دعا

اے خالقِ دو جہاں! اے مالکِ جن و بشر! ہم تیرے ہی بندے ہیں، تیری ہی اطاعت کرتے ہیں، تیرے سامنے ہی سجدہ ریز ہوتے ہیں، تجھ سے ہی مانگتے ہیں، تیرے ہی حبیب کا دم بھرتے ہیں۔

اے ربِ کائنات! اے مالکِ دو جہاں! تو سب دنیائوں کا مالک ہے۔ ہر شے تیری منشا کے تائب ہے۔ ہر ذی روح تیری ہی حمد کرتا ہے، تو ہی عطا کرنے والا ہے، تو ہی درگرز کرنے والا ہے۔ تو ہی بخش دینے والا ہے۔

اے قادرِ مطلق! اے ربِ کعبہ! تیری مخلوق پر کورونا کی صورت میں بہت بڑا عذاب نازل ہو چکا ہے۔ ہر ذی روح خوفزدہ ہے۔ ہر جان خطرے میں ہے۔ ہم تجھ سے معافی کے خواستگار ہیں۔ ہم تجھ سے اس عذاب سے پناہ کی درخواست کرتے ہیں۔ دنیا بھر کے انسان تیرے در پر ہاتھ اٹھائے کھڑے ہیں۔ تیرے ہی در پر جھکے ہیں۔ تجھ ہی سے اس عذاب کو ٹالنے کی استدعا کرتے ہیں۔

اے خالقِ کائنات! اے رب العالمین! ہم گنہگاروں کی معافی قبول فرما۔ امریکہ سے لیکر ایران، اٹلی سے برطانیہ تک، کورونا سے بیمار تمام انسانوں کو اپنی قدرت سے شفا دے۔ اپنے حکم سے اس مرض کو پھیلنے سے روک دے۔ خلق کو خوف سے نجات دے۔ زندہ درگور لوگوں کو زندگی گزارنے کا حوصلہ عطا فرما۔

اے میرے رب! تجھے تیرے محبوب کا واسطہ، اس بلا کو انسانوں سے ٹال دے، اس مشکل سے ہر بشر کو نکال دے، اس اذیت سے سب کو نجات دے۔

اے میرے ﷲ! اے میرے پروردگار! ہر کلمہ گو کی حفاظت فرما۔ ہر مسجد کو محفوظ بنا۔ حرمِ پاک میں سعی کرنے والوں کی دعائیں قبول فرما۔ تمام انبیاء کرامؑ، تمام صحابہ کرامؓ کے صدقے مسلمانوں کو اس آفت سے بچا۔ تمام بیمار مسلمانوں کو شفائے کاملہ عطا فرما۔

اے میرے خدا! اے خدائے لم یزل! تو ہماری حفاظت فرما۔ ہمارے وہ ڈاکٹر بچے اور بچیاں جو اس مرض میں مبتلا مریضوں کا علاج کر رہے ہیں، تو ان پر اپنی رحمت کی بارش کر۔ ان کی زندگیوں کو محفوظ بنا۔ ان کے حوصلوں کو جلا بخش، ان کی ہمتوں کا انہیں اس جہاں میں اور جہانِ آخر میں صلہ عطا فرما۔ جنت کے دروازے ان کیلئے کھول دے۔ ان کی نسلوں کو بخش دے۔ ان بچوں نے تیرے ہی نام سے دوا دینی ہے۔ شفا تو نے عطا کرنی ہے۔ ان کے ہاتھ میں شفا بخش دے۔ ہر مریض کو صحت بخش دے۔ ان ڈاکٹروں کی حفاظت فرما۔ تیرے بعد اب زندگیاں انہیں کے رحم و کرم پر ہیں۔ ان کو فیصلہ کرنے کی قوت دے اور ہمیں ان کا شکر گزار ہونے کی توفیق عطا فرما۔

اے مالکِ مشرق و مغرب! اے خالقِ ارض و سما! اس ملک کے نرسنگ اسٹاف کی حفاظت فرما۔ ان بچوں کو مریضوں کی دیکھ بھال کی توفیق عطا فرما۔ ان پر اپنے کرم کی بارش کر دے۔ ان کیلئے اپنے خزانے کھول دے۔ اس دورِ ابتلا میں یہ تیری مخلوق کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔ اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر مریضوں کو شفا دے رہے ہیں۔ ان پر اپنا کرم فرما۔ اُن کو ہر مشکل سے محفوظ رکھ۔ اس وطن کے مریضوں کے ان محافظوں کے دلوں کو طاقت اور جسموں کو قوت بخش دے۔ ان کو اپنی عافیت میں لے۔ ان کی مشکلات آسان کر۔

اے دو جہانوں کے رازق! اے رحم کرنے والے! ہمارے پولیس والوں کی حفاظت فرما۔ اس مشکل دور میں جس جانفشانی سے یہ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، خلق کیلئے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔ ہمیں قوم کے ان بیٹیوں اور بیٹیوں کا شکر گزار ہونے کی توفیق عطا فرما۔

اے رحمٰن و الرحیم! اے خالقِ القدوس! اس مشکل کے دور میں مفلسوں کی مدد کرنے کی توفیق عطا فرما۔ اس قوم کو بھوک کے عذاب سے بچا۔ اس ملک کے مخیر افراد کے سینے موم کر دے۔ اس ملک میں مفلسی کو ختم کر دے۔ اس دورِ پُر آشوب میں ہر بھوکے تک رزق پہنچانے کی توفیق عطا فرما۔ بیماروں تک دوا پہنچانے کی ہمت عطا فرما۔ بے چاروں کی خبر گیری کی طاقت عطا فرما۔ تو اپنی شان سے پتھر میں کیڑے کو رزق دیتا ہے۔ تو اپنی عطا سے حاجرہ کو صحرا میں زمزم عطا کرتا ہے۔ تو ہم پر بھی رحم فرما۔

اے غفار، اے قہار! تو ہمارے حکمرانوں کو اس ملک کی رعایا کی خدمت کی توفیق عطا فرما۔ بٹے ہوئے لوگوں کو ایک مٹھی کی طرح بنا۔ تقسیم شدہ لوگوں کو متحد کر۔ ہمارے حکمرانوں کو درست فیصلہ کرنے کی توفیق عطا فرما۔ ان کے سینوں کو بغض اور کینے سے محفوظ رکھ۔ ان کو ہوش عطا فرما۔ ان کو راہِ ہدایت دکھا۔ ان کو اس ملک کی قیادت کے قابل بنا۔ اور اگر یہ ملک چلانے کی استطاعت نہیں رکھتے تو اے اللہ تو ہمیں اچھے حکمران عطا کر۔ ہمیں عدل کرنے والے قاضی عطا کر۔ اے اللہ ہمیں بہتان لگانے والوں کے شر سے بچا۔ اے اللہ اگر اس ملک کے عوام سے کوئی غلطی ہو گئی ہے تو اپنی رحمت کے طفیل اس غلطی کو معاف فرما۔ اے اللہ تو ہمیں فتنہ پھیلانے والوں کے شر سے بچا۔

اے اول و آخر! ہم تجھ ہی سے مانگتے ہیں اور تیرے ہی آگے سجدہ ریز ہوتے ہیں، تو اس مشکل میں اپنی مخلوق کی مشکل بڑھانے والوں پر اپنا عذاب نازل کر۔ اے ﷲ تو اس دور میں غریب لوگوں کیلئے آٹا، چینی اور اشیائے ضروریہ سے ناجائز منافع خوری کرنے والوں پر اپنا عتاب نازل فرما۔ اے میرے رب ہمیں اقربا پروری کی لعنت سے محفوظ رکھ۔

اے میرے خدا! تو ہمیں اپنی رحمت کے واسطے ظالموں کے ظلم سے بچا۔ اے میرے خدا تو ہمیں اپنی قدرت کی بدولت جابروں کے جبر سے نجات دلا۔ اے میرے مالک و خالق تو اس مشکل کو ہم پر سے ٹال دے۔ تمام انسانیت کو اس عذاب سے نکال دے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے