سعودی عرب سمیت خلیجی ریاستوں اور یورپ میں آج عیدالاضحیٰ منائی جا رہی ہے

سعودی عرب سمیت خلیجی ریاستوں، یورپ اور امریکا میں آج عید الاضحیٰ منائی جا رہی ہے۔

مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں نماز عید الاضحیٰ کے کورونا کے باعث محدود اجتماعات ہوئے جس میں ایس او پیز کا بھرپور خیال رکھا گیا۔

مسجدالحرام میں نماز عیدکی امامت اور خطبہ شیخ عبداللہ الجہنی نے دیا جس کے بعد انہوں نے امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد پیش کی۔

شیخ عبداللہ الجہنی کا کہنا تھا کہ حکومت نے حجاج کرام کی صحت کی حفاظت کے لیے محدود حج کا فیصلہ کیا جو اسلامی قانون کے عین مطابق ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان آپس میں اتحاد کو مستحکم کریں اور کسی بھی قسم کے انتشار سے دور رہیں۔
دوسری جانب مسجد نبوی ﷺ میں نماز عید کی امامت اور خطبہ شیخ احمد بن طالب نے دیا۔

حجاج کرام نماز عید کے بعد منیٰ روانہ ہو گئے جہاں سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کی جا رہی ہے جب کہ آج حجاج کرام سر بھی منڈوائیں گے۔

حجاج منیٰ میں گيارہ اور بارہ ذی الحج كی راتيں گزاریں گے اور ہر دن زوال كے بعد تينوں جمرات كو كنكرياں ماری جائیں گی۔

12 تاريخ كو تینوں شیاطین کو كنكرياں مارنے کے بعد جلد چاہیں تو غروب آفتاب سے قبل منٰی سے نكلنا ہوگا اور تاخير چاہیں تو 13 تاريخ كی رات منٰی ميں بسر کی جائے گی، حجاج کرام اپنے وطن روانہ ہونے سے قبل الوداعی طواف کریں گے۔

خلیجی ممالک دبئی، بحرین، کویت، عمان میں بھی سادگی سے سنت ابراہیمی کا فریضہ ادا کیا جا رہا ہے۔

ادھر امریکا، آسٹریلیا،جاپان اور دیگر ممالک سمیت یورپ میں مقیم مسلمان بھی عید الاضحیٰ منا رہے ہیں اور سنت ابراہیمی کی پیروری کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کر رہے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے