ہفتہ : 16 مئی 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کورونا وائرس: تازہ ترين عالمی صورت حال[/pullquote]

دنيا بھر ميں کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد آج بروز ہفتہ پينتاليس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ 306,001 افراد اس بيماری کے باعث ہلاک بھی ہو چکے ہيں۔ امريکا قريب ساڑھے چودہ لاکھ متاثرين اور قريب ستاسی ہزار اموات کے ساتھ بدستور سب سے زيادہ متاثرہ ملک ہے۔ پچھلے سال کے اختتام پر چين سے شروع ہونے والا يہ انفيکشن اب 210 ملکوں ميں رپورٹ ہو چکا ہے۔

[pullquote]بھارت کورونا وائرس کے کيسز ميں چين سے آگے[/pullquote]

نئے کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد کے معاملے ميں بھارت نے چين پر سبقت حاصل کر لی ہے۔ ہفتہ سولہ مئی کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت ميں کووڈ انيس کے مريضوں کی مجموعی تعداد تقريباً چھياسی ہزار ہے جبکہ 2,752 افراد اب تک اس بيماری سے ہلاک ہو چکے ہيں۔ سب سے زيادہ متاثرہ رياست مہاراشٹرا ہے، جہاں مريضوں کی تعداد انتيس ہزار سے متجاوز ہے۔ بھارت ميں ملک گير سطح پر لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ وزير اعظم نريندر مودی اس ميں توسيع کے حوالے سے اس اختتام ہفتہ پر اعلان کرنے والے ہيں۔ گو کہ مينوفيکچرنگ اور زراعت کے سيکٹرز ميں چند اداروں کو کام کی اجازت دی جا چکی ہے اور اسی ہفتے سے ٹرين سروس بھی بحال ہے۔

[pullquote]بچوں ميں کووڈ انيس سے منسلک بيماری ميں اضافہ، ماہرين[/pullquote]

امريکی اور يورپی طبی ماہرين نے خبردار کيا ہے کہ بچوں ميں کووڈ انيس سے منسلک ايک پيچيدگی ديکھی جا رہی ہے، جس سے بچوں کی قوت مدافعت بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ اب تک نيو يارک ميں پانچ جب کہ فرانس اور برطانيہ ميں ايک ايک بچہ اسی پيچيدگی کی وجہ سے ہلاک ہو چکا ہے۔ ماہرين کے مطابق گو کہ بچوں ميں يہ پيچيدگی شاذ و نادر ہی ديکھی جاتی ہے تاہم اس پيش رفت سے يہ ثابت ہوتا ہے کہ کووڈ انيس سے کسی بھی عمر کے لوگ محفوظ نہيں۔ يورپ ميں چودہ برس سے کم عمر کے 230 بچے (PIMS) کے نام سے جانی جانے والی اس پيحيدگی ميں مبتلا ہو چکے ہيں۔ امريکا ميں صرف نيو يارک ہی ميں سو سے زائد کيسز رپورٹ کيے جا چکے ہيں۔

[pullquote]جرمنی ميں بھی پابنديوں کی مخالفت ميں احتجاجی مظاہرے[/pullquote]

جرمنی کے کئی بڑے شہروں ميں آج بروز ہفتہ کووڈ انيس کی وبا کے باعث عائد کردہ پابنديوں کی مخالفت ميں احتجاجی مظاہرے کيے جا رہے ہيں۔ غلط خبروں، سازشی نظریات، الزامات اور ديگر غير مصدقہ معلومات کے باعث پھوٹنے والے يہ مظاہرے ميونخ، برلن، ڈورٹمنڈ اور ديگر کئی شہروں ميں نکالے جا رہے ہيں۔ اشٹٹ گارٹ ميں منتظمين پانچ ہزار افراد کی شرکت کی توقع کر رہے ہيں۔ ايسے مظاہروں ميں ويکسين مہم کے مخالفت کرنے والے اور انتہائی دائيں بازو کے سياسی نظريات کے حامل افراد نماياں ہيں۔

[pullquote]فرانسيسی اسکالر کو ايران ميں پانچ سال قيد کی سزا[/pullquote]

تعليم و تدریس کے شعبے سے وابستہ فرانسيسی ايرانی شہری فريبہ عدلخاء کو ايران ميں پانچ سال قيد کی سزا سنا دی گئی ہے۔ ان کے وکيل نے ہفتے کو بتايا کہ عدلخاء کو ايران کی قومی سلامتی سے متعلق حساس مواد جمع کرنے، ریاست کی سلامتی کو خطرے ميں ڈالنے اور ايران کے خلاف پراپيگنڈا کرنے کے جرائم ثابت ہونے پر يہ سزا سنائی گئی۔ وکيل دفاع سعد ديغان کے مطابق اس فيصلے کے خلاف اپيل دائر کی جائے گی۔ شيعہ اسلام پر مہارت رکھنے والی اور پيرس کی ايک يونيورسٹی ميں ريسرچ ڈائريکٹر کے طور پر ملازمت کرنے والی عدلخاء کو ايران ميں گزشتہ برس جون ميں گرفتار کيا گيا تھا۔ اس فيصلے پر واشنگٹن نے مايوسی ظاہر کی ہے۔

[pullquote]پچيس سال سے مطلوب ملزم گرفتار[/pullquote]

افر‌يقی ملک روانڈا ميں نسل کشی کے ايک مرکزی مشتبہ ملزم کو پچيس سال سے جاری تلاش کے بعد آج ہفتے کو فرانسيسی دارالحکومت سے حراست ميں لے ليا گيا ہے۔ چوراسی سالہ کبوگا پيرس کے قريب واقع ايک مکان ميں جعلی شناخت کے ساتھ رہ رہا تھا۔ امريکا نے اس کے سر کی قيمت پانچ ملين ڈالر مقرر کر رکھی ہے۔ ہوٹو قبيلے سے تعلق رکھنے والے اس کاروباری شخص پر الزام ہے کہ اس نے اپنے ہی قبيلے کے اعتدال پسندوں اور ٹوٹسی قبيلے کے آٹھ لاکھ افراد کے قتل ميں مالی معاونت کی تھی۔ روانڈا ميں نسل کشی کا يہ واقعہ سن 1994 ميں پيش آيا تھا۔ گرفتاری سے ملزم کے خلاف عدالتی کارروائی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

[pullquote]ہواوے پر تازہ امريکی پابندياں[/pullquote]

امريکا نے چينی ٹيکنالوجی کمپنی ہواوے پر تازہ پابندياں عائد کر دی ہيں، جن سے ہواوے کے ليے سيمی کنڈکٹرز کا حصول مشکل ہو جائے گا۔ امريکی کامرس سيکرٹری ولبر روس کے مطابق ہواوے کو امريکی ٹيکنالوجی کے استعمال کرنے سے روکا جائے گا۔ ہواوے کی طرف سے فوری طور پر کوئی رد عمل سامنے نہيں آيا تاہم چينی حکومت نے جواباً کوال کوم، سسکو اور ايپل نامی امريکی کمپنيوں پر پابندياں عائد کرنے کی دھمکی دی ہے اور يہ بھی کہا ہے کہ امريکی طيارہ ساز کمپنی بوئنگ سے جہازوں کی خريداری معطل کی جا سکتی ہے۔

[pullquote]بھارت: چوبيس مہاجر ورکرز ٹريفک حادثے ميں ہلاک[/pullquote]

شمالی بھارت ميں چوبيس مہاجر ورکرز ايک حادثے ميں ہلاک ہو گئے ہيں۔ رياست اتر پرديش کے ضلع ایوریا ميں ميہوالی کے علاقے ميں يہ حادثہ آج ہفتے کے صبح پيش آيا۔ پوليس کے مطابق نئی دہلی سے سفر کرنے والا مہاجر ورکرز سے بھرا ہوا ايک ٹرک سڑک کنارے کھڑے ايک ٹريکٹر سے جا ٹکرايا، جس پر تعميرات کا سامان اور مزدور لدے ہوئے تھے۔ نتيجتاً دونوں گاڑياں الٹ گئيں اور بھاری جانی نقصان ديکھنے ميں آيا۔ اسی ہفتے جمعرات کو دو مختلف حادثات ميں چودہ مہاجر ورکز ہلاک ہو گئے تھے جب کہ پچھلے ہفتے سولہ مہاجر ورکز ٹرين کی زد ميں آ کر ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]افغانستان ميں داخلی سطح پر مذاکرات کا عمل عنقريب، خليل زاد[/pullquote]

افغانستان کے ليے خصوصی امريکی مندوب زلمے خليل زاد نے بتايا ہے کہ افغانستان کے مختلف دھڑوں کے درميان بات چيت کے ليے ايک نئی تاريخ زير غور ہے۔ امن معاہدے کے بعد افغانستان ميں داخلی سطح پر مذاکرات کا عمل دس مارچ کو شروع ہونا تھا تاہم اختلافات اور پر تشدد واقعات کے باعث يہ عمل مسلسل تاخير کا شکار ہے۔ خليل زاد کے مطابق مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے سلسلے ميں کچھ پيش رفت ہوئی ہے اور اسی ليے تاريخ طے کرنے کے ليے کوششيں جاری ہيں۔ انہوں نے يہ بھی بتايا کہ اس ہفتے ہونے والے خونريز حملوں کے تناظر ميں وہ دوبارہ افغانستان سفر کريں گے اور تشدد ميں کمی لانے کی کوششيں کريں گے۔

[pullquote]اسٹيوو لننک امريکی انسپيکٹر جنرل کے عہدے سے اچانک فارغ[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حکومت کے ليے ايک واچ ڈاگ کے طور پر کام کرنے والے ڈيموکريٹک قانون ساز انسپيکٹر جنرل اسٹيوو لننک کو اچانک بغير کوئی وجہ بيان کيے ان کے عہدے سے فارغ کر ديا ہے۔ اسٹيفن اکارڈ کو نيا انسپيکٹر جنرل مقرر کيا گيا ہے۔ اس پيش رفت پر کئی حلقے بالخصوص ڈيموکريٹک سياستدان کھل ک تنقيد کر رہے ہيں۔ ايسی اطلاعات بھی ہيں کہ لننک نے ايک معاملے ميں وزير خارجہ مائيک پومپيو کے خلاف تفتيش شروع کی تھی۔ پومپيو سرکاری دوروں ميں اکثر سرکاری طيارے پر اپنی اہليہ کو ساتھ لے جاتے ہيں حالاں کہ وہ کئی پوزيشن کی حامل نہيں۔ اس معاملے پر کئی حلقوں سے تنقيد جاری تھی۔

[pullquote]آج سے جرمن قومی فٹ بال ليگ بنڈس ليگا کے ميچز شروع[/pullquote]

آج سے جرمن قومی فٹ بال ليگ بنڈس ليگا کے ميچز شروع ہو رہے ہيں۔ يورپی سطح پر بنڈس ليگا پہلی قومی ليگ ہے، جس کے ميچز کئی ہفتوں کی معطلی کے بعد دوبارہ شروع ہو رہے ہيں۔ البتہ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدايات کے مطابق شائقين کو اسٹيڈيمز کے اندر موجود ہونے کی اجازت نہيں ہے۔ آج پہلا ميچ ڈورٹمنڈ اور شالکے کی ٹيموں کے درميان کھيلا جا رہا ہے۔ عموماً بياسی ہزار کے قريب شائقين ايسے ميچ کو ديکھنے اسٹيڈيم کا رخ کرتے ہيں۔ حکام نے شائقين کو خبردار کيا ہے کہ اگر اسٹيڈيمز کے باہر شائقين مجمے کی صورت ميں جمع ہوئے، تو ميچز منسوخ کيے جا سکتے ہيں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے