حالیہ بھارتی عمل سے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق مزید سلب ہوں گے: پاکستان

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کا بیان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ بھارتی عمل سے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق مزید سلب ہوں گے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق حالیہ بھارتی عمل سے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق مزید سلب ہوں گے، جب دنیا کورونا کا مقابلہ کر رہی ہے تو بھارت نے کشمیریوں کےلیے ڈومیسائل کے قانون میں تبدیلی کردی۔

انہوں نے کہا کہ یہ بی جے پی حکومت کے اخلاقی دیوالیہ پن کی ایک مثال ہے، مقبوضہ کشمیر کے امورکواندرونی قراردینے کی رٹ جھوٹ کو سچ میں تبدیل نہیں کرسکتی، مقبوضہ وادی کو سلامتی کونسل کی قراردادیں متنازعہ علاقہ قراردیتی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کا کوئی بھی عمل مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا جواز نہیں ہوسکتا، بی جے پی کی حکومت ہندوتوا نظریات کو مسلط کرنا چاہتی ہے لیکن بھارت کا طاقت کا وحشیانہ استعمال کشمیری عوام کو ان کے مقصد سے نہیں ہٹاسکتا۔

دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستانی قیادت اور عوام کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہوگی۔

خیال رہے کہ بھارت نے یکم اپریل کو ایک اعلامیہ جاری کیا جس کے مطابق اب مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل (شہریت) کا نیا قانون نافذ ہوگا۔

نئے قانون کی رو سے سرکاری محکموں میں چپڑاسی، خاکروب، نچلی سطح کے کلرک، پولیس کانسٹیبل وغیرہ کے چوتھے درجے کے عہدوں کو کشمیریوں کے لیے مخصوص کیا گیا ہے جب کہ گزیٹِڈ عہدوں کے لیے پورے بھارت سے امیدوار نوکریوں کے اہل ہوں گے۔

پاکستان نے بھارت کے اس نئے قانون کو یکسر مسترد کردیا ہے اور کشمیریوں کی مکمل حمایت کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے