پالپا اور پی آئی اے کے مذاکرات کامیاب : پائلٹس جہاز اڑنے پر آمادہ

پائلٹس کی تنظیم پاکستان ائیرلائن پائلٹس ایسوسی ایشن (پالپا) اور پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد پائلٹس تمام شیڈول اور خصوصی پروازیں اڑانے کے پابند ہوں گے۔

پائلٹس کی تنظیم پالپا نے جہازوں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات نہ ہونے پر جہاز اڑانے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد سے ائیرلائنز انتظامیہ سے مذاکرات جاری تھے۔

تاہم اب پائلٹس اور پی آئی اے انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد ایک معاہدے پر پی آئی اے انتظامیہ اور وائس پریزیڈنٹ پالپا نے دستخط کیے ہیں۔

معاہدے کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ تمام حفاظتی سامان فراہم کرنے کی پابند ہوگی جبکہ پائلٹس قومی ائیرلائن کی تمام شیڈول اور خصوصی پروازوں کو اڑانے کے پابند ہوں گے۔

معاہدے میں کہا گیا ہے کہ کوئی پائلٹ کورونا وائرس کی وجہ سے طیارہ اڑانے سے انکار کرتا ہےتو اسے تحریری طور پر آگاہ کرنا ہوگا۔

پالپا کے جوائنٹ سیکرٹری کیپٹن قاسم قادر کا کہنا ہے کہ فضائی عملےکے تحفظ کیلئے پی پی ای کٹ فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے، حکومت نے پی آئی اے کو سول ایوی ایشن کے ایس او پی کے مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی ہے، پالپا نے انتظامیہ کی جانب سے کاٹی گئی تین دن کی تنخواہ کی واپسی کا کوئی مطالبہ نہیں کیا، پالپا کا احتجاج صرف پائلٹس ،فضائی میزبانوں اور مسافروں کے تحفظ کیلئے تھا، پی آئی اے کے 6 پائلٹ ،کیبن کریو اور ٹیکنیشن کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق پالپا نے فلائٹ آپریشن مشروط طور پر بحال کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے لہٰذا حکومت کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایس او پی پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پائلٹ اورکیبن کریو کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایس او پی پر مکمل عمل کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پالپا نےبیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے اپنے تعاون کا یقین دلایا ہے۔

قبل ازیں پالپا اور پی آئے کے مذاکرات میں ناکامی کی خبریں سامنے آئی تھیں جس کے بعد پی آئی اے نے پروازوں کے لیے کنٹریکٹ پائلٹس کی خدمات حاصل کر لیں تھیں اور فضائی آپریشن کی بحالی کے لیے پاک فضائیہ سے مدد مانگ لی تھی۔

سربراہ پاک فضائیہ نے بحران سے نکالنے کیلئے پی آئی اے کو خصوصی طیارہ بھی دیا جس نے کراچی سے 13 ہوابازوں کو لے کر آج رات کراچی سے اسلام آباد پہنچنا تھا۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایس او پی کے مطابق اقدامات کیئے گئے ہیں اور عملے کو حفاظتی کٹس اور تمام مسافروں کو ماسک فراہم کر دیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ لاک ڈاؤن کے باعث ملک میں جزوی طور پر فلائٹ آپریشن بحال ہے جس میں بیرون ممالک میں پھنسے پاکستانی شہریوں کو وطن واپس لایا جارہا ہے جبکہ دیگر ممالک کے شہریوں کوان کے ملکوں میں پہنچایا جارہا ہے۔

جزوی فضائی آپریشن میں بھی کئی پائلٹس سمیت دیگر فضائی عملہ بھی مہلک وائرس کا شکار ہوچکا ہے جبکہ پالپا کی جانب سے پی آئی اے انتظامیہ پر حفاظتی اقدامات نہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے