پیر : 10 اگست 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]لبنان کے وزیر انصاف بھی مستعفی[/pullquote]

لبنان کی وزیر انصاف ماری كلود نجم نے پیر کے روز استعفیٰ دے دیا۔ میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے کے بعد سے لبنان میں وزراء کی طرف سے یہ تیسرا استعفی دیا گیا ہے۔ لبنان کی خاتون وزیر انصاف نے کہا کہ انہوں نے بیروت کے تباہ کُن دھماکوں کی وجہ سے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔ قبل ازاں اتوار کو لبنان کے وزیر ماحولیات دیمیانوس قطار اور وزیر اطلات منال عبدالصمد نے بھی بیروت کی بندرگاہ کے نزیک ہونے والے دھماکوں کے تناظر میں استعفیٰ دیا تھا۔ واضح رہے کہ ان دھماکوں سے ایک روز قبل لبنان کے وزیر خارجہ ناصف ہٹی نے حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا اور متنبہ کیا تھا کہ لبنان بہت جلد ایک ’ ناکام ریاست‘ بن جائے گی۔

[pullquote]بیلاروس میں صدارتی انتخاب کے بعد شدید ہنگامے[/pullquote]

بیلاروس میں ہونے والے متنازعہ صدارتی انتخابات کے بعد پولیس اور مظاہرین کے مابین جھڑپوں میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ سرگرم گروپ ’ اسپرنگ 96‘ نے اعلان کیا کہ متاثرہ شخص پولیس وین سے کچلا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ہنگاموں کے بعد دو سو سے زیادہ گرفتاریاں ہو چکی ہیں۔ ہزاروں لوگوں نے آمرانہ حکمران اور سربراہ ریاست و مملکت الیکسانڈر لوکاشینکو کی فتح کے خلاف احتجاج کیا۔ سرکاری میڈیا کے مطابق انہیں 80.2 فیصد ووٹ ملے۔ کہا جاتا ہے کہ اپوزیشن کی امیدوارسویٹلانہ ٹیچانووسکایا کو صرف 9.9 فیصد ووٹ ملے ہیں۔ واضح رہے کہ اس الیکشن میں بین الاقوامی مبصرین کو نگرانی کی اجازت نہیں تھی۔ دریں اثناء یورپی یونین کونسل کے صدر شارلس مشال نے بیلاروس میں صدارتی انتخابات کے بعد سکیورٹی فورسز کی جارحانہ مداخلت کی شدید مذمت کی ہے۔

[pullquote]سیلاب سے 130 افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر: یمنی باغیوں کا بیان[/pullquote]

یمن میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 130 افراد کے ہلاک اور ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کے بے گھر ہوگئے ہیں۔ یمن کے ان بیشتر علاقوں میں شدید بارش ہوئی، جہاں حوثی باغیوں کا قبضہ ہے، جس میں دارالحکومت صنعا اور اس کا تاریخی شہر بھی شامل ہے۔ اطلاعات کے مطابق ریاست حجّہ اور حدیدہ میں بھی شدید بارش ہوئی اور سیلاب کی وجہ سے ان علاقوں میں ڈیرھ لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوگئے۔ ایسے وقت جب یمن میں جاری طویل خانہ جنگی سے شدید انسانی بحران کا سامنا ہے، مسلسل بارش سے باغیوں کے زیر اثر علاقے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ حوثی باغیوں کا کہنا ہے کہ ان کے علاقوں میں بارش کے سبب 260 مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور 124 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

[pullquote]امریکی وزیر صحت تائیوان کے دورے پر[/pullquote]

امریکی سیکرٹری برائے صحت الیکس آذر تائیوان کے دورے پر ہیں، جہاں تائیوانی صدر سوسائی انگ وین سے ملاقات میں انہوں نے تائی پے کی طرف سے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومتی کے اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے کورونا بحران کے خلاف موثر حکمت عملی کے طور پر اسے ’دنیا میں سب سے کامیاب‘ اسٹریٹیجی قرار دیا۔ امریکی وزیر صحت کے اس دورے پر چین نے کڑی تنقید کی ہے۔ بیجنگ حکومت چائنا مین لینڈ کے جنوب میں واقع تائیوان کے جزیرے کو ایک ٹوٹ کر جدا ہو جانے والے صوبے کی حیثیت سے دیکھتی ہے، جسے وہ عوامی جمہوریہ کے ساتھ دوبارہ جوڑنا چاہتی ہے۔ امریکی وزیر آذر نے کہا کہ ان کے اس دورے کا مقصد تائیوان کے ساتھ سلامتی، تجارت اور صحت کی دیکھ بھال کے شعبوں میں امریکا کی ’گہری شراکت داری‘ پر زور دینا ہے۔

[pullquote]لبنان کے لیے 250 ملین یورو امداد کا وعدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ اور فرانس کے ایما پر لبنان کے لیے بلائی گئی ایک ڈونر کانفرنس میں شریک افراد نے لبنان کو کئی ملین یورو کی مالی امداد کا وعدہ کیا ہے۔ پیرس میں قصر ایلیزے کی اطلاعات کے مطابق اتوار کو ہونے والی اس کانفرنس میں 250 ملین یورو سے زیادہ امدادی رقم فراہم کرنے پر رضا مندی ظاہر کی گئی۔ یہ کانفرنس بیروت کی بندرگاہ سے نزدیک ہونے والے تباہ کن دھماکوں کے بعد منعقد ہوئی، جس نے گزشتہ منگل کو لبنان کے دارالحکومت کے بڑے حصوں کو تباہ کردیا تھا۔ ان دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم 137 افراد ہلاک اور 5 ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ تین لاکھ افراد اپنے گھر بار سے محروم ہو گئے ہیں۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے بحران زدہ ملک کی حکومت سے سیاسی اور معاشی اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔

[pullquote]نائجرکے وائلڈ لائف پارک میں خونریز حملہ، 8 افراد ہلاک[/pullquote]

مغربی افریقی جمہوریہ نائجر کی سرکاری اطلاعات کے مطابق ایک وحشیانہ حملے کے نتیجے میں چھ فرانسیسی اور دو مقامی افراد کو ہلاک کردیا گیا۔ مقامی گورنر کے مطابق اتوار کی صبح موٹرسائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے ملک کے مغرب میں تلبری کے علاقے میں قائم ایک وائلڈ لائف پارک کا دورہ کرنے والے ایک گروپ پر حملہ کیا۔ جس میں فرانسیسی امدادی تنظیم ACTED کے ملازمین اور دو نائجر گائڈز شامل تھے۔ ابھی تک کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم علاقے میں انتہا پسند اسلامی گروپ سرگرم ہیں۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے اس حملے کی مذمت کی ہے۔

[pullquote]ایس پی ڈی، شولس کو چانسلر کا امیدوار نامزد کرنے کا اراد[/pullquote]

جرمنی کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (ایس پی ڈی) منصوبہ بنا رہی ہے کہ وزیر خزانہ اولاف شولس کو آئندہ الیکشن میں چانسلر کا امیدوار نامزد کر دیا جائے۔ جرمنی کی مخلوط حکومت میں شامل سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (ایس پی ڈی) کی شریک رہنما ساسیکا ایسکن نے پیر کے دن اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ اولاف شولس کو چانسلر کا امیدوار نامزد کرنے کا منصوبہ دراصل کئی لوگوں کے لیے غیر متوقع ہے۔ لیکن انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی میں شولس پر اعتماد میں روزبروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اگر باسٹھ سالہ شولس کی نامزدگی کو حتمی شکل دے دی جاتی ہے تو سن دو ہزار اکیس کے الیکشن میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی سیاسی جماعت کرسچن سوشل یونین (سی ڈی یو) کے کسی امیدوار کے طاقتور مد مقابل ہوں گے۔ سی ڈی یو کے سیاسی اتحاد نے آئندہ برس کے انتخابی عمل کے لیے کسی کو بطور چانسلر نامزد نہیں کیا ہے۔

[pullquote]ہانگ کانگ کے میڈیا ٹائیکون کی گرفتاری[/pullquote]

ہانگ کانگ میں جمہوریت نواز میڈیا ٹائیکون جمی لائی کو پیر کے روز گرفتار کرلیا گیا۔ چین کی طرف سے ہانگ کانگ میں سکیورٹی قوانین میں سختی کے بعد اختلاف رائے رکھنے والوں کے خلاف ایک سخت کریک ڈاؤن کے تحت جمی لائی کے دفتر پر پولیس نے چھاپہ مارا اور لائی کو ہتھکڑیاں پہنا کر گرفتار کر لیا گیا۔ 71 سالہ لائی ان سات افراد میں شامل ہیں جنہیں غیر ملکی افواج سے ملی بھگت کرنے کے شبہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔ جون کے آخر میں بیجنگ کی طرف سے ہانگ کانگ میں متنازعہ قانون نافذ کرنے کے بعد سے یہ پولیس کا تازہ ترین آپریشن ہے۔ پولیس ذرائع نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ حراست میں لیے جانے والوں میں لائی کے دو بیٹے بھی شامل ہیں۔

[pullquote]لوکاشینکو صدارتی الیکشن میں پھر کامیاب[/pullquote]

سابقہ ​​سوویت جمہوریہ بیلاروس، جس کو سفید روس بھی کہا جاتا ہے، میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں موجودہ صدر الیکسانڈر لوکاشینکو نے چھٹی مرتبہ کامیابی حاصل کر لی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق لوکاشینکو نے 79.9 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کی سب سے اہم حریف سویٹلانہ ٹیچانووسکایا نے 6.8 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ جرمن نشریاتی ادارے زیڈ ڈی ایف کی اطلاعات کے مطابق حکومت کی تنقید کرنے والی ایک تنظیم کے سروے میں ووٹوں کا تناسب بالکل اس کے متضاد دکھایا گیا ہے۔ زی ڈی ایف کے اعداد و شمار کے مطابق ٹیچانووسکایا کو 70 فیصد اور لوکاشینکو کو تقریباً 16 فیصد ووٹ ملے ہیں۔

[pullquote]لویہ جرگہ طالبان کی رہائی کے حق میں[/pullquote]

افغانستان میں گرینڈ مشاورتی اجلاس میں افغان جیلوں میں مقید طالبان کی متنازعہ رہائی کی سفارش کر دی گئی۔ یہ لوجہ جرگہ کے حتمی اعلامیے کی صورت میں سامنے آیا ہے ، جس میں معاشرے کے تقریبا 444 اہم سیاسی اور مذہبی نمائندوں نے بھی حصہ لیا۔ خاص طور پر خطرناک درجہ بندی والے 400 طالبان کی رہائی کو افغانستان کے اندر امن مذاکرات سے قبل آخری رکاوٹ سمجھا جاتا تھا۔ انتہا پسند طالبان نے ان طالبان کی رہائی کو امن مذاکرات کی ایک شرط قرار دیا تھا۔ یہ اس معاہدے کا حصہ ہیں، جس پر فروری کے آخر میں امریکا اور طالبان نے دستخط کیے تھے۔

[pullquote]ایران پر عائد اسلحہ پابندی کی مدت میں توسیع کی جائے: خلیجی عرب ممالک[/pullquote]

داخلی تنازعات کے سبب منقسم خلیجی اقوام کے ایک چھ رکنی بلاک نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایران پر لگی اسلحہ پابندی کی مدت میں توسیع کی جائے۔ خلیجی عرب بلاک کی طرف سے یہ مطالبہ ایک ایسے وقت پر کیا گیا ہے، جب اقوام متحدہ کی اس پابندی کی مدت کے ختم ہونے میں دو ماہ باقی رہ گئے ہیں۔ خلیجی تعاون کونسل کی طرف سے اتوار کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بھیجے گئے ایک خط میں ایران پر عائد اسلحہ پابندی کی مدت میں توسیع کی حمایت کی گئی۔ اس پابندی کی وجہ سے ایران غیر ملکی ساختہ ہتیھاروں، جہازوں، ٹینک اور دیگر سامان حرب نہیں خرید سکتا۔ بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی اور متحدہ عرب امارات پر مشتمل جی سی سی،’ گلف کوآپریشن کونسل‘ کی طرف سے تہران پر الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ وہ خطے میں اور پڑوسی ممالک کے ساتھ مسلح مداخلتوں سے باز نہیں آ رہا۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران لبنان اور حزب اللہ کے جنگجوؤں کو اسلحہ فراہم کرتا ہے نیز شام اور مبینہ طور پر عراق کے شیعہ ملیشیا سمیت بحرین، کویت اور سعودی عرب میں ’دہشت گرد گروہوں کی پشت پناہی کر رہا ہے‘۔

[pullquote]سینکیانگ میں کووڈ انیس کے کیسوں میں مسلسل کمی[/pullquote]

چین کے شمال مغربی علاقے سنکیانگ میں کووڈ انیس کے کیسوں میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ پیر کو رپورٹ کیے جانے والے اعدادوشمار کے مطابق اس علاقے میں 28 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے جبکہ چین میں ملک گیر سطح پر ریکارڈ کیے گئے نئے کیسز کی تعداد 43 بتائی جا رہی ہے۔ مین لینڈ چائنا میں کورونا وائرس کے کیس اپنے عروج کو پہنچ چکے ہیں جبکہ نیم خود مختار چینی شہر ہانگ کانگ میں حکام اس عالمی وبا کی نئی لہر سے نمٹنے کی تمام تر کوششیں کر رہے ہیں۔ ہانگ کانگ میں ویک اینڈ کے دوران 200 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے