بدھ : 20 مئی 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغانستان: پر تشدد واقعات میں چودہ عام شہری اور حکومت کے حامی نو جنگجو ہلاک[/pullquote]

افغانستان میں تشدد کے تین مختلف واقعات میں چودہ عام شہری اور حکومت کے حامی نو جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق پہلے واقعے ميں مسلح افراد نے صوبہ پروان میں منگل کی رات ایک مسجد کو نشانہ بناتے ہوئے گیارہ افراد کو ہلاک کیا۔ اسی طرح صوبہ خوست میں مسجد سے واپس آنے والے ایک خاندان پر فائرنگ کی گئی، جس میں تین بھائی مارے گئے۔ طالبان نے ان واقعات میں ملوث ہونے سے انکار کیا ہے۔ تاہم صوبہ تخار میں طالبان نے حکومت کی حامی ایک ملیشیا کی چوکیوں پر حملے کرتے ہوئے اس کے نو جنگوؤں کو ہلاک کر دیا۔

[pullquote]فلسطينی صدر نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ تمام معاہدوں کو منسوخ کر دیا[/pullquote]

فلسطینی صدر محمود عباس نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ تمام معاہدوں کو منسوخ کر دیا ہے۔ رملہ میں فلسطینی قیادت کے ساتھ ایک ملاقات میں انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت آج سے ایسے تمام معاہدوں سے آزاد ہے۔ صدر عباس کے بقول اس میں سلامتی سے متعلق امور پر تعاون بھی شامل ہے۔ عباس نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کی جانب سے یہودی بستی کی تعمیر اور مقبوضہ غرب اردن میں وادی اردن کے الحاق کے منصوبوں کے ردعمل میں یہ اعلان کیا۔ اس علاقے کو اقتصادی طور پر انتہائی اہم قرار دیا جاتا ہے۔

[pullquote]کورونا وبا کے خلاف عالمی ردعمل کی تحقیقات شروع کرنے سے متعلق قرارداد منظور[/pullquote]

عالمی ہیلتھ اسمبلی نے کورونا وبا کے خلاف عالمی ردعمل کی تحقیقات شروع کرنے سے متعلق قرارداد منظور کر لی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیدروس گبرائسس کے مطابق اس تناظر میں فوری طور پر وقت کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔ ان کے بقول تاہم وہ جلد از جلد آزادانہ اور جامع تحقیقات کا خیر مقدم کریں گے۔ امریکا نے ڈبلیو ایچ او کے ردعمل کو کمزور قرار دیتے ہوئے اس ادارے کی کئی ملین کی فنڈنگ روک دی ہے۔ امریکی صدر نے ڈبلیو ایچ او پر چین کی جانب مائل ہونے کا الزام بھی لگا رکھا ہے۔

[pullquote]امريکا ميں کورونا ٹيسٹنگ کا عمل قابل تعريف، ڈونلڈ ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےکورونا وائرس کے زیادہ کیسز کو ملک کے لیے ایک اعزاز قرار دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس میں بریفنگ کے دوران ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں کووڈ انیس کے زیادہ کیسز کا مطلب ہے کہ یہاں کورونا کی ٹیسٹنگ سب سے زیادہ مؤثر انداز میں ہوئی ہے۔ امریکا میں پندرہ لاکھ سے بھی زیادہ افراد اس وبا سے متاثر ہیں جبکہ تقریباﹰ بانوے ہزار ہلاک ہو چکے ہیں۔ امریکا نے کینیڈا اور میکسیکو کے ساتھ سرحدیں پہلے ہی بند کی ہوئی ہیں جبکہ ٹرمپ انتظامیہ اب برازیل پر بھی سفری پابندیاں عائد کرنے پر غورکر رہی ہے۔

[pullquote]’امپھان‘ بھارت کی دو مشرقی ریاستوں اور بنگلہ دیش سے ٹکرا گیا[/pullquote]

سمندری طوفان ’امپھان‘ آج بدھ کو بھارت کی دو مشرقی ریاستوں اور بنگلہ دیش سے ٹکرا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ اس دوران طوفان کی شدت کم ہو گئی ہے اور چار گھنٹوں میں یہ آگے بڑھ جائے گا۔ بنگلہ دیش میں تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔ بھارت اور بنگلہ دیش میں طوفان سے قبل لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ ’امپھان‘ کو 1999ء کے بعد خلیج بنگال میں آنے والا خطرناک ترین طوفان قرار دیا جا رہا ہے۔

[pullquote]ابو ظہبی سے اسرائیل: اتحاد ایئر ویز کی پہلی اعلانیہ پرواز[/pullquote]

ابو ظہبی سے پہلی مرتبہ اتحاد ایئر ویز کی ایک پرواز منگل انیس مئی کو تل ابیب پہنچی ہے۔ اتحاد ایئر ویز کے ایک ترجمان نے بتایا کہ طیارے پر کوئی مسافر سوار نہیں تھا بلکہ اس کے ذریعے کورونا وائرس کی وبا کے خلاف فلسطینیوں کے لیے طبی امدادی سامان تل ابیب پہنچایا گیا ہے۔ 14 ٹن وزنی اس ساز و سامان میں 10 وینٹیلیٹر بھی شامل ہیں، جن کی فلسطینی علاقوں میں شدید قلت ہے۔ عرب ممالک میں سے صرف اردن اور مصر ہی نے اسرائیل کو باقاعدہ طور پر تسلیم کرتے ہوئے اس کے ساتھ باضابطہ تعلقات استوار کر رکھے ہیں۔

[pullquote]بجٹ ایئر لائن ایزی جیٹ پر سائبر حملہ[/pullquote]

ہیکرز نے بجٹ ایئر لائن ایزی جیٹ پر سائبر حملہ کیا ہے۔ ایزی جیٹ کے سربراہ یوہن لنڈگرن کے مطابق نامعلوم ہیکرز اس دوران نو ملین مسافروں کے کوائف تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جنوری میں اس منظم سائبر حملے کا علم ہوتے ہی کمپنی سرکردہ فورینسک ماہرین سے اس کی تحقیقات کرا رہی ہے۔ ہیکرز عام طور پر مسافروں کے ناموں، ای میلز اور ان کی سفری معلومات حاصل کرتے ہیں۔ یوہن لنڈگرن نے مزید بتایا کہ ابھی تک ان کوائف کے غلط استعمال کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

[pullquote]جرمنی سے باہر غير ملکيوں کی جاسوسی غير آئينی فعل ہے، جرمن عدالت[/pullquote]

جرمنی کی اعلیٰ ترين عدالت نے منگل انيس مئی کو اپنے ايک تازہ فيصلے ميں غير ملکيوں کے انٹرنيٹ ٹريفک کی نگرانی کو ايک غير قانونی فعل قرار ديا ہے۔ عدالت کے مطابق جرمنی سے باہر مقيم غير ملکی شہريوں کی ٹيلی کميونيکيشن مانيٹرنگ، آزادی صحافت اور نجی معلومات کے قوانين کی خلاف ورزی کے زمرے ميں آتی ہے۔ فيصلے ميں واضح کيا گيا کہ جرمن آئين غير ملکيوں کو بھی تحفظ فراہم کرتا ہے۔ اسی فيصلے ميں اس بات پر بھی زور ديا گيا کہ موجودہ قوانين، وکلاء اور صحافيوں کے کام کو زيادہ تحفظ فراہم نہيں کر پاتے۔ جرمنی ميں بی اين ڈی کے نئے قوانين کے خلاف کئی غير ملکی صحافيوں، غير سرکاری تنظيموں اور ’رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز‘ نے مقدمہ کيا تھا۔

[pullquote]دنیا بھر میں کووڈ انیس کے تقریباﹰ پچاس لاکھ مریض[/pullquote]

عالمی سطح پر کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد تقریبا ًپچاس لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق اس وبا سے تقریباﹰتین لاکھ 22 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بتایا گیا کہ اس دوران تقریباﹰ ایک لاکھ انہتر ہزار مريض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ متاثرین کی تعداد کے اعتبار سے امریکا پہلے، برازیل دوسرے اور روس تیسرے نمبر پر ہے۔ امریکا میں کووڈ انیس کے مریضوں کی تعداد پندرہ لاکھ، روس میں تین لاکھ اور برازیل میں دو لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

[pullquote]افغانستان: دو مختلف حملوں میں گیارہ افراد ہلاک[/pullquote]

افغانستان میں کیے گئے دو مختلف حملوں میں گیارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آرین نے آج بدھ کو بتایا کہ پہلے واقعے ميں مسلح افراد نے صوبہ پروان میں منگل کی رات ایک مسجد کو نشانہ بنایا۔ اس دوران آٹھ افراد ہلاک ہوئے۔ دوسرے واقعے میں صوبہ خوست میں ایک مسجد سے واپس آنے والے ایک خاندان پر فائرنگ کی گئی، جس میں تین بھائی مارے گئے۔ ابھی تک کسی بھی گروہ نے ان حملوں کی ‌ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ طالبان نے ان واقعات میں ملوث ہونے سے انکار کیا ہے۔

[pullquote]سمندری طوفان ’امپھان‘ آج بھارت اور بنگلہ دیش سے ٹکرائے گا[/pullquote]

سمندری طوفان ’امپھان‘ آج بدھ کو بھارت کی دو مشرقی ریاستوں اور بنگلہ دیش کے کچھ حصوں سے ٹکرائے گا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ان علاقوں میں ابھی سے شدید بارشیں اور تیز ہوائیں چلنا شروع ہو گئی ہیں جبکہ لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق اس طوفان سے مغربی بنگال اور اوڈیشا کے سب سے زیادہ متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔ ’امپھان‘ کو 1999ء کے بعد خلیج بنگال میں آنے والا خطرناک ترین طوفان قرار دیا جا رہا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے