چاہتے ہیں کشمیر کو بھی آزادی ملے تاکہ تقسیم کے مقصد کی تکمیل ہو سکے: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے یوم آزادی پر قوم کو خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کشمیری بھائیوں کو بھی آزادی ملے تاکہ تقسیم کے مقصد کی تکمیل ہو سکے۔

پاکستان کے 74 ویں جشن آزادی کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے قوم کو مبارک باد پیش کی اور یوم آزادی پر مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ دن ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے ویژن پر چلنے کا عہد یاد دلاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 70 سالوں میں ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا رہا، داخلی اور خارجی محاذوں پر مشکلات کا سامنا کیا لیکن ہماری قوم نے ہمسایہ ملک کی دشمنی، دہشت گردی کا بہادری سے مقابلہ کیا، قدرتی آفات، وبائی امراض کا بھی ہماری قوم نے ہمیشہ استقامت سے مقابلہ کیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ وطن عزیز کی آزادی کے مقاصد کے حصول میں کوشاں ہیں، وطن عزیز میں قانون کی حکمرانی، بالادستی پر مبنی نظام چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ’ریاست مدینہ‘ کو اپنا رول ماڈل منتخب کیا ہے جس میں ایسا نظام حکومت بنائیں گے جو آزادی کے نظریات اور مقاصد کے مطابق ہو، جہاں قانون کی حکمرانی برقرار ہے تاہم ان سب کے لیے ہم "اتحاد ، ایمان اورتنظیم” کی مشعل راہ سے ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

یوم آزادی کے موقع پر کشمیریوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یوم آزادی پر مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی محاصرے پر بہت رنجیدہ ہیں، ہم چاہتے ہیں کشمیری بھائیوں کو بھی آزادی ملے تاکہ تقسیم کے مقصد کی تکمیل ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم حق خودارادیت کے لیے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہم ہر فورم پر اپنےکشمیری بہن بھائیوں کی آواز بلند کرتے رہیں گے، عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں سے متعلق بتاتے رہیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا کو بی جے پی اور آر ایس ایس نظریے سے امن و سلامتی کو لاحق خطرات سے آگاہ کرتے رہیں گے، مجھے یقین ہے بہادر کشمیریوں کی حق خودارادیت کے لیے ناقابل تسخیر جدوجہد کامیاب ہو گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے