حکومت کا پارلیمنٹ کا طویل ترین اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ

آئینی طور پر پارلیمنٹ کی کارروائی کے دن پورےکرنے کیلئے حکومت نے ایک بار پھر پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے اس سلسلے میں وزیراعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی سے رابطہ کیا ہے۔

بابر اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تاریخ کا طویل ترین اجلاس 5 جون کو شام 4 بجے طلب کیا جائے گا جو 13 اگست تک جاری رہے گا۔

بابر اعوان کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا سب طویل میراتھون اجلاس ہوگا جس میں بجٹ بھی آئےگا اور قانون سازی بھی ہوگی۔

مشیر پارلیمانی امور کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ میں ترمیم کا معاملہ بھی زیرغور آئےگا، اجلاس صرف دن ہی نہیں کام پورا کرنے کیلئے بھی بلایا جارہا ہے۔

بابراعوان کا مزید کہنا ہے کہ نظام میں کسی قسم کی آئینی خلاء یا کوتاہی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

خیال رہے کہ آئین کے مطابق قومی اسمبلی کے پارلیمانی سال کے دوران 130 دن اجلاس ہونا لازمی ہیں۔

گذشتہ دنوں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف نے اسپیکر کو خط لکھ کر کہا تھا کہ اب تک قومی اسمبلی کے77 اجلاس ہوئے ہیں جب کہ مزید 53 دن اجلاس ہونا باقی ہیں، آئینی دن پورے کرنے کیلئے شیڈول جاری کیا جائے ورنہ آئینی خلاف ورزی ہوگی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے