عید الاضحیٰ اور محرم میں احتیاط نہ کی تو کورونا کیسزمیں اضافہ ہو جائے گا: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ اور محرم میں احتیاط نہ کی تو کورونا کیسزمیں اضافہ ہو جائے گا۔

قوم سے اپنے خطاب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسپتالوں پر دباؤ میں کمی آگئی ہے اور 3 ماہ کے دوران گزشتہ روز کورونا سے سب سے کم اموات ہوئیں، آگے بھی چیلنجز ہیں احتیاط کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے حالات چین سے بھی مختلف ہیں توپاکستان میں حکمت عملی یورپ اور چین سے بالکل مختلف تھی، ہم پہلی حکومت تھے جس نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی بات کی تاہم کچی آبادیوں میں لاک ڈاون لگانا بہت مشکل ہے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان ان چند ملکوں میں ہے جہاں کورونا وبا پر قابو پایا جا رہاہے، اللہ کا کرم ہے پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں کمی ہوئی ہے اوردنیا آج مان رہی ہے کہ پوری طرح لاک ڈاؤن ناممکن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا، زراعت پر پابندی نہیں لگائی تاکہ فوڈ سپلائی نہ رکے اور تعمیرات کا شعبہ کھولا تاکہ مزدوروں کو کام ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ تعمیرات کا شعبہ کھولنے پر تنقید ہوئی کہ اس سے اموات بڑھیں گی لیکن ہم نے خطرہ لے کرفیصلہ کیا کہ لوگوں کو بھوک سے بچانا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کو دنیا ابھی سمجھ رہی ہے، ویکسین بھی نہیں آئی، بقر عید پر احتیاط نہ کی تو یہاں کیس پھر اوپر جاسکتے ہیں اور پھر لاک ڈاؤن لگانا پڑسکتاہے جس سے معیشت پر اثر پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ محرم اور عید الاضحیٰ کے موقع پر تمام شہری ذاتی ذمے داری محسوس کرتے ہوئے احتیاط کریں، فیس ماسک کے ذریعے کورونا وائرس کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے، عید اور محرم پر کامیابی مل گئی تو آگے کاروبار کھولنے کا موقع ملے گا۔

وزیراعظم نے شہریوں کو آن لائن قربانی کرنے کی تجویز دی۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا کے باعث اب تک 5842 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 74 ہزار سے زائد ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے