پاکستان:138 ڈاکٹرز اور طبی عملہ کورونا کا شکار:متاثرین کی تعداد 4 ہزار سے زائد

[pullquote]پاکستان میں کورونا کے متاثرین کی تعداد 4 ہزار سے زائد: 467 صحت یاب[/pullquote]

پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کی کل تعداد 4 ہزار 72 ہو گئی ہے جبکہ ملک میں اب تک 58 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ بدھ کو نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا کے اب تک 4 ہزار 72 مصدقہ کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 467 ہے۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے مطابق صوبے میں کورونا کے 78 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مریضوں کی تعداد 2 ہزار 108 ہو گئی ہے۔ پاکستان میں کورونا کے 25 مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

بدھ کو نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 208 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ پنجاب میں کورونا متاثرین میں 695 زائرین، 744 راے ونڈ سے وابستہ افراد، 58 قیدی اور 744 عام شہری شامل ہیں۔ اب تک کورونا وائرس سے صوبے میں نو اموات ہوئی ہیں جب کہ چھ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پنجاب میں 16 اموات ہوئی ہیں جبکہ 34 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کے بعد صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز موجود ہیں۔ سندھ میں کورونا کے 986 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ 269 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ صوبے میں اب تک 18 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق خیبر پختونخوا میں کورونا کے 527 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ صوبے میں 18 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ 70 افراد کے صحت یاب ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

گلگت بلتستان میں 212 افراد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ علاقے میں 15 افراد صحت یاب اور تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔بلوچستان میں کورونا وائرس کے 206 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ صوبے میں وائرس سے دو افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ بلوچستان میں وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 75 ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 92 ہے جن میں سے تین صحت یاب ہوئے جبکہ ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 19 ہے، ایک شخص صحت یاب ہوا ہے جبکہ علاقے میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

[pullquote]پاکستان میں 138 ڈاکٹرز اور طبی عملے کے ارکان کورونا کا شکار[/pullquote]

پاکستان میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کے 138 افراد اب تک کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں اور اس حوالے سے صوبہ سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 85 ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کے افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی ایک تازہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان کے 25، پنجاب کے 12، خیبرپختونخواہ کے سات اور اسلام آباد کے پانچ ڈاکٹرز اور طبی عملے میں وائرس سامنے آیا ہے۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان میں ایک ایک ایسا کیس سامنے آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ اعدادوشمار عالمی ادارہ صحت کو حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کیے گئے ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کے تجزیے کے مطابق کورونا سے متاثر زیادہ تر ڈاکٹرز اور عملے کی عمریں اکیس سے چالیس تک ہیں اور ان میں سے ستر فیصد مرد ہیں۔ سوموار کو کراچی میں ڈاکٹر عبدالقادرسومرو بھی کورونا سے ہلاک ہو گئے تھے۔ وہ بھی مریضوں کے علاج کے دوران وائرس کا شکار ہوئے تھے۔ پاکستان بھر میں ڈاکٹرز اور طبی عملے نے مناسب حفاظتی لباس اور سہولیات کی عدم دستیابی کی شکایت کی تھی اور سوموار کو احتجاج کرنے والے ڈاکٹرز کو صوبہ بلوچستان میں پولیس نے گرفتار بھی کر لیا تھا ۔ یہ واقعہ دنیا بھر میں خبروں کی زینت بنا تھا اور ایمنسٹی انٹرنیشنل ساﺅتھ ایشیا شاخ نے ڈاکٹروں کی گرفتاری کو پرامن احتجاج کے حق پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا وائر س کی جنگ لڑنے والے ان ہیروز کو درکار حفاظتی سامان فراہم کیا جانا چاہیے۔ تاہم بعد میں بلوچستان حکومت کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد ان کو رہا کر دیا گیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی منگل کو جاری ایک پریس ریلیز میں بھی کہا گیا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر بلوچستان میں ڈاکٹرز کے لیے خصوصی حفاظتی سامان پہنچایا گیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق وفاقی حکومت براہ راست ملک بھر کے 153 اسپتالوں کو ڈاکٹروں اور طبی عملے کے لیے کورونا کی حفاظتی کٹس فراہم کرے گی۔ عالمی ادارہ صحت نے بھی انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کوئٹہ میں کورونا سے نمٹنے کے لیے طبی عملی کو تربیت فراہم کی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے