کسی بھی طبقے کو عالمی وبا کے رحم و کرم پر چھوڑنے کے متحمل نہیں ہوسکتے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ معاشرے کے کسی طبقے کو عالمی وبا کے رحم و کرم پر چھوڑنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں منعقدہ خصوصی بریفنگ میں شرکت کی۔

بریفنگ میں شرکاء کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے تازہ ترین اقدامات اور وفاقی و صوبائی انتظامیہ کی مدد کے لیے ملک بھر میں فوجی جوانوں کی تعیناتی کے بارے میں آگاہی دی گئی۔

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ عوام کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، ہم معاشرے کے کسی بھی طبقے کو اس وبا کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فوجی جوان پاکستان کے ہر کونے میں شہریوں تک پہنچیں تاکہ انہیں نہ صرف وبا سے تحفظ بلکہ مصیبت کی اس گھڑی میں تسلی بھی ملے۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہم صرف ایک مربوط قومی جدوجہد سے ہی تمام کمزوریوں کو خطرہ بننے سے قبل دور کر سکتے ہیں، وقت پر کیے گئے اقدامات تمام پاکستانیوں کی سلامتی اور فلاح و بہبود کے لیے معاون ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ضرور ابھرنا ہے، ہمیں قوم، رنگ، نسل ، عقیدے اور مذہب سے بالاتر ہو کر ایک قوم بن کر ابھرنا ہو گا، ہمارے سامنے ایک مشکل کام ہے لیکن اس سے قبل مشکلات پر قابو پا چکے ہیں، اس بار چیلنج نہایت مختلف ہے، مسلح افواج عوام اور کورونا وائرس کے درمیان سرحد کو محفوظ بنانے کے لیے قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہوں گی۔

آرمی چیف نے کہا کہ قومی جدوجہد کا حصہ ہوتے ہوئے پاک فوج پاکستان کے لوگوں کی سلامتی اور تحفظ کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔

اجلاس میں اب تک اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

بریفنگ میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ ، حماد اظہر سمیت دیگر وزراء اور معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا، حفیظ شیخ، فردوس عاشق اعوان، معید یوسف اور ثانیہ نشتر نے بھی شرکت کی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے