شہر اقتدار پر کون کرے گا راج ؟؟ شیر دھاڑے گا، بلا گھومے گا یا تیر نشانے پر لگے گا ؟ فیصلہ ہو گا آج

شہر اقتدار پر کون کرے گا راج ،فیصلہ ہو گا آج ،شہر میں نون اور جنون کی ہو گی جنگ ، سب نظریں جمی ہوں گی اسلام آباد پر

 

،وفاقی دارلحکومت میں تاریخ میں پہلی مرتبہ بلدیاتی الیکشن کا میدان سج گیا  ،شیردھاڑے گا، بلا گھومے گا یا تیر چلے گا ، اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا ، یا فیصلہ آزاد امیدواروں کے سر پر ہی ہو گا ؟ اسلام آباد کی عوام آج اپنا فیصلہ سنا دے گی ۔

 

تفصیلات کے مطابق وفاقی دار الحکومت میں تاریخ میں پہلی مرتبہ بلدیاتی الیکشن کا انعقاد ہونے جارہا ہے ، اس موقع پر ووٹرز اور سپورٹرز نے بھرپور طریقہ سے الیکشن مہم میں حصہ لیا،نجی ٹی وی چینل کے مطابق  پاکستان تحریک انصاف،پاکستان مسلم لیگ ن کے علاوہ پیپلز پارٹی سمیت کل 26جماعتوں کے امیدوار میدان میں ہیں جبکہ سب سے زیادہ تعداد میں 972 آزاد امیدوار بھی میدان میں اترے ہوئے ہیں ،پاکستان مسلم لیگ ن 506پی ٹی آئی 479کے ساتھ کل 2405امیدوار الیکشن میں پوری آب و تاب سے حصہ لے رہے ہیں ،

 

غیر جانبدار تجزیہ کاروں کے مطابق اسلام آباد میں رورل یونین کونسلز میں مسلم لیگ ن اور آزاد امیدواروں کی اکثریت کامیاب ہو گی اور ان میں زیادہ تعدا د آزاد امیدواروں کی سامنے آسکتی ہے ،جبکہ اربن علاقوں میں آزاد امیدواروں کوکم اورپارٹی سطح پر امیدواروں کو اکثریت میں سیٹیں ملیں گی جس میں پہلے نمبر پر تحریک انصاف  ،دوسرے پر مسلم لیگ ن اور پھر جماعت اسلامی اور پاکستان پیپلز پارٹی بالتریب آئیں گی ۔

 

آزاد تجزیہ کاروں کے مطابق کل سیٹوں کی تعداد کا موازنہ کیا جائے تو اسلام آباد کا مئیر بنانے میں آزاد امیدواروں کا بڑا کردار ہو گا۔رورل ایریا میں جتنے بھی آزاد امیدوار میدان میں ہیں وہ زیادہ تر برادری کی سطح پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں اور  زیادہ تر ن لیگ  کا ووٹ ہی برادری ازم پر قربان ہو گا جس سے پاکستان تحریک انصاف یا دیگر جماعتوں کو زیادہ نقصان نہیں ہو گا۔

 

دیکھنے میں یہ بھی آیا ہے کہ مسلم لیگ ہو یا دیگر اور جماعتوں کے امیدوار جو برادری ،قبیلے کی سطح پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں وہ برادری ازم کو ہی ترجیح دے رہے ہیں۔ترنول ،گولڑہ ،بھارہ کہو،نورپور شاہاں،ترلائی ،ترامڑی ،سہالہ ،کھنہ ڈاک سمیت دیگر دیہی علاقوں میں جو آزاد امیدوار ہیں انکی پوزیشن پارٹی ٹکٹ سے قدرے بہتر ہے دیکھا یہ گیا ہے کہ وہ برادری اور ذاتی جان پہچان پر الیکشن لڑ رہے ہیں ۔

 

تجزیہ کاروں کے مطابق  اسلام آباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخاب میں پہلے دو مرحلوں کی طرح یہاں بھی مسلم لیگ ن میں دو دھڑے قائم ہیں ۔ آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کی  پوزیشن  ن لیگی ٹکٹ ہولڈرز سے قدرے بہتر نظر آرہی ہے کیونکہ آزاد حیثیت سے پرانے اور نظریاتی لیگی کارکنان حصہ لے رہے ہیں اور جن کو ٹکٹ دی گئی ہے وہ زیادہ مضبوط نہیں ہیں ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے