منگل : 30 جون 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]روس، ترکی اور ایران کے رہنماؤں کی ویڈیو کانفرنس[/pullquote]

روس، ایران اور ترکی کے صدور کل بدھ کے روز ویڈیو کانفرنس کےذریعے شامی مسئلے پر بات چیت کریں گے۔ یہ بات کریملن کی طرف سے بتائی گئی ہے۔ شام میں گزشتہ نو برس سے جاری خانہ جنگی میں ایران اور روس صدر بشار الاسد کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ ترکی اپوزیشن جنگجوؤں کا حمایتی ہے۔ تاہم یہ تینوں ممالک 2017ء سے جاری سفارتی کوششوں کے ذریعے وہاں لڑائی میں کمی لانے کے خواہاں ہیں۔ ماسکو حکومت کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوٹن، ایرانی صدر حسن روحانی اور ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے درمیان ویڈیو کانفرنس بدھ کو عالمی وقت کے مطابق دن گیارہ بجے ہو گی۔

[pullquote]کورونا کے اموات کی تعداد پانچ لاکھ پانچ ہزار سے تجاوز کر گئی[/pullquote]

کورونا وائرس کے سبب عالمی سطح پر ہونے والی اموات کی تعداد پانچ لاکھ پانچ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکا کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے تازہ اعداد وشمار کے مطابق کووڈ انیس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ تیس لاکھ سے بھی بڑھ چکی ہے۔ اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بدستور امریکا ہے جہاں انفیکشنز کی تعداد پچیس لاکھ نوے ہزار سے بڑھ چکی ہے جبکہ اموات کی تعداد ایک لاکھ 26 ہزار سے زائد ہے۔

[pullquote]چین نے ہانگ کانگ کے لیے متنازعہ سکیورٹی قانون منظور کر لیا[/pullquote]

چینی صدر شی جن پنگ نے ہانگ کانگ کے لیے ایک متنازعہ سکیورٹی قانون پر دستخط کر دیے ہیں۔ اسے 23 برس قبل برطانیہ سے چینی عملداری میں واپس آنے والے اس خود مختار علاقہ کے لیے ایک بڑی بنیادی تبدیلی قرار دیا جارہا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس نئے قانون سے ہانگ کانگ کی آزادی پر قدغن لگے گی۔ چینی میڈیا کے مطابق چین کے اعلٰی ترین قانون ساز ادارے نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے اس قانون کو اتفاق رائے سے منظور کیا تھا۔ گزشتہ برس اس قانون پر بحث شروع ہونے کے بعد سے ہی جمہوریت نوازوں کی طرف سے ہانگ کانگ میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

[pullquote]پومپیو کی طالبان رہنما مُلا عبدالغنی برادر سے ٹیلیفونک بات چیت[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے طالبان کے رہنما اور اعلیٰ ترین مذاکرات کار ملا عبدالغنی برادر کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بات چیت کی ہے۔ طالبان کے ایک ترجمان سہیل شاہین کے مطابق پیر کی شب ہونے والی اس گفتگو میں پومپیو نے طالبان پر افغانستان میں تشدد میں کمی لانے پر زور دیا اور امریکا اور طالبان کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر پیشرفت سے متعلق بات چیت کی۔ یہ گفتگو ایک ایسے موقع پر ہوئی ہے جب بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق روس نے امریکی اور نیٹو فوجیوں پر حملوں کے لیے طالبان کو رقوم کی پیشکش کی تھی۔ تاہم پومپیو اور ملا برادر کی گفتگو میں اس پر بظاہر کوئی بات نہیں ہوئی۔

[pullquote]بھارت: فارماسوٹیکل پلانٹ سے گیس لیک ہونے کے سبب کم از کم دو ہلاک[/pullquote]

بھارت کی جنوبی ریاست آندھرا پردیش میں دوائیاں تیار کرنے والے ایک پلانٹ میں گیس لیک ہونے کے سبب کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ چار دیگر کو ہسپتال داخل کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق وشاکا پٹنم میں یہ واقعہ گزشتہ نصف شب کو پیش آیا۔ اسی شہر میں قریب دو ماہ قبل ایک کیمیکل پلانٹ سے زہریلی گیس لیک ہونے کے سبب 11 افراد ہلاک جبکہ 800 سے زائد کو ہسپتال پہنچایا گیا تھا۔

[pullquote]کورونا کی وبا خواتین کے لیے خطرات میں اضافے کا سبب، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ نے کم عمری کی شادیوں اور لڑکیوں کے ختنے کرنے جیسے معاملات کے خلاف کوششیں بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ نئی ’ورلڈ پاپولیشن‘ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2030ء تک ان کے مکمل خاتمے کے ہدف کے لیے سالانہ 3.4 بلین ڈالرز خرچ کیے جانے کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ کے ورلڈ پاپولیشن فنڈ کی سربراہ نتالیا کینم کے مطابق کورونا وبا کے سبب لڑکیاں خاص طور پرخطرات کا شکار ہیں کیونکہ ایسے میں ان کی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنا مشکل ہو رہا ہے۔ انہوں نے لڑکیوں کی کم عمری کی شادی کی بجائے کم از کم گریجوایشن تک تعلیم کو مکمل کرنے میں مدد دینے کے لیے پروگراموں کے فروغ کی بھی وکالت کی ہے۔

[pullquote]ہنگری سیاسی پناہ کے قوانین میں تبدیلی کے عمل کو واپس لے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے مہاجرت UNHCR نے ہنگری کی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ سیاسی پناہ سے متعلق قانون میں حالیہ تبدیلیوں کو واپس لے، کیونکہ اس کے کچھ حصے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آ سکتے ہیں۔ ہنگری نے گزشتہ ماہ اپنی سرحد پر مہاجرین کے لیے بنائے گئے ٹرانزٹ سنٹرز کو بند کرتے ہوئے تین سو کے قریب مہاجرین کو جیل جیسی بندشوں سے آزاد کیا تھا۔ مگر ساتھ ہی سیاسی پناہ سے متعلق اپنے قوانین بھی سخت کر دیے تھے جس کے بعد مستقبل میں سیاسی پناہ کا حصول تقریباﹰناممکن بنا دیا گیا ہے۔

[pullquote]وینیزویلا نے یورپی یونین کی سفارت کار کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا[/pullquote]

یورپی یونین کی طرف سے وینیزویلا کی حکومت کے خلاف لگائی گئی حالیہ پابندیوں کے ردعمل میں یورپی یونین کی سفارت کار کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ وینیزویلا کے صدر نکولاس مادورو کے مطابق ازابیل پیدروسا اور ان کے اسٹاف کو ملک چھوڑنے کے لیے 72 گھنٹوں کا وقت دیا گیا ہے۔ یورپی یونین نے حال ہی میں اپوزیشن لیڈر خوان گوآئیڈو کے خلاف اقتدار کی جنگ کے تناظر میں مادورو کے مزید 11 ساتھیوں پر سخت پابندیاں عائد کی ہیں۔ گوآئیڈو نے گزشتہ برس خود کو وینيزویلا کا صدر قرار دے دیا تھا جسے یورپی یونین سمیت متعدد ممالک نے تسلیم کر رکھا ہے۔

[pullquote]ٹک ٹاک نے بھارتی صارفین کا ڈیٹا چینی حکومت کو فراہم کرنے سے انکار کر دیا[/pullquote]

چینی کمپنی ٹِک ٹاک نے چینی حکومت کو بھارتی صارفین کا ڈیٹا دینے سے انکار کر دیا ہے۔ یہ پیشرفت نئی دہلی حکومت کی طرف سے بھارت میں انتہائی مقبول اس موبائل ایپ پر گزشتہ روز پابندی عائد کر دی تھی۔ یہ پابندی ایک ایسے موقع پر لگائی گئی ہے جب چین اور بھارت کے درمیان گزشتہ کئی ہفتوں سے سرحدی کشیدگی چل رہی ہے۔ ٹِک ٹاک انڈیا کے سربراہ نِکھِل گاندھی کی طرف سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے ٹک ٹاک نے بھارتی صارفین کا ڈیٹا چین سمیت کسی بھی غیر ملکی حکومت کے ساتھ شیئر نہیں کیا اور یہ کہ ان کی کمپنی ڈیٹا پرائیویسی کے قوانین پر عملدرآمد جاری رکھے گی۔

[pullquote]بیلجیم کے بادشاہ کی طرف سے ماضی میں کانگو کو نوآبادی بنانے پر ’گہرے افسوس‘ کا اظہار[/pullquote]

بیلجیم کے بادشاہ فلیپے نے ڈیمو کریٹک ری پبلک کانگو کو ماضی میں نوآبادی بنانے اور وہاں کیے جانے والے اقدامات پر ’گہرے افسوس‘ کا اظہار کیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ بیلجیم نے اس پر تاسف کا اظہار کیا ہے۔ ڈیموکریٹک ری پبلک کانگو کے صدر فیلِکس چِیسے کیڈی کو ملک کے ساٹھویں یوم آزادی کے موقع پر لکھے گئے خط میں بیلجیم کے بادشاہ نے لکھا کہ انہیں ماضی میں لگائے گئے ان زخموں پر ’گہرا افسوس‘ ہے جن کا درد ایک بار پھر جاگ اٹھا ہے اور جن کے سبب ہمارے معاشرے میں امتیازی سلوک ابھی تک قائم ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے