جمعرات :02 اپریل 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کورونا وائرس: متاثرین کی تعداد ساڑھے نو لاکھ کے قریب[/pullquote]

دنيا بھر ميں نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 937,567 ہو گئی ہے۔ جان ہاپکنز يونيورسٹی اينڈ ريسرچ سينٹر کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق صرف امریکا میں ہی کووِڈ انيس کے مريضوں کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ اٹلی اور اسپين ميں بھی ايک ايک لاکھ سے زائد افراد اس بيماری ميں مبتلا ہيں۔ عالمی سطح پر اب تک سينتاليس ہزار سے زائد افراد اس بیماری کے باعث اپنی جان سے ہاتھ دھو بيٹھے ہيں۔ صحت ياب ہو جانے والوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ کے قريب ہے۔

[pullquote]افغانستان ميں قيديوں کے تبادلے کا عمل شروع[/pullquote]

حال ہی ميں طے کردہ امن معاہدے کے تحت افغانستان ميں قيد طالبان اور سکيورٹی فورسز کے ارکان کی رہائی کا عمل آج جمعرات سے شروع ہو گيا ہے۔ ابتدائی طور پر ايک سو طالبان کو رہا کيا جا رہا ہے جس کے بدلے ميں طالبان بھی اپنی قيد سے بيس افغان سکيورٹی اہلکاروں کو رہا کر رہے ہيں۔ اس پيش رفت کی تصديق طالبان کے ايک نمائندے اور صدر اشرف غنی کے دفتر کے ايک سينئر اہلکار نے کر دی ہے۔ قيديوں کا يہ تبادلہ بگرام ايئر بيس پر ہو رہا ہے۔ طالبان کا مطالبہ ہے کہ کابل حکومت کے ساتھ براہ راست مذاکرات سے قبل پانچ ہزار طالبان قيديوں کو رہا کيا جائے۔

[pullquote]ايميرٹس کی پروازيں جزوی طور پر بحال[/pullquote]

متحدہ عرب امارات کی ايئر لائن ايميرٹس نے اعلان کيا ہے کہ دنيا بھر ميں مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے مسافروں کو ان کے آبائی ممالک يا ان کی حتمی منزلوں تک پہنچانے کے ليے پروازيں جزوی طور پر بحال کی جا رہی ہيں۔ کمپنی کے چيئرمين نے آج جمعرات کو اس بارے ميں ايک ٹوئيٹ ميں بتايا کہ ايسی پروازيں چھ اپريل سے بحال ہو رہی ہيں۔ شيخ احمد بن السعيد مخطوم کے مطابق سفری پابنديوں کے خاتمے کے ساتھ آہستہ آہستہ پروازيں بھی بحال کی جاتی رہيں گی۔

[pullquote]چين نے کووڈ انيس کے اصل اعداد و شمار چھپائے، خفيہ امريکی رپورٹ[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چين کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہونے والوں کے جاری کردہ اعداد و شمار پر شکوک و شبہات کا اظہار کيا ہے جب کہ امريکا کی قومی سلامتی کے مشير نے بھی کہا ہے کہ چينی اعداد و شمار کے مصدقہ ہونے کا پتا نہيں چلايا جا سکتا۔ قبل ازيں بلوم برگ نيوز نے ايک رپورٹ ميں امريکی انٹيلیجنس کی ايک خفيہ رپورٹ کے حوالے سے دعوی کيا کہ چين ميں کووڈ انيس کے مريضوں اور ہلاک شدگان کی تعداد حقيقت سے کم بتائی گئی۔ ٹرمپ کے بقول فی الحال انہيں اس بارے ميں کوئی خفيہ رپورٹ نہيں ملی۔ امريکی صدر نے مزيد بتايا کہ انہوں نے اپنے چينی ہم منصب سے ٹيلی فون پر بات چيت کی ہے البتہ گفتگو ميں اعداد و شمار پر بات نہيں ہوئی۔

[pullquote]لبنان ميں شامی پناہ گزينوں کے ساتھ امتيازی سلوک اپنايا جا رہا ہے، ايچ آر ڈبليو[/pullquote]

ہيومن رائٹس واچ کے مطابق لبنان ميں کورونا وائرس کی وبا کو روکنے کے ليے شامی پناہ گزينوں کے ساتھ امتيازی سلوک اپنايا جا رہا ہے۔ اس ادارے نے الزام عائد کيا ہے کہ اس ضمن ميں متعارف کردہ پابنديوں ميں بالخصوص پناہ گزينوں کو ہدف بنايا گيا ہے۔ ايچ آر ڈبليو کے مطابق مارچ کے اوائل سے آٹھ بلديات ميں جزوی طور پر کرفيو نافذ ہے، جس سبب پناہ گزينوں کی نقل و حرکت کافی محدود ہو گئی ہے۔ انہيں مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجے سے سہ پہر ايک بجے تک باہر نکلنے کی اجازت ہے۔ لبنان ميں ايک ملين سے زائد شامی پناہ ليے ہوئے ہيں۔

[pullquote]جرمنی ميں کووڈ انيس کے ايک سو سے زائد يورپی مريض زير علاج[/pullquote]

جرمنی ميں اس وقت يورپی يونين کے ديگر رکن ملکوں کے 113 افراد زير علاج ہيں۔ نئے کورونا وائرس کے باعث ہونے والی بيماری کووڈ انيس ميں مبتلاء 85 فرانسيسی، 26 اطالوی اور دو ڈچ مريض جرمن ہسپتالوں ميں زير علاج ہيں۔ جرمن ہسپتالوں ميں اب بھی مزيد 81 اسٹيشنز اطالوی مريضوں اور 13 فرانسيسی مريضوں کے ليے مختص ہيں۔ اکثريتی مريضوں کو جرمن فضائيہ کی خصوصی پروازوں پر لايا گيا۔ جرمن دفتر خارجہ نے مزيد بتايا کہ جرمن ڈاکٹروں اور رضاکاروں کا ايک گروپ بدھ سے اٹلی ميں سرگرم ہے جبکہ امدادی و طبی سامان بھی اٹلی پہنچا ديا گيا ہے۔

[pullquote]چيک ری پبلک، ہنگری اور پولينڈ يورپی قوانين کی خلاف ورزی کے مرتکب[/pullquote]

اعلیٰ ترين يورپی عدالت نے چيک ری پبلک، ہنگری اور پولينڈ کو يورپی قوانين کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار ديا ہے۔ جمعرات دو اپريل کو سامنے آنے والے عدالتی فيصلے کے مطابق تينوں رکن رياستيں، پناہ گزينوں کی کوٹے کے تحت تقسيم سے متعلق يورپی معاہدے پر عمل در آمد نہ کرتے ہوئے خلاف ورزی کی مرتکب ہوئيں۔ يورپی عدالت انصاف کے مطابق سن 2015 ميں ہنگامی صورتحال ميں ترتيب دی گئی کوٹہ اسکيم پر عملدرآمد نہ کر کے متعلقہ ملکوں نے اپنی ذمہ داری پوری نہ کی۔ اس معاملے پر چيک ری پبلک، ہنگری اور پولينڈ کا موقف تھا کہ ان کی داخلی سلامتی کی ذمہ داری ان ملکوں کی ذاتی ہے اور اسی بنياد پر کوٹہ اسکيم کی مخالفت ميں يورپی يونين کے خلاف کيس دائر کيا گيا تھا۔

[pullquote]نيٹو کے رکن ممالک کا اجلاس، سکيورٹی خدشات زير بحث[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نيٹو کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ آج ايک ويڈيو کانفرنس ميں کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خيال کر رہے ہیں۔ اس عسکری اتحاد کے جانب سے واضح کيا گيا ہے کہ اس صورتحال ميں بھی يہ اتحاد اپنے دفاع کی بھرپور صلاحيت کا حامل ہے۔ نيٹو کے سيکرٹری جنرل ژينس اشٹولٹنبرگ نے کہا کہ ان کا بنيادی مقصد يہی ہے کہ يہ طبی بحران، سلامتی کا بحران نہ بن جائے۔ رکن ملکوں کے وزرائے خارجہ آج کے اجلاس ميں کورونا وائرس کی عالمگير وبا سے نمٹنے کے لے اضافی تعاون پر بھی بات چيت کريں گے۔

[pullquote]امريکی صدر کا ايران پر الزام، ايران کا جواب[/pullquote]

ايران نے امريکی صدر کے ايک حاليہ بيان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے کوئی پراکسی یا حامی قوتیں تو نہيں البتہ ’دوست‘ ضرور ہيں۔ وزير خارجہ محمد جواد ظريف نے اپنی ایک ٹوئيٹ ميں لکھا کہ ’جنگ کو طول دينے والوں کی باتوں پر نہ چليں، ايران کے دوست ضرور ہيں ليکن کسی کی بھی کئی ملين پراکسيز نہيں ہو سکتيں‘۔ انہوں نے مزيد لکھا کہ ’امريکا جھوٹ، دھوکہ دہی اور ايرانيوں کے قتل ميں ملوث ہے اور ايران صرف اپنے دفاع ميں قدم اٹھاتا ہے‘۔ قبل ازيں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ايران يا اس کی حامی قوتيں، عراق ميں امريکی اہداف کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہيں۔

[pullquote]موسمياتی تبديليوں کے موضوع پر اقوام متحدہ کی ’کوپ چھبيس‘ سمٹ ملتوی[/pullquote]

موسمياتی تبديليوں کے موضوع پر اقوام متحدہ کی ’کوپ چھبيس‘ سمٹ ملتوی کر دی گئی ہے۔ برطانوی حکومت نے اس کانفرنس کی منسوخی کا اعلان بدھ کی شب کيا۔ کوپ سمٹ اسکاٹ لينڈ کے شہر گلاسگو ميں رواں سال نومبر ميں منعقد ہونا تھی، جس ميں دو سو سے زائد عالمی رہنماؤں کے علاوہ قريب تيس ہزار افراد کی شرکت متوقع تھی۔ اس دس روزہ کانفرنس ميں موسمياتی تبديليوں کے موضوع پر بات چيت ہونا تھی۔ يہ فيصلہ کورونا وائرس کی عالمگير وباء کے سبب پھيلی ہوئی افراتفری کے باعث کيا گيا۔ اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل انٹونيو گوٹيرش نے فيصلے کی حمايت کی ہے۔

[pullquote]ناسا کو ريکارڈ تعداد ميں درحواستيں موصول[/pullquote]

خلائی تحقيق کے امريکی ادارے ناسا نے بتايا ہے کہ اس کے ’آرٹيمَس‘ پروگرام ميں بارہ ہزار سے زائد افراد نے درخواستيں جمع کرائيں۔ خلا بازوں يا ايسٹروناٹس کی تربيت کا يہ پروگرام سن 2024 تک چاند پر ايک انسان بردار مشن اتارنا چاہتا ہے۔ بعد ازاں مريخ پر بھی مشن بھيجا جائے گا۔ يہ اس پروگرام کی تاريخ ميں دوسری سب سے زيادہ درخواستيں ہيں۔ کامياب اميدواروں کا اعلان رواں سال موسم گرما ميں کيا جانا ہے۔

[pullquote]ڈينيئل پرل قتل کيس کے مرکزی مجرم کی سزا میں عدالت نے کمی کردی[/pullquote]

ايک پاکستانی عدالت نے ’وال اسٹريٹ جرنل‘ کے صحافی ڈينيئل پرل کے قتل کے مرکزی مجرم احمد عمر سعيد شيخ کی سزائے موت کی سزا کو سات سال قيد کی سزا ميں تبديل کر ديا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ کی دو رکنی بينچ نے يہ فيصلہ آج جمعرات دو اپريل کو سنايا۔ ڈينيئل پرل کو سن 2002 ميں قتل کر ديا گيا تھا۔ اس قتل کے الزام ميں چار افراد پر مقدمہ دائر کيا گيا تھا۔ برطانيہ ميں پيدا ہونے والے احمد عمر سعيد شيخ کو اُسی سال سزائے موت دے دی گئی تھی، جس کے خلاف انہوں نے اپيل دائر کر رکھی تھی۔ وکيل دفاع خواجہ نويد نے بتايا کہ عمر شيخ پر قتل کا جرم ثابت نہ ہو سکا اور اسی ليے انہيں اغواء کی سزا دی گئی، جو سات برس ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے