"کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس” رجسٹریشن کے بعد غائب

خیبرپختونخوا میں رجسٹر ڈیڑھ لاکھ کے قریب کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس میں سے دس فیصد سے بھی کم افراد نے انتظامیہ کو اپنی خدمات پیش کردیں، رابطہ کرنے کے باوجود بیشتر رجسٹرڈ ٹائیگرز فورس نے خدمات سرانجام دینے کی بجائے گھر پر بیٹھنا ہی ضروری سمجھا۔ خیبرپختونخوا سے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں ایک لاکھ 43ہزار 410افراد نے خدمات پہنچانے کےلئے اپنے نام درج کروائے تھے تاہم ضلعی انتظامیہ نے ضرورت کے تحت رجسٹرڈ 37 ہزار افراد کو خدمات سرانجام دینے کےلئے جب طلب کیا تو بمشکل 14ہزار رضاکاروں نے ٹائیگر فورس کی حیثیت سے اپنی خدمات اضلاع کی انتظامیہ کو پیش کئے۔

[pullquote]خیبرپختونخوا میں ٹائیگر فورس کی تعداد کتنی ہے؟؟۔۔[/pullquote]

سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 31مارچ سے ملک بھر میں پاکستان سٹیزن پورٹل کے ذریعے اب تک 10لاکھ کے قریب افراد نے اپنے ناموں کا ٹائیگر ریلیف فورس میں اندارج کرایا ، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 43ہزار، پنجاب میں 6لاکھ 50ہزار ، سندھ میں ایک لاکھ 55ہزار، بلوچستان میں 15ہزار 15 ، اسلام آباد میں 14ہزار 152 ، گلگت بلتستان میں 6ہزار 405 اور آزاد کشمیر میں 12ہزار 323 افراد نے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں اپنے نام رجسٹرڈ کرائے۔ محکمہ انتظامیہ کے مطابق خیبر پختونخوا سے رجسٹرڈ افراد میں 2ہزار 100سے زائد خواتین بھی شامل ہیں۔ خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ ضلع پشاور کے 18ہزار 127افراد نے فورس میں اپنے ناموں کا اندراج کیا۔ دوسرے نمبر پر مردان میں 13ہزار 200 ، مانسہرہ 10ہزار اور چارسدہ سے 7ہزار افراد نے اپنی خدمات حکومت کو پیش کیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں لاہور سے 80ہزار کے قریب افراد نے ٹائیگر فورس میں اپنے ناموں کا اندارج کیا۔

[pullquote]کتنے رضاکاروں نے اپنی خدمات پیش کیں؟؟[/pullquote]

محکمہ انتظامیہ کے ایک اعلیٰ افسر کے مطابق ٹائیگر فورس کی براہ راست رجسٹریشن پاکستان سٹیزن پورٹل کے ذریعے ہوئی ہے۔ ہر ضلع میں ڈپٹی کمشنر ضلعی کمیٹی کنونیئر ہوگا۔تحصیل کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنر اوریونین کونسل کی سطح پر ڈپٹی کمشنر کا نمائندہ کمیٹی کاکنونیئرہوگا ۔خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں ڈپٹی کمشنرزکے دفاتر سے کورونا ریلیف ٹائیگرفورس کے تحت رجسٹرڈ37ہزارافراد کو کالزکئے جس میں صرف13ہزارکے قریب افراد نے اپنی خدمات مختلف اضلاع میں ڈپٹی کمشنرزکوپیش کئے ابتدائی طو رپر ڈی سی نے ان سے حلف لیا جس کے تحت وہ سرکاری احکامات ماننے کے پابندہونگے ۔

[pullquote]ٹائیگرفورس کونسی خدمات سرانجام دے گی؟؟[/pullquote]

13اپریل کو وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کی جانب سے تمام چیف سیکرٹریز کو مراسلہ بھیجاگیا جس میں انہیں ہدایات جاری کی گئیں کہ ٹائیگرفورس کے لئے تمام ڈپٹی کمشنرزکوخصوصی مراسلے بھیجے جائیں جس کے تحت ٹائیگرفورس کا کوئی بھی رضاکار اپنی خدمات کے بدلے تنخواہ وصول نہیں کرے گا ان کی خدمات رضاکارانہ ہونگی خودکوسرکاری نوکرتصورنہیں کرے گا ضرورت کے تحت ٹائیگرفورس کے کسی بھی رضاکار کوطلب کیاجاسکتاہے ہررضاکار کو خصوصی کارڈجاری کیاجائے گا رضاکاراپنے تئیں فرائض سرانجام دینے کی بجائے انتظامیہ کی جانب سے تفویض کردہ فرائض سرانجام دے گا غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں رہےگا افسران ،ساتھیوں اور جہاں پر خدمات سرانجام دے رہاہو وہاں پر اپنے ساتھیوں کےساتھ اچھارویہ رکھے گا۔راشن کی تقسیم ،قرنطینہ مراکز میں غیرتکنیکی عملے ،ضلعی سطح پر سرکاری ٹرانسپورٹ کے علاوہ عوام میں آگہی بالخصوص سماجی فاصلوں سے متعلق شعورکی بیداری میں ٹائیگرفورس خدمات سرانجام دے گی اس کے علاوہ ٹائیگرفورس مہنگائی ،ذخیرہ اندوزی اوردیگرامور سے متعلق بھی سٹیزن پورٹل کے ذریعے حکومت کو آگاہ کرے گی ۔ڈپٹی کمشنر ٹائیگرفورس کو بیگارفورس تصور کرنے کی بجائے انکی خدمات کو سراہے گا انتظامیہ انکے ساتھ عزت کےساتھ پیش آئیگی جبراًٹائیگرفورس سے خدمات نہیں لی جائیں گی اور ضرورت پڑنے پر انہیں حفاظتی کٹس فراہم کی جائے گی۔

[pullquote]کیاحکومت کے پاس متبادل رضاکارموجودتھے؟؟[/pullquote]

خیبرپختونخوامیں سول ڈیفنس کے پاس تقریباًدس ہزار رضاکاررجسٹرڈہیں جنہیں کسی بھی وقت طلب کیاجاسکتاہے محکمہ انتظامیہ کے ایک اعلیٰ افسرکے مطابق سول ڈیفنس کے تمام رضاکاروں کی رجسٹریشن سپیشل برانچ کے ذریعے کی گئی ہے جبکہ ٹائیگرفورس کے رضاکاروں کا کوئی ریکارڈ چیک نہیں کیاگیا مکمل طو رپر اس فورس کے فعال ہونے سے کئی انتظامی مسائل جنم لے سکتے ہیں حکومت نے تاحال تمام رضاکاروں سے صرف ایک سادہ کاغذ پر حلف لیاہے ان کے ساتھ کسی قسم کا بانڈیامعاہدہ نہیں کیاہے

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے