منگل : 19 مئی 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ڈبلیو ایچ او کی فنڈنگ مستقل طور پر روک دیں گے، ٹرمپ[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت نے امریکی صدر کے خط پر فوری ردِ عمل دینے سے انکار کیا ہے۔ ادارے کی خاتون ترجمان فضیلہ شایب کا تاہم یہ بھی کہنا تھا کہ اس بارے میں ’مزید وضاحت‘ اور ردِ عمل آج کسی وقت سامنے آئے گا۔ قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس اڈہنوم گبرائسس کے نام لکھے گئے ایک خط میں ادارے کی فنڈنگ مستقل طور پر روک دینے کی دھمکی دی تھی۔ خط میں صدر ٹرمپ نے یہ مطالبہ کیا کہ عالمی ادارہ صحت پابندیوں سے بچنے کے لیے تیس روز کے اندر اپنے کام میں ’نمایاں اصلاحات‘ لا کر ’چینی اثرو و رسوخ سے آزاد‘ ہونے کا عندیہ دے۔ دریں اثنا یورپی یونین نے عالمی ادارہ صحت کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]کورونا سے متاثر روسی وزیر اعظم نے صحت یاب ہونے کے بعد ذمہ داریاں پھر سنبھال لیں[/pullquote]

روسی وزیر اعظم میخائیل میشوسٹن نے کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے کے بعد اپنی زمہ داریاں دوبارہ سنبھال لی ہیں۔ کریملن کے مطابق صدر ولادیمیر پوٹن نے وزارت عظمیٰ کی ذمہ داریاں دوبارہ سنبھالنے کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا ہے۔ دوسری جانب روس میں کووڈ انیس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد تین لاکھ کے قریب ہو گئی ہے۔ آج منگل کے روز مزید نو ہزار افراد اس مرض سے متاثر ہوئے ہیں۔ یوں امریکا کے بعد روس کورونا کی وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک بن گیا ہے۔ تاہم روس میں کووڈ انیس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد کافی کم ہے۔ اب تک 2,837 روسی شہری اس مرض کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]امریکا اور روس شامی خانہ جنگی کے خاتمے میں مدد کریں، اقوام متحدہ[/pullquote]

شامی حکومت اور متحارب گروپ نئے ملکی آئین پر مذاکرات بحال کرنے پر رضامند ہو گئے ہیں۔ یہ بات آج اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب گائیر پیڈرسن نے پریس کانفرنس میں بتائی ہے۔ ان کے مطابق کورونا وبا کے باعث پیدا شدہ صورت حال بہتر ہوتے ہی فریقین مذاکرات کے لیے جنیوا آئیں گے۔ قبل ازیں پیڈرسن نے امریکا اور روس سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ نو برس سے شام میں جاری خانہ جنگی ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ عالمی ادارے کے خصوصی مندوب برائے شام نے سکیورٹی کونسل کو یہ بھی بتایا تھا کہ اب تک شام میں سیز فائر قائم کرنے میں روس، ایران اور ترکی نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ روس اور ایران شامی صدر بشار الاسد کے حامی ہیں جب کہ ترکی اور امریکا شامی باغیوں کی حمایت کرتے ہیں۔

[pullquote]برطانیہ میں کووڈ انیس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد قریب 43 ہزار ہو گئی[/pullquote]

برطانیہ میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی بڑھتی تعداد کے باعث وزیر اعظم بورس جانسن کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ برطانیہ میں اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد تینتالیس ہزار ہو چکی ہے، جو یورپ میں سب سے زیادہ ہے۔ برطانیہ کے قومی دفتر برائے شماریات کے مطابق کیئر ہومز میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بھی دس ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ لندن حکومت کا دعویٰ ہے کہ وہ وبا پر قابو پانے کے لیے سائنس دانوں کے مشوروں پر عمل کر رہے ہیں۔ تاہم اپوزیشن جماعتوں کا الزام ہے کہ وزیر اعظم نے طبی عملے کے لیے حفاظتی سامان کی فراہمی یقینی بنانے میں سست روی سے کام لیا، جس کے باعث کیئر ہومز میں بھی ہلاکتوں کی تعداد بڑھی ہے۔

[pullquote]عراق: بغداد کے گرین زون پر راکٹ سے حملہ[/pullquote]

عراقی فوج کے مطابق بغداد کے گرین زون میں راکٹ لگنے سے ایک عمارت کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔ سخت سکیورٹی والے اس علاقے میں سرکاری دفاتر کے علاوہ امریکی اور دیگر غیر ملکی سفارت خانے بھی واقع ہیں۔ رواں ماہ عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی کے عہدہ سنبھالنے کے بعد گرین زون پر یہ پہلا راکٹ حملہ ہے۔ عراقی فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق راکٹ ایک خالی مکان پر گرا تھا۔ ماضی میں بھی امریکی سفارت خانے کو نشانہ بنانے کے لیے اس علاقے پر کئی مرتبہ راکٹ برسائے جاتے رہی ہیں۔ امریکا اپنے سفارت خانے اور فوجی اڈوں پر حملوں کی ذمہ داری ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا پر عائد کرتا ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس: فرانس اور جرمنی کی پانچ سو بلین یورو مالیت ریکوری فنڈ کی تجویز[/pullquote]

فرانس اور جرمنی نے یورپی یونین کی معیشت کی بحالی کے لیے پانچ سو بلین یورو مالیت کا ریسکیو فنڈ قائم کرنے کی تجویز دی ہے۔ یہ تجویز گزشتہ روز جرمن چانسلر میرکل اور فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے ٹیلی پریس کانفرنس کے دوران پیش کی۔ اس فنڈ کے ذریعے یورپی یونین کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں کو مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ دونوں رہنماؤں نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ یورپی کمیشن کو بلاک کے لیے قرض لینے کی اجازت دے دی جائے، جب کہ قرضے کی واپسی یونین کے رکن ممالک اجتماعی طور پر کریں گے۔ اٹلی اور اسپین مشترکہ قرض کی خواہش رکھتے تھے تاہم ہالینڈ اور جرمنی کی جانب سے اس منصوبے کی مخالفت کی جا رہی تھی۔

[pullquote]بھارت میں کورونا وائرس: مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے متجاوز[/pullquote]

بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ اب تک اس مہلک وبا کے باعث ہلاک ہونے والے بھارتی شہریوں کی تعداد بھی تین ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس کے قریب پانچ ہزار نئے کیسز سامنے آئے اور اس دوران مزید 157 افراد ہلاک بھی ہوئے۔ اس جنوبی ایشیائی ملک میں آئی سی یو بستروں کی تعداد بھی ایک لاکھ کے قریب ہے۔ متاثرہ بھارتی ریاستوں میں مہاراشٹر، تامل ناڈو اور گجرات سرفہرست ہیں۔ دریں اثنا بھارت کی مرکزی حکومت نے لاک ڈاؤن میں اکتیس مئی تک توسیع کر دی ہے تاہم کچھ ریاستوں نے معاشی سرگرمیاں شروع کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔ کووڈ انیس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں اس وقت بھارت ایشیا میں تیسرے اور دنیا میں گیارہویں نمبر پر ہے۔

[pullquote]اقوام متحدہ کا افغانستان میں پرتشدد واقعات میں کمی لانے کا مطالبہ[/pullquote]

اقوام متحدہ نے افغانستان میں پرتشدد واقعات میں کمی لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے معاون مشن برائے افغانستان (یوناما) کے مطابق حالیہ دنوں میں افغانستان میں عام شہریوں کی ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ یوناما کے بیان کے مطابق طالبان کے علاوہ افغان سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں بھی عام افغان شہری ہلاک ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب افغانستان کے لیے امریکی مندوب زلمے خلیل زاد بھی طالبان اور کابل حکومت کے مابین امن مذاکرات بحال کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ گزشتہ روز افغان صدر اشرف غنی اور ان کے حریف عبداللہ عبداللہ کے مابین شراکت اقتدار کا معاہدہ طے پایا تھا جس کے بعد زلمے خلیل زاد کابل سے دوحا کے لیے روانہ ہو گئے تھے۔

[pullquote]ترکی میں عید کے موقع پر کرفیو کا فیصلہ[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے عید الفطر کی تعطیلات کے دنوں میں ملک میں چار روز کے لیے کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ ملک میں کووڈ انیس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ صدر ایردوآن نے کہا ہے کہ تئیس مئی کی شب سے لے کر چھبیس مئی تک ملک بھر میں کرفیو نافذ کیا جائے گا۔ کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے اب تک استنبول اور انقرہ جیسے بڑے شہروں ہی میں کرفیو نافذ کیا جاتا رہا تھا۔ ترکی میں کووڈ انیس سے متاثرہ افراد کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔ اب تک چار ہزار سے زائد ترک شہری اس مرض کے سبب ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]کورونا بحران: جرمن شہریوں کی امریکا سے متعلق رائے مزید منفی ہوئی[/pullquote]

کورونا وائرس سے پیدا شدہ بحران کے دوران 73 فیصد جرمن شہریوں کی امریکا کے بارے میں رائے منفی ہوئی ہے۔ یہ بات ایک تازہ سروے کے دوران سامنے آئی ہے۔ جرمن تنظیم کانٹر پبلک کی جانب سے کروائے گئے اس سروے میں ایک ہزار سے زائد جرمن شہریوں نے حصہ لیا۔ امریکا کے مقابلے میں چین کے بارے میں 71 فیصد جرمن شہریوں کی رائے میں بہتری آئی ہے تاہم ایسے شہریوں نے یہ بھی کہا کہ چین کو کورونا وائرس کے بارے میں مزید شفافیت سے کام لینا چاہیے تھا۔ علاوہ ازیں امریکا کے ساتھ قریبی تعلقات کی خواہش رکھنے والے جرمن شہریوں کی تعداد بھی پچاس سے کم ہو کر چھتیس فیصد رہ گئی ہے۔

[pullquote]کورونا سے بچنے کے لیے انسداد ملیریا کی دوا استعمال کرتا ہوں، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق وہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے انسداد ملیریا کی دوا ہائیڈروکسی کلوروکین استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ انکشاف گزشتہ روز معمول کی پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ دو ہفتوں سے اس دوا کا استعمال کر رہے ہیں اور امریکا میں کئی ڈاکٹرز بھی اسے استعمال کر رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ پہلے بھی انسداد ملیریا کی دوا کے مفید ہونے سے متعلق بیانات دیتے رہے ہیں۔ اب تک ایسا کوئی سائنسی ثبوت سامنے نہیں آیا ہے کہ ہائیڈروکسی کلوروکین کا استعمال کورونا وائرس سے بچنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق اس دوا کے منفی اثرات امراض قلب سمیت کئی دیگر بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے