قریب ایک نمائش گاہ میں دو ہزار بستروں پر مشتمل ہنگامی ہسپتال کی تیاری مکمل کر لی ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس، جرمنوں کی اکثریت حکومتی اقدامات سے مطمئن[/pullquote]

جرمن شہریوں کی اکثریت کورونا وائرس کی وبا کے سلسلے میں کیے گئے حکومتی اقدامات سے مطمئن ہیں۔ یوگوو کے سروے کے مطابق اکاون فیصد جرمنوں کے نزدیک جرمن حکومت صورت حال سے ’بہت بہتر‘ انداز میں نمٹ رہی ہے۔ دوسری جانب چالیس فیصد افراد کی رائے میں حکومت کا ردِ عمل مزید بہتر ہو سکتا تھا۔ سروے میں دو ہزار جرمن شہریوں سے سوالات پوچھے گئے تھے۔ دوسری جانب ایک عشاریہ ایک ٹریلین یورو کے حکومتی مالی امدادی پیکج کو آج جرمن ایوان بالا ’بنڈس راٹ‘ سے بھی منظوری مل گئی ہے۔

[pullquote]امریکا میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہو گئی[/pullquote]

امریکا میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہو گئی ہے۔ قبل ازیں اکیاسی ہزار آٹھ سو مریضوں کے ساتھ چین سرفہرست تھا۔ امریکا میں کورونا وائرس کی نئی قسم سے پچاسی ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ تیسرے نمبر پر اس وبائی مرض سے متاثرہ ترین ممالک میں اٹلی آتا ہے، جہاں ایسے مریضوں کی تعداد اسی ہزار چھ سو کے قریب ہے۔ دنیا بھر میں کووڈ انیس سے متاثرہ افراد کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے اور اس میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

[pullquote]امریکی صدر کی اپنے چینی ہم منصب سے گفتگو[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کورونا وائرس کی وبا کے خلاف جنگ میں تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ٹویٹر پر صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چین وائرس کے خلاف تجربہ اور مہارت رکھتا ہے، جس کی وجہ سے وہ قابل احترام ہے۔ دوسری جانب چینی صدر نے امریکا سے کورونا وائرس کے خلاف مل کر مقابلہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثناء چین میں کورونا وائرس کے نئے مریضوں کی تعداد تقریبا نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ امریکا میں ایسے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس، افغانستان دس ہزار قیدیوں کو رہا کرے گا[/pullquote]

کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر افغانستان نے پچپن سال سے زائد عمر کے کم از کم دس ہزار قیدی رہا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ان میں طالبان قیدی شامل نہیں ہیں جبکہ آئندہ دس روز میں یہ عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ افغانستان میں ابھی تک کورونا کے اکانوے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد تین ہے۔ قبل ازیں انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے حکومتوں سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر چھوٹے جرائم میں ملوث افراد کو جیلوں رہا کر دیں۔

[pullquote]جرمنی، مہاجرین کے خلاف زیادہ حملے[/pullquote]

جرمن قومی سلامتی کے اداروں کے مطابق گزشتہ برس ملک میں موجود مہاجرین کے خلاف سولہ سو بیس حملے کیے گئے اور ان حملوں کے نتیجے میں دو سو انتیس افراد زخمی ہوئے۔ جاری ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق ایسے دو سو ساٹھ حملوں میں دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ اسی طرح ایک سو اٹھائیس حملے مہاجرین کیمپوں پر کیے گئے۔ ان میں سے ایک سو اٹھارہ حملے دائیں بازو کے انتہاپسندوں نے کیے۔

[pullquote]یورپ، مارکیٹ میں کورونا وائرس کی جعلی ادویات[/pullquote]

یوروپول نے مارکیٹ میں کورونا وائرس کے خلاف آنے والی جعلی ادویات سے خبردار کیا ہے۔ یورپی پولیس نے دی ہیگ میں رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جرائم پیشہ گروہ ایک نئی منصوبہ بندی کے ساتھ مارکیٹ میں جعلی ادویات فروخت کر رہے ہیں۔ حکام کے مطابق اس تناظر میں سائبرکرائم، دھوکا دہی اور جعل سازی کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایک خاص طریقے سے کورونا وائرس کے خلاف جعلی ادویات کے موثر ہونے کے حوالے سے رپورٹیں بھی شائع کی جا رہی ہیں۔

[pullquote]کورونا وائرس بحران، جی ٹوئنٹی ممالک پانچ ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری چاہتے ہیں[/pullquote]

جی ٹوئنٹی ممالک کورونا وائرس بحران کے پیش نظر عالمی اقتصادی منڈیوں میں پانچ ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ صنعتی اور ابھرتے ہوئے ممالک کی اس تنظیم نے ایک ویڈیو کانفرنس کے بعد بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مقصد اعتماد سازی اور مالی منڈیوں کے استحکام کے ساتھ ساتھ کرونا وائرس کے بحران کا مقابلہ کرنا ہے۔ ان ممالک کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں مشترکہ لائحہ عمل اپناتے ہوئے ہی عالمی معیشت کو کسی بڑے دھچکے سے بچایا جا سکتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے