بی آر ٹی پشاور کے افتتاح کی نئی تاریخ آ گئی

پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کے افتتاح کی نئی تاریخ سامنے آگئی اور اب وزیراعظم عمران خان 13 اگست کو منصوبے کا افتتاح کریں گے۔

ذرائع کے مطابق بی آر ٹی پشاور کا افتتاح کی تقریب میں وزیراعظم کے ہمراہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان بھی ہوں گے۔

یہ منصوبہ تحریک انصاف کے گزشتہ دورِ حکومت میں سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے شروع کیا تھا جو کئی تاریخوں کے باوجود مکمل نہیں ہو سکا۔

اکتوبر 2017ء میں شروع ہونے والے اس منصوبے کو خیبر پختونخوا حکومت نے 6 ماہ کے اندر مکمل کرنے کا دعویٰ کیا تھا جب کہ منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 49 ارب روپے لگایا گیا جو 71 ارب روپے سے بھی تجاوز کرچکا ہے۔

5 دسمبر 2019 کو پشاور ہائی کورٹ نے بی آرٹی منصوبے سے متعلق اپنے تفصیلی فیصلے میں کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کسی وژن اور منصوبہ بندی کے بغیر یہ منصوبہ شروع کیا۔

تاہم بی آرٹی منصوبے کا افتتاح کرنے کے لیے نو بار تاریخ دی گئی لیکن اس کا افتتاح نہیں ہوسکا تھا۔

وزیراعظم نے جون 2020 میں پشاور بس ریپڈ منصوبے کا افتتاح کرنا تھا لیکن کورونا وائرس کے سبب تاخیر کی گئی۔

اب 13 اگست کو بی آر ٹی پشاور کا باضابطہ طور پر افتتاح کردیا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے