بدھ : 06 مئی 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]حزب المجاہدین کا کمانڈر ریاض نائیکو بھارتی فوج کے ساتھ جھڑپ میں ہلاک[/pullquote]

بھارتی زیر انتظام کشمیر میں سکیورٹی دستوں نے ایک جھڑپ میں چار شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔ حکام کے بقول مارے جانے والوں میں حزب المجاہدین کا کمانڈر ریاض نائیکو بھی شامل ہے۔ یہ جھڑپ ضلع پلوامہ میں ہوئی۔ آج بدھ کی صبح سے حکام نے کشمیر میں انٹرنیٹ کی سہولت منقطع کر دی تھی تاکہ اس ہلاکت کے ردعمل میں شہریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نہ نکل سکے۔ پینتیس سالہ نائیکو 2010ء میں شدت پسند بنا تھا۔ ریاضی کے اس سابق استاد کے سر کی قیمت بارہ لاکھ روپے مقرر تھی۔

[pullquote]کووڈ انیس سے ہلاکتیں، برطانیہ یورپ میں پہلے نمبر پر[/pullquote]

برطانیہ یورپ میں کووڈ انیس سے ہونے والی ہلاکتوں کے اعتبار سے پہلے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ امریکی جانز ہوپکنز یونیورسٹی کے مطابق برطانیہ میں اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد تیس ہزار ہونے والی ہے۔ اس سے قبل کووڈ انیس سے یورپ میں اٹلی سب سے متاثرہ ملک تھا، جہاں اس وقت کورونا سے انتیس ہزار تین سو شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ ناقدین اس صورتحال کا ذمہ دار وزیر اعظم بورس جانسن کی حکومت کی بحران سے نمٹنے کے لیے تیار کی گئی ناقص حکمت عملی کو قرار دے رہے ہیں۔

[pullquote]جوہری معاہدے سے علیحدگی ٹرمپ کی ایک ’نامعقول غلطی‘ ، روحانی[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی نے جوہری معاہدے سے علیحدگی کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کو ایک ’نامعقول غلطی‘ قرار دیا ہے۔ صدر روحانی نے آج بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ اگر امریکا اس معاہدے میں دوبارہ شامل ہونا چاہتا ہے تو اسے پہلے ایران پر سے تمام پابندیاں اٹھانی ہوں گی۔ ان کے بقول اسلحے کی خریدو فروخت کے حوالے سے ایران پر عائد پابندی میں اگر توسیع کی جاتی ہے تو تہران کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آئے گا۔ امریکا 2018ء میں ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین ہونے والے جوہری معاہدے سے الگ ہو گیا تھا۔

[pullquote]دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 36 لاکھ[/pullquote]

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 36 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ دو لاکھ پچپن ہزار سے زائد افراد اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق عالمی سطح پر کورونا وائرس سے اب تک دس لاکھ سے زیادہ افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب کورونا کی وبا اب لاطینی امریکی ممالک میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق اس پورے خطے میں کووڈ 19سے متاثرہ افراد کی تعداد تقریباً پونے تین لاکھ تک پہنچ گئی ہے اور اب تک تقریباً پندرہ ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ برازیل متاثر ہوا ہے، جہاں تقریباً 7921 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]چین کا اپنے خلائی مرکز کو 2022ء تک مکمل کرنے کا منصوبہ[/pullquote]

چین نے اپنے خلائی مرکز کو 2022ء تک مکمل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق چین چار خلاء باز ب ردار اور اتنے ہی مال بردار مشنز روانہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے تاکہ ایک مستقل خلائی مرکز کا کام اگلے دو برسوں میں ختم ہو جائے۔ چین موسم گرما میں مریخ پر اپنا مشن روانہ کرنے والے ممالک میں بھی شامل ہو جائے گا۔

[pullquote]فلپائن میں ملک کا سب سے بڑا ریڈیو اور ٹیلی وژن نیٹ ورک بند[/pullquote]

فلپائن میں ملک کے سب سے بڑے ریڈیو اور ٹیلی وژن نیٹ ورک کو بند کر دیا گیا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر (ABS-CBS) کارپوریشن کو بند کرنے کے اقدام کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے کیونکہ یہ کورونا وائرس کے بارے میں اطلاعات فراہم کرنے والا اہم ذریعہ تھا۔ ناقدین کے مطابق صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے نے اس نیٹ ورک کو اس کی ناقدانہ رپورٹنگ کی وجہ سے نشانہ بنایا ہے۔ اسے ایشیا میں آزادیِ صحافت کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

[pullquote]شارجہ کے ایبکو ٹاور میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا[/pullquote]

متحدہ عرب امارات میں دو سو میٹر اونچی ایک عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ گلف نیوز کے مطابق شارجہ کا اڑتالیس منزلہ ایبکو ٹاور آتشزدگی کا شکار ہوا تھا اور اس واقعے میں نو افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ اس عمارت میں زیادہ تر رہائشیں ہیں۔ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ تاہم آتشزدگی کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

[pullquote]ہنگری نے خواتین پر تشدد کے خلاف یورپی کونسل کے استنبول معاہدے کی توثیق نہیں کی[/pullquote]

ہنگری کی پارلیمان نے خواتین پر تشدد کے خلاف یورپی کونسل کے استنبول معاہدے کی توثیق نہیں کی ہے۔ وزیر اعظم وکٹور اوربان کی ’فیدیس‘ پارٹی اور ان کے اتحادی کرسچئن ڈیموکریٹس نے ایک مشترکہ بیان میں اس معاہدے کو ’’تباہ کن صنفی نظریات‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ غیر قانونی ہجرت کی حمایت کرتا ہے۔ یہ کنونشن 2011ء میں یورپی کونسل نے تیار کیا تھا تا کہ یورپی سطح پر خواتین پر تشدد کی روک تھام کے لیے ایک قانونی لائحہ عمل ترتیب دیا جا سکے۔ ہنگری نے 2014ء میں اس دستاویز پر دستخط تو کیے تھے مگر توثیق نہیں کی تھی۔

[pullquote]جرمنی، کورونا لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کی جا رہی ہے[/pullquote]

جرمنی میں آج بدھ کوکورونا لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کرنے کا اعلان کیا جا رہا ہے۔ سرکاری حلقوں کے مطابق آج ریستوران، تمام دکانیں، کنڈر گارٹن اور کھیلوں کی سرگرمیاں مشروط طور پر بحال کرنے کی اجازت دے دی جائے گی۔ ساتھ ہی وفاق نے پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ ریاستی حکومتوں پر بھی چھوڑ دیا ہے۔ اس کے علاوہ حکومت نے کورونا انفیکشن کی تعداد کو محدود رکھنے پر زور دیا ہے تاکہ دوبارہ پابندیوں کا اطلاق نہ کرنا پڑے۔ جرمنی میں کورونا سے ہلاکتیں سات ہزار ہونے والی ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد تقریباﹰایک لاکھ سڑسٹھ ہزار ہے۔

[pullquote]امریکا، ہلاکتوں میں اضافہ لیکن خصوصی’ٹاسک فورس‘ ختم کرنے کا اعلان[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے لیے قائم خصوصی’ٹاسک فورس‘ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق اب ان کی انتظامیہ معیشت کی بحالی پر توجہ دے گی۔ ان کے بقول ملک کو آئندہ پانچ برسوں کے لیے بند نہیں کیا جا سکتا۔ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اس خصوصی’ٹاسک فورس‘ کے سربراہ نائب صدر مائیک پینس تھے۔ امریکا میں اب تک کووڈ 19 سے اکہتر ہزار سے بھی زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ بارہ لاکھ سے زیادہ مصدقہ کیسز ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگست تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد دوگنا ہو سکتی ہے۔

[pullquote]’ایئر بی این بی‘ کا پچیس فیصد ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان[/pullquote]

عارضی طور پر رہائش فراہم کرنے والی کمپنی’ایئر بی این بی‘ نے پچیس فیصد ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ’ایئر بی این بی‘ کے مطابق ساڑھے سات ہزار میں سے تقریباﹰ انیس سو ملازمتیں ختم کی جا رہی ہیں۔ امریکا میں اس کمپنی کے فارغ کیے جانے ملازمین کو چودہ ہفتوں کی تنخواہ دی جائے گی۔ امریکا میں فروری سے اپریل تک ’ایئر بی این بی‘ کی بکنگ میں تریپن فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ اب سے کچھ ماہ قبل تک اس کمپنی کے اکتیس ارب ڈالر کے اثاثے تھے۔ اس ویب سائٹ کے ذریعے سات ملین رہائشیں جزوی طور پر کرائے پر لی جا سکتی ہیں۔

[pullquote]وینزویلا پر ’حملہ‘کرنے کی مبینہ کوشش میں ملوث نہیں، امریکا[/pullquote]

امریکا نے وینزویلا پر ’حملہ‘ کرنے کی ایک مبینہ کوشش میں ملوث ہونے کو مسترد کیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق واشنگٹن حکومت کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ امریکی دفتر خارجہ نے تاہم کراکس حکام پر امریکا کے خلاف ایک وسیع تر بے بنیاد مہم چلانے کا الزام عائد کیا ہے۔ کراکس حکام نے اتوار کو بتایا تھا کہ ملکی دستوں نے کولمبیا کے کرائے کے فوجیوں کا ایک حملہ ناکام بنا دیا ہے۔ اس سے قبل صدر نکولاس مادورو نے دو امریکی شہریوں کی گرفتاری کا اعلان کیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے