جمعۃالمبارک : 03 اپریل 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کورونا کا شکار برطانوی وزیراعظم کو 7 روز بعد بھی تیز بخار[/pullquote]

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ ان میں ابھی کورونا وائرس کی علامات موجود ہیں جس کی وجہ سے وہ بدستور آئسولیشن میں رہیں گے۔برطانوی وزیراعظم کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد گزشتہ 7 روز سے 11 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں آئسولیشن میں موجود ہیں۔تاہم،اسکائی نیوز کے مطابق 7 روز گزرنے کے بعد بھی بورس جانسن بدستور گھر میں ہی رہیں گے کیونکہ انہیں ابھی بھی تیز بخار ہے۔ٹوئٹر پر ایک ویڈیو میسج میں بورس جانسن نے کہا کہ "اگرچہ میں کافی بہتر محسوس کر رہا ہوں اور میں نے اپنی7 روزہ آئسولیشن بھی مکمل کرلی ہے لیکن ابھی ایک معمولی سی علامات موجود ہے ۔”انہوں نے کہا کہ "مجھے ابھی بخار ہے اس لیے حکومتی مشورے کے مطابق مجھے ابھی تمام علامات ختم ہونے تک سیلف آئسولیشن میں ہی رہنا ہے۔”انہوں نے اپنے پیغام میں لوگوں سے اپیل بھی کی کہ وہ اپنے گھروں میں ہی رہیں ۔

[pullquote]مسلمان ہندوؤں کے برابر ہیں نہ مساوی حقوق کے حق دار ہیں: بی جی پی رہنما[/pullquote]

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اہم رہنما اور راجیہ سبھا کے رکن سبرامنیم سوامی نے مسلم دشمنی میں حدیں پار کرلی ہیں اور حالیہ انٹرویو میں مسلمانوں کے حوالے سے کھل کر نفرت کا اظہار کیا ہے۔بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کی روایتی مسلم اور پاکستان دشمنی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے اور اب حکمران جماعت کے اہم رہنما مغربی میڈیا کے سامنے بھی مسلمانوں کے خلاف کھل کر حقارت اور تعصب کا اظہار کررہے ہیں۔امریکی ٹی وی چینل وائس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں متنازع شہریت کے قانون کے حوالے سے بی جے پی کے راجیہ سبھا کے رکن سبرامینم سوامی کا کہنا تھا کہ جہاں مسلمانوں کی آبادی زیادہ ہوتی ہے وہیں پریشانی ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جن ملکوں میں مسلمانوں کی آبادی 30 فیصد ہوتی ہے وہ ممالک خطرات کا شکار ہوجاتے ہیں۔ان کا کہنا مزید کہنا تھا کہ بھارتی آئین کے آرٹیکل 14 کی تشریح غلط کی جاتی ہے جس میں یقینی بنایا گیا ہے کہ برابری کے حقوق برابری والوں کو دیے جاتے ہیں۔اس پر خاتون اینکر نے سوال کیا کہ کیا مسلمان برابر نہیں ہیں؟ اس پر سبرامینم نے ڈھٹائی سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ نہیں، مسلمان نہ ہندوؤں کے برابر ہیں اور نہ ہی مساوی حقوق کے حق دار ہیں۔

[pullquote]ڈینیل پرل قتل کیس سے متعلق عدالتی فیصلے پر امریکا کا شدید تحفظات کا اظہار[/pullquote]

امریکی صحافی ڈینیل پرل قتل کیس کے ملزم احمد عمر شیخ کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کیے جانے پر امریکا نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔امریکا کی پرنسپل ڈپٹی سیکرٹری برائے جنوبی و وسطی ایشیائی امور بیورو ایلس ویلز کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلہ دہشت گردی سے متاثر افراد کی توہین ہے۔ایلس ویلز کہتی ہیں کہ صحافی کے اغوا اور قتل میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے۔اس کے علاوہ صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم رپورٹرز ود آوٹ بارڈرز نے بھی ڈینیئل پرل قتل کیس کے ملزمان کی رہائی کے فیصلے پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ یہ صحافیوں پر تشدد کے لیے استثنیٰ کی ایک چونکانے والی علامت ہے۔گزشتہ روز سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے امریکی صحافی ڈینیل پرل قتل کیس میں ملزمان فہدنسیم احمد، سیدسلمان ثاقب اور شیخ محمد عادل کو رہا کرنے جب کہ احمدعمر شیخ کی سزائے موت کو 7 سال قید میں تبدیل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

[pullquote]نئے کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد ايک ملين سے متجاوز[/pullquote]

نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ايک ملين سے تجاوز کر گئی ہے۔ جان ہاپکنز يونيورسٹی اينڈ ريسرچ سنٹر کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک دس لاکھ سولہ ہزار سے زائد افراد نئے کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہيں۔ تعداد کے اعتبار سے امريکا لگ بھگ ڈھائی لاکھ مريضوں کے ساتھ سرفہرست ملک ہے۔ اب تک کووڈ انيس کے ترپن ہزار سے زائد مريض ہلاک ہو چکے ہيں اور ہلاک شدگان کے اعتبار سے قريب چودہ ہزار ہلاکتوں کے ساتھ اٹلی سرفہرست ملک ہے۔ کورونا وائرس سے صحت ياب ہونے والوں کی تعداد دو لاکھ دس ہزار سے زائد ہے۔

[pullquote]چين ميں ملک گير سطح پر سوگ کا اعلان[/pullquote]

چين نے کورونا وائرس کی وجہ سے پيدا ہونے والی بيماری کووڈ انيس کے باعث ہلاک ہونے والوں کی یاد میں ايک دن کے سوگ کا اعلان کيا ہے۔ ہفتہ چار اپريل کو مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجے عوام تين منٹ کی خاموشی اختيار کريں گے جبکہ ٹرينيں، بسيں، گاڑياں وغيرہ اپنے ہارن بجا کر اس عمل ميں شرکت کريں گے۔ يہ دن ان تمام افراد کی ياد ميں منايا جا رہا ہے، جو کورونا وائرس کے خلاف جنگ ميں اپنی جان سے ہاتھ دھو بيٹھے۔ اس موقع پر تمام تفريحی و ديگر سرگرمياں معطل رہيں گی۔

[pullquote]کورونا وائرس: سعودی عرب نے کرفيو کی مدت ميں توسيع کر دی[/pullquote]

سعودی شاہ سلمان نے نجی سيکٹر سے وابستہ 1.2 ملين سعودی شہريوں کی مالی مدد کے ليے نو بلين ريال کے اجراء کا اعلان کر ديا ہے۔ ان رقوم سے ان افراد کی مدد کی جائے گی، جن کی ملازمتوں پر کورونا وائرس کے بحران کی وجہ سے فرق پڑا۔ دريں اثناء وائرس کے پھيلاؤ کو روکنے کے ليے رياض حکومت نے اپنے ہاں نافذ کرفيو کی مدت ميں توسيع کر دی ہے۔ آج جمعے سے طيف، القطيف اور دمام ميں کرفيو کا دورانيہ بڑھا ديا گيا ہے اور اب کرفيو سہ پہر تين بجے تک نافذ رہے گا۔ قبل ازيں مکہ اور مدينہ ميں کرفيو کا دورانيہ بڑھا کر مکمل چوبيس گھنٹے کر ديا گيا تھا۔ رياض اور جدہ ميں بھی مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ سعودی عرب ميں اب تک قريب دو ہزار افراد کووڈ انيس کے مرض ميں مبتلا ہيں جبکہ اکيس افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بيٹھے ہيں۔ يہ خليجی تعاون کونسل کے رکن چھ ملکوں ميں سب سے زيادہ تعداد ہے۔

[pullquote]اوپيک کے رکن ملکوں کا اجلاس پير کے روز[/pullquote]

خام تيل کی پيداوار اور ايکسپورٹ کے کاروبار سے منسلک ممالک کی تنظيم اوپيک اور اوپيک پلس گروپ کا پير کو ايک اہم اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔ ويڈيو لنک کے ذريعے ہونے والا يہ اجلاس، رياض حکومت کی درخواست پر بلايا گيا ہے اور اس ميں خام تيل کی قيمتوں ميں استحکام پر تبادلہ خيال ہونا ہے۔ امريکی صدر نے ايک روز قبل کہا تھا کہ وہ روس اور سعودی عرب سے توقع کرتے ہيں کہ وہ عالمی منڈی ميں خام تيل کی قيمتوں ميں استحکام کے ليے پيداوار کم کريں۔ ان دونوں ملکوں ميں پيداوار بڑھانے کی دوڑ جاری ہے، جس باعث عالمی منڈی ميں تيل کی قيمتيں کافی گری ہوئی ہيں جب کہ کورونا وائرس کے بحران سے منڈيوں پر مزيد دباؤ ہے۔

[pullquote]مشرقی يروشلم ميں سياسی سرگرمی کے شبے پر فلسطينی وزير گرفتار[/pullquote]

اسرائيلی حکام نے يروشلم سے متعلق امور کے نگران فلسطينی وزير فادی الہدمی کو گرفتار کر ليا ہے۔ انہيں آج صبح جبل زيتون ميں ان کے گھر سے حراست ميں ليا گيا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے مشرقی يروشلم ميں سياسی سرگرميوں ميں حصہ ليا، جو اسرائيلی قوانين کے تحت ممنوع ہے۔ اسرائيلی پوليس کے ترجمان مکی روزن فيلڈ کے بقول الہدمی کے گھر کی تلاشی لی گئی اور مشکوک مواد اور خطير رقم تحويل ميں لی گئی ہے۔ فلسطينی وزير فادی الہدمی کو چوتھی مرتبہ گرفتار کيا گيا ہے۔

[pullquote]عالمی اقتصاديات کو چار کھرب سے زائد ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے، اے ڈی بی[/pullquote]

ايشيائی ترقياتی بينک (ADB) نے خبردار کيا ہے کہ نئے کورونا وائرس کی عالمگير وبا سے عالمی اقتصاديات کو ہونے والے نقصانات کا حجم چار کھرب ڈالرز سے بھی زائد ہو سکتا ہے۔ اس ضمن ميں جمعے کو جاری کردہ بيان ميں منيلا ميں قائم اس بينک نے یہ بھی کہا کہ اس پيشنگوئی ميں مختلف شعبہ جات کے طويل المدتی نقصانات شامل نہيں اور اسی ليے یہ حجم اور بھی زيادہ ہو سکتا ہے۔ اے ڈی بی کے مطابق رواں سال ايشيا کی اقتصادی نمو کی شرح 2.2 رہ سکتی ہے۔ اس بينک نے يہ بھی کہا ہے کہ اگر لاک ڈاؤن اور بندشوں کی مدت کم کر دی جائے، تو شايد نقصان میں کمی ہو سکے۔

[pullquote]اقوام متحدہ ميں قرارداد منظور، وبا سے نمٹنے کے ليے تعاون پر زور[/pullquote]

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ايک قرارداد منظور کی ہے، جس کے مسودے ميں کورونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے کے ليے بين الاقوامی سطح پر تعاون اور کثير الجہتی حکمت عملی پر زور ديا گيا ہے۔ يہ قرارداد بھاری اکثريت کے ساتھ جمعرات کی شب منظور کی گئی۔ قرارداد ميں نسل پرستی، امتيازی سلوک، اجنبيوں سے خوف وغيرہ جيسے مسائل کے انسداد اور انسانی حقوق کے احترام پر بھی زور ديا گيا ہے۔ قرارداد کا مسودہ سوئٹزرلينڈ، انڈونيشيا، سنگاپور، ناروے، گھانا اور لائشٹ اسٹائن نے پيش کيا اور 188 ممالک نے اس کی حمايت ميں ووٹ ڈالا۔

[pullquote]عالمی بحران، ميرکل اور مودی کی بات چيت[/pullquote]

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔ دونوں رہنماوں نے اپنے اپنے ملکوں میں کووڈ انیس وبا کی موجودہ صورت حال، اس سے نمٹنے کے طریقہ کار اور موجودہ بحران کا مقابلہ کرنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔ مودی نے ميرکل کے ساتھ دو اپریل کو ٹیلی فون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں نے ادويات اور طبی آلات کی ناکافی دستیابی پر بھی بات چیت کی اور اس ضمن میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر رضا مندی ظاہر کی۔

[pullquote]جرمن سائنسدان کووڈ انيس کی ويکسين تلاش کرنے کے ليے دن رات سرگرم[/pullquote]

جرمنی ميں سائنسدان کورونا وائرس کے علاج کے ليے ويکسين تيار کرنے کے ليے دن کے چوبيس گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن سرگرم ہيں۔ رابرٹ کوخ انسٹيٹيوٹ کے ايک سروے کے مطابق 170 سے زائد ليبارٹريز نے مارچ کے وسط ميں کووڈ انيس کے ليے نمونے جمع کيے۔ يوميہ بنيادوں پر کووڈ انيس کی تشخيص کے ليے ہزاروں افراد کے ٹيسٹ کيے جا رہے ہيں۔ پچھلے ہفتے مجموعی طور پر ساڑھے تين لاکھ افراد کے ٹيسٹ کيے گئے۔ ليکن اس ضمن ميں جرمنی کو بھی ساز و سامان کی کمی کا سامنا ہے۔ جرمنی ميں کورونا وائرس کے مريضوں کی تعداد 84 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ گيارہ سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہيں۔

[pullquote]کورونا وائرس کے باعث بندشيں، زہريلی گيسوں کے اخراج ميں کمی[/pullquote]

کورونا وائرس کے باعث جاری بندشيں کاربن ڈائی آکسائڈ يا زہريلی گيسوں کے اخراج ميں واضح کمی کا سبب بن سکتی ہيں۔ گلوبل کاربن پراجيکٹ کے مطابق يہ کمی دوسری عالمی جنگ کے بعد سب سے بڑی کمی بھی ثابت ہو سکتی ہے۔ اس ادارے کے اندازے کے مطابق يہ کمی پانچ فيصد تک ہو سکتی ہے۔ البتہ ماہرين نے خبردار کيا ہے کہ يہ کمی محدود وقت کے ليے ہو سکتی ہے اور برسہا برس سے آلودگی کے سبب ماحول کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے ليے ناکافی ہے۔ گزشتہ سال نومبر ميں جاری کردہ ايک رپورٹ کے مطابق موسمياتی تبديليوں کے حوالے سے پيرس معاہدے کے تحت درجہ حرارات کو محدود رکھنے کے ليے کاربن ڈائی آکسائڈ کے اخراج ميں سالانہ اوسطاً ساڑھے سات فيصد کی کمی درکار ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے