بدھ: یکم اپریل 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]حج کے منصوبے کو فی الحال موخر کر دیں، سعودی عرب[/pullquote]

سعودی عرب نے ایک ملین سے زائد مسلمان زائرین سے اپیل کی ہے کہ وہ رواں برس حج کرنے کے منصوبے کو فی الحال مؤخر کر دیں۔ سعودی وزیر برائے حج و عمرہ محمد صالح بن طاہر کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ آئندہ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہی کیا جائے گا۔ فروی میں کورونا وائرس کی وجہ سے غیرمعمولی فیصلہ کرتے ہوئے مکہ میں مسجد الحرام اور مدینہ میں مسجد نبوی کو غیر ملکی زائرین کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔ سعودی عرب میں ابھی تک کورونا وائرس کے پندرہ سو سے زائد مریض سامنے آ چکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد دس بتائی گئی ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس، ایران میں ہلاکتوں کی تعداد تین ہزار سے زائد[/pullquote]

ایران میں مہلک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد تین ہزار سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ ایرانی وزیر صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید ایک سو اڑتیس افراد اس وبا کی وجہ سے ہلاک ہو گئے ہیں۔ کورونا وائرس کے تقریباﹰ تین ہزار نئے کیسز کے ساتھ وہاں متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر اب پینتالیس ہزار چھ سو تک پہنچ چکی ہے۔ ابھی تک پندرہ ہزار چار سو تہتر مریضوں کے صحت یاب ہونے کا بتایا گیا ہے۔ دوسری جانب ایران میں تیز بارشوں کی وجہ سے آنے والے سیلاب کی وجہ سے کم از کم اکیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

[pullquote]افغانستان میں فائر بندی کی جائے، سکیورٹی کونسل[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے افغان تنازعے کے فریقین سے جلد از جلد فائربندی کی اپیل کی ہے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق جنگ بندی ہونے کی صورت میں ہی ملک بھر میں کورونا وائرس کے خلاف انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کی جا سکتی ہے۔ افغان صدر اشرف غنی اور ان کے حریف عبداللہ عبداللہ اقتدار کی جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ چند روز پہلے امریکا نے افغانستان کی مالی امداد واضح طور پر کم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ افغانستان میں بڑے پیمانے پر کورونا وائرس پھیلنے کا خطرہ ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس بحران، دنیا میں ہلاکتوں کی تعداد 43 ہزار سے متجاوز[/pullquote]

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد آٹھ لاکھ ستر ہزار سے بھی تجاوز کر گئی ہے جبکہ اس مہلک وائرس کی وجہ سے تینتالیس ہزار سے زائد اموات واقع ہو چکی ہیں۔ اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انٹونیو گوٹیرش نے اس وبائی مرض کو دوسری عالمی جنگ کے بعد دنیا کا بدترین انسانی بحران قرار دیا ہے۔ اس وقت دنیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی سب سے زیادہ تعداد تقریباﹰ دو لاکھ امریکا میں ہے۔ اس ملک میں اس بیماری کے باعث ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ امریکی صدر نے قوم کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ دو ہفتے انتہائی تکلیف دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ دوسری جانب اٹلی میں متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے بھی بڑھ گئی ہے جبکہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ بارہ ہزار سے زائد ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس کے خلاف ’عالمی اتحاد‘ کی ضرورت، جرمنی[/pullquote]

جرمن صدر فرانک والٹر شٹائن مائر نے کورونا وائرس کے بحران سے نمٹنے کے لیے ’نئے عالمی اتحاد‘ کے قیام کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق جرمن صدر نے متعدد ممالک کو لکھے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ اس وبا سے سبھی متاثر ہوئے ہیں لہذا اس کا مل کر مقابلہ کیا جانا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا اس مہلک مرض نے کسی امیر یا غریب ملک کو نہیں بخشا۔ جرمنی میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 72 ہزار کے قریب پہنچ ہو چکی ہے جبکہ اس ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 775 ہے۔

[pullquote]امریکا نے وینزویلا کے لیے عبوری حکومت کا مطالبہ کر دیا[/pullquote]

امریکا نے وینزویلا میں اپنا پرانا مطالبہ تبدیل کرتے ہوئے وہاں عبوری حکومت کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔ قبل ازیں امریکا کہتا آ رہا تھا کہ اس ملک میں صدر مادورو کی حکومت کا خاتمہ اور نئی حکومت کا آنا ضروری ہے۔ اپوزیشن رہنما خوآن گوآئیڈو نے خود کو ملکی صدر قرار دے دیا تھا اور انہیں امریکا کی حمایت بھی حاصل تھی۔ اب امریکا نے ان کی حمایت بھی بطور صدر ترک کر دی ہے۔ نئے امریکی بیان میں انہیں صدر نکولاس مادورو کے ساتھ مل کر ایک عبوری حکومت قائم کرنے کا کہا گیا ہے، جو آئندہ انتخابات کی راہ ہموار کرے۔

[pullquote]امریکی پابندیوں سے بچنے کے لیے ایران اور یورپ میں نیا تجارتی سسٹم فعال[/pullquote]

یورپ اور ایران نے ایک پیچیدہ بارٹر سسٹم کے تحت اپنا پہلا لین دین مکمل کر لیا ہے۔ اِنسٹیکس (INSTEX) نامی یہ نیا سسٹم امریکی پابندیوں سے بچنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ جرمن وزارت خارجہ کے مطابق اس نئے طریقہ کار کے تحت ایران یورپ سے طبی آلات درآمد کرنے کے قابل ہو جائے گا۔ جرمن وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ نیا نظام جرمنی، فرانس اور برطانیہ کی مشاورت سے بنایا گیا ہے اور جلد ہی ایران کے ساتھ کئی نئے کاروباری معاہدے بھی کیے جائیں گے۔ اس نئے نظام سے کم از کم جزوی تجارت کو قائم رکھا جائے گا تاکہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ برقرار رکھا جا سکے۔

[pullquote]جرمنی مصر، اسرائیل اور پاکستان کو ہتھیار فراہم کرے گا[/pullquote]

جرمن حکومت نے مصر کو ایک آبدوز اور اسرائیل کو چار جنگی جہاز فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیر اقتصادیات پیٹر آلٹمائر نے وفاقی سکیورٹی کونسل کے ان فیصلوں سے وفاقی کمیٹی کو ایک خط کے ذریعے آگاہ کیا۔ اسی طرح خلیجی ملک قطر کو بھی تقریباﹰ ایک سو اسی ملین یورو کا دفاعی سازو سامان فراہم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ ایک جنگی طیارہ پاکستان جبکہ 72 دفاعی میزائل فلپائن کو فراہم کیے جائیں گے۔

[pullquote]کورونا وائرس کے ٹیسٹ انتہائی تیزی سے کرنے کا طریقہ کار ڈھونڈ لیا گیا[/pullquote]

جرمنی کے سائنسدانوں نے کورونا وائرس کے ٹیسٹ انتہائی تیزی سے کرنے کا ایک نیا طریقہ کار ڈھونڈ لیا ہے۔ یہ نیا طریقہ جرمن شہر فرینکفرٹ میں جرمن ریڈ کراس اور انسٹی ٹیوٹ برائے میڈیکل وائرولوجی کی ٹیم نے مل کر تلاش کیا ہے۔ اس طریقہ کار سے کووِڈ انیس کے ٹیسٹ کرنے کی رفتار میں فوری طور پر کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔ ابھی جرمنی میں روزانہ چالیس ہزار ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت موجود ہے لیکن نئے طریقہ کار سے جرمنی روزانہ چار لاکھ ٹیسٹ کرنے کے قابل ہو جائے گا۔

[pullquote]کورونا وائرس پھیلاؤ سے پہلے ہی سیوریج سسٹم میں موجود تھا، ہالینڈ[/pullquote]

ہالینڈ کے سائنسدانوں نے انکشاف کیا ہے کہ کووِڈ انیس کا وائرس اس بیماری کے منظر عام پر آنے سے کئی ہفتے پہلے ہی ہالینڈ کے سیوریج سسٹم میں موجود پایا گیا تھا۔ ان محققین کے مطابق سیوریج سسٹم کی نگرانی سے یہ پہلے ہی پتا چلایا جا سکتا ہے کہ آیا کسی شہر یا علاقے میں کورونا وائرس سے متاثرہ کوئی مریض موجود ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق کووڈ انیس وائرس مریضوں کے چہروں پر ہی موجود ہوتا ہے اور چہرہ دھونے سے وہ سیوریج سسٹم میں داخل ہو جاتا ہے۔ اسے نگرانی کا ایک موثر طریقہ قرار دیا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے