ملک بھر میں 9 محرم الحرام کی مناسبت سے جلوس و مجالس، سیکیورٹی سخت

ملک بھر میں آج 9 محرم الحرام کو نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور اُن کے ساتھیوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جلوس و مجالس کا انعقاد کیا جارہاہے۔

کراچی میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوگا جب کہ جلوس سے قبل مرکزی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شہنشاہ حسین نقوی فضائل اور مصائب اہلبیت بیان کریں گے۔

بعدازاں ختم مجلس نشترپارک سے مرکزی جلوس برآمد ہوگا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کے شرکا ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا کے سامنے نماز ظہرین ادا کریں گے۔

مرکزی جلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کی گزرگاہ اور اطراف کی گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینر لگا کرسیل کیا گیا ہے جب کہ جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس و رینجرز بھی تعینات ہے اور جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

دوسری جانب روہڑی میں 500 سالہ قدیمی نو ڈھالہ تعزیہ کا جلوس امام شاہ عراق سے برآمد ہوکر اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں جس میں ملک بھر سے سینکڑوں کی تعداد میں زائرین اور عزاداران حسین شرکت کررہے ہیں۔

ادھر کوئٹہ میں نویں محرم کو دوپہر ڈیڑھ بجے ذوالجناح کا جلوس امام بارگاہ ناصرالعزاء سے نکالا جائے گا جو قریبی شاہراہوں سے ہوتا ہوا دوبارہ امام بارگاہ ناصر العزاء پہنچ کر اختتام ہوگا، اس دوران شرکا سینہ کوبی کریں گے جب کہ مجلس عزا منعقد کی جائیگی۔

بعدازاں ذوالجناح کو یوم عاشورہ کے جلوس میں شامل کرنے کے لیے مری آباد لے جایاجائے گا۔

نویں محرم الحرام کے حوالے سے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں ایک ماتمی جلوس نکالا جائے گا اور اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

لاہور میں 9 محرم الحرام کے مرکزی جلوس سے قبل مجلس کا اہتمام کیا گیا جس م یں علامہ قمر عباس مجاہد نے مصائب اہل بیت بیان کیے۔

مجلس کے بعد شبیہ ذوالجناح کا جلوس برآمد ہوا جس میں بڑی تعداد میں عزہ دارین حسین شریک ہیں جو ماتم زنی اور نوحہ خوانی کررہے ہیں۔

جلوس اسلام پورہ کے راستے سے ہوتا ہوا شام کے وقت امام بارگاہ خیمہ سادات جین مندر پہنچے گا جہاں مجلس کے بعد جلوس واپس روانہ ہوگا اورواپس پانڈو اسٹریٹ پہنچ کر اختتام پزیر ہوگا۔

اس کے علاوہ شہرکے دیگر علاقوں میں بھی شبیہ ذوالجناح اور شبیہ علم، تعزیہ و شبیہ زیارت کے جلوس نکالے جارہے ہیں اورمجالس کا اہتمام کیا گیا ہے۔

شہر میں جلوسوں اور مجالس کے لیے پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ مرکزی جلوسوں کے روٹ پر موبائل فون سروس معطل ہے۔

پشاور میں 9 محرم الحرام کا مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال سے برآمد ہوگا جو صدر روڈ، فخر عالم روڈ اور ٹیپو سلطان روڈ سے ہوتا ہوا فوارہ چوک پہنچے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے