طیارہ حادثہ: ائیربس کمپنی کی ٹیم تحقیقات مکمل کرکے واپس روانہ

کراچی: طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لیے آنے والی ائیر بس کمپنی کے ماہرین کی ٹیم تحقیقات مکمل کرکے واپس فرانس روانہ ہوگئی۔

22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز لینڈنگ کے دوران آبادی پر گر کر تباہ ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں جہاز میں سوار عملے کے 8 ارکان سمیت 97 مسافر جاں بحق ہوگئے تھے۔

طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لیے 26 مئی کو ائیربس کمپنی کے 11 ٹیکنیکل ایڈوائزرز فرانس سے کراچی پہنچے تھے جو اب تحقیقات مکمل کرکے فرانس روانہ ہوگئے ہیں۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ائیربس ٹیم نے جائے وقوعہ سے تمام ضروری شواہد اکٹھے کیے اور رن وے کا بھی معائنہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیر بس ٹیکنیکل ایڈوائزرز طیارہ حادثے کی حتمی رپورٹ فرانس میں تیار کریں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ جہاز کے فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر کی ڈی کوڈنگ کا عمل کل سے فرانس میں شروع ہوگا جب کہ آلات کی ڈی کوڈنگ کیلئے پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کے کچھ ممبران بھی فرانس جائیں گے۔

ٹیکنیکل ایڈوائزرز کو واپس لے جانے کیلئے ائیر بس اے 330 صبح سویرے کراچی پہنچی جس کے بعد ٹیکنیکل ایڈوائزرز خصوصی پرواز اے آئی بی 1889 سے فرانس کے شہر ٹولائوس کیلئے روانہ ہوگئے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے