اتوار : 05 اپریل 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کورونا کے مریضوں کی تعداد بارہ لاکھ سے زائد[/pullquote]

دنیا بھر میں کووڈ انیس نامی بیماری کے مریضوں کی تعداد بارہ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ جان ہاپکنز انسٹی ٹیوٹ کے مطابق اس وائرس کے سبب ہلاک والوں کی تعداد چونسٹھ ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔ سب سے زیادہ یعنی تقریباﹰ 14ہزار ہلاکتیں اٹلی میں، اس کے بعد 11 ہزار کے لگ بھگ سپین میں اور پھر چھ ہزار کے ساتھ امریکا تیسرے نمبر پر ہے۔ دوسری جانب کووڈ انیس کے سب سے زیادہ مریض امریکا میں ہیں، جن کی تعداد تین لاکھ سے زائد بنتی ہے۔ دنیا کے نوے سے زائد ممالک نے اپنے شہریوں سے غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔

[pullquote]ایران میں کورونا کے سبب عائد پابندیوں میں نرمی کا اعلان[/pullquote]

ایران میں کورونا کے سبب عائد پابندیوں میں نرمی کی جا رہی ہے۔ صدر حسن روحانی نے آج اتوار کو بتایا کہ گیارہ اپریل سے کم خطرے والی کاروبار سرگرمیاں بحال کر دی جائیں گی۔ ان کے بقول یہ کام وزات صحت کی نگرانی میں ہو گا۔ ایرانی وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 58 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ تین ہزار چھ سو سے زائد ایرانی شہری اس وبا کے سبب ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]قزاقی نہیں کی، جرمن الزام غلط ہے: امریکی کمپنی[/pullquote]

امریکی کمپنی نے جرمنی کا ماسک چوری کرنے کا الزام مسترد کر دیا ہے۔ تھری ایم نامی ادارے کے مطابق انہیں فیس ماسک قبضے میں لینے اور نہ ہی ایسے کسی کاروباری سودے کا علم ہے۔ ایک روز قبل جرمنی نے امریکا پر دو لاکھ حفاظتی فیس ماسک چرانے کا الزام عائد کیا تھا۔ جرمن الزام میں کسی کمپنی یا ادارے کا حوالہ نہیں دیا گیا تھا۔ تاہم امریکی کمپنی کے تردیدی بیان سے واضح ہوا ہے کہ فیس ماسک کی ممکنہ قزاقی میں تھری ایم شامل ہے۔ یہ فیس ماسک برلن کی پولیس کے لیے خریدے گئے تھے۔

[pullquote]یورپی کمیشن کی صدر کا یورپ کے لیے ’مارشل پلان‘ کا مطالبہ[/pullquote]

یورپی کمیشن کی صدر فان ڈیئر لاین نے کورونا وائرس کے بحران کے پیش نظر یورپی معیشت کے لیے مارشل پلان کا مطالبہ کیا ہے۔ فان ڈیئر لاین کے مطابق کووِڈ انیس نے جس برے طریقے سے یونین کے رکن ممالک کی معیشتوں کو متاثر کیا ہے، اس کے بعد یورپی یونین کی اقتصادی بحالی کے لیے رکن ممالک کے قومی بجٹ منصوبوں میں نئی وسیع تر سرمایہ کاری لازمی ہو گئی ہے۔ دوسری عالمی جنگ کے بعد مغربی یورپی ممالک کی معیشتوں کی بحالی کے لیے امریکا نے ’مارشل پلان‘ شروع کیا تھا۔ تب اس پروگرام پر 1948ء سے لے کر 1952ء تک عمل کیا گیا تھا۔

[pullquote]یونان میں مہاجرین کا ایک اور مرکز کو قرنطینہ بنا دیا گیا[/pullquote]

یونانی حکام نے کورونا وائرس کے سبب مہاجرین کے ایک اور مرکز کی ناکہ بندی کر دی ہے۔ سرکاری نشریاتی ادارے ( ای آر ٹی) کے مطابق مالاکاسا کے مرکز میں ایک 53 سالہ افغان تارک وطن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ایتھنز سے تقریباﹰﹰﹰ45 کلومیٹر شمال کی جانب واقع اس مرکز میں 18سو مہاجرین رہ رہے ہیں۔ ابھی جمعرات کو بیس افراد میں کورونا کی تشخیص کے بعد رِٹسونا کے مہاجر کیمپ کو بھی قرنطینہ قرار دے دیا گیا تھا۔

[pullquote]’اگلے ہفتے مشکل ترین، بہت زیادہ اموات ہوں گی،‘ ٹرمپ کی تنبیہ[/pullquote]

امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے تنبیہ کی ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے آئندہ چند ہفتے سخت ترین ہوں گے۔ وائٹ ہاؤس میں اپنی روزانہ کی بریفنگ کے دوران صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ اس دوران امریکا میں مزید ’بہت زیادہ اموات ہوں گی‘۔ امریکا میں اب تک تین لاکھ بارہ ہزار سے زائد افراد کووِڈ انیس سے متاثر ہیں اور ساڑھے آٹھ ہزار ہلاک ہو چکے ہیں۔ ساتھ ہی صدر ٹرمپ نے اس بارے میں اپنی خواہش کا اظہار بھی کیا کہ لاک ڈاؤن کے شکار امریکا کو جلد ’دوبارہ کھولنا‘ ہو گا اور تعطل کی شکار معیشت کو دوبارہ راستے پر لانا ہو گا۔

[pullquote]افغانستان:اسلامک اسٹیٹ کے خلاف ایک کامیاب کارروائی[/pullquote]

افغان سکیورٹی دستوں نے دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے خلاف ایک کامیاب کارروائی کی ہے۔ قومی سلامتی کے محکمے کے مطابق ایک خصوصی آپریشن میں اس تنظیم کے سربراہ اسلم فاروقی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ فاروقی مولوی عبداللہ کے نام سے بھی مشہور ہے۔ اس کے ساتھ داعش کے مزید انیس جنگجوؤں اور دو قائدین کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں افغان خفیہ ادارہ آئندہ دنوں میں تفصیلات سے آگاہ کرے گا۔ اسلامک اسٹیٹ 2015ء سے افغانستان میں اپنے قدم جمانے کی کوششوں میں ہے اور کئی دہشت گردانہ کارروائیاں کر چکی ہے۔

[pullquote]جنوبی فرانس میں خنجر کے ایک حملے میں کم از کم دو افراد ہلاک[/pullquote]

جنوبی فرانس میں خنجر کے ایک حملے میں کم از کم دو افراد کے ہلاک اور پانچ دیگر کے زخمی ہونے کے بعد انسداد دہشت گردی کے محکمے نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ حکام نے بتایا کہ گزشتہ روز چار اپریل کو پیش آنے والے اس واقعے میں مشتبہ طور پر ایک سوڈانی نژاد شہری ملوث ہے۔ مزید یہ کہ اس کے گھر کی تلاشی کے دوران مذہبی مواد برآمد ہوا ہے، جس میں مصنف نے ’کافروں‘ کے ایک ملک میں رہنے کے حوالے سے شکایات کی ہیں۔ پولیس ریکارڈ میں اس سے قبل مشتبہ حملہ آور کے بارے میں کوئی معلومات درج نہیں تھیں۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

[pullquote]سری لنکا کی جیلوں سے قیدیوں کو رہا کیا جا رہا ہے[/pullquote]

سری لنکن حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تقریباﹰ 2900 قیدیوں کو رہا کیا جا چکا ہے۔ حکام نے بتایا کہ ان قیدیوں کو ضمانت پر رہا کیا گیا ہے اور یہ سلسلہ سترہ مارچ سے جاری ہے۔ سری لنکا کی اکثر جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کو رکھا گیا ہے۔ اس ملک میں کووِڈ انیس کے مریضوں کی تعداد 166 ہے جبکہ اب تک پانچ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ سری لنکا میں بیس مارچ سے ملک گیر کرفیو نافذ ہے۔

[pullquote]ملکہ الزبتھ اتوار کی شام قوم سے خطاب کریں گی[/pullquote]

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کورونا وائرس کے حوالے سے آج اتوار کی شام قوم سے خطاب کریں گی۔ بکنگھم پیلس کے مطابق یہ خطاب برطانیہ سمیت دولت مشترکہ کے ممالک میں براہ راست نشر کیا جائے گا۔ ملکہ الزبتھ کووِڈ انیس کے خلاف برطانوی حکومت کے اقدامات کے بارے میں پہلے ہی ایک پیغام ریکارڈ کر وا چکی ہیں، جو کہ مقامی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے نشر کیا جائے گا۔

[pullquote]کورونا کے مریضوں کے ساتھ ایک کروز شپ کی فلوریڈا آمد[/pullquote]

مشکلات سے بھرے سفر کے بعد کورونا کے مریضوں کے ساتھ ایک کروز شپ امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحلوں پر پہنچ گیا ہے۔ جہاز ران کمپنی پرنسس کروزس کے مطابق’کورل پرنسس‘ نامی اس ب‍حری جہاز نے میامی کے ساحل پر لنگر انداز ہونے کی متعدد ناکام کوششیں کی تھیں۔ اس کے بعد اسے کئی جنوبی امریکی ممالک کی جانب روانہ بھی کیا گیا۔ اس جہاز پر عملے سمیت کل گیارہ سو افراد موجود ہیں اور ان میں سے بارہ کورونا وائرس سے متاثر ہیں جبکہ دو ہلاکتیں بھی ہو چکی ہیں۔ ’کورل پرنسس‘ کو خالی کرنے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔

[pullquote]میکسیکو: فائرنگ کے تبادلے کے دوران کم از کم انیس افراد[/pullquote]

شمالی میکسیکو میں دو حریف گروہوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے کے دوران کم از کم انیس افراد مارے گئے ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق مادیرا نامی شہر سے اٹھارہ لاشیں، دو دستی بم، گاڑیاں اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ اس کے علاوہ سڑک کے کنارے سے دو مسلح افراد کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ان میں سے ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پولیس نے بتایا کہ یہ منشیات فروش گروپوں کے درمیان ہونے والی ایک لڑائی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے