نظر انداز کی گئیں اہم خبریں!

مجھے آج تک سمجھ نہیں آئی کہ ہمارے قومی اخبارات دنیا بھر کی غیر اہم خبریں شائع کرتے ہیں مگر انتہائی اہم خبروں سےبے اعتنائی کیوں برتتے ہیں، میں نے گزشتہ ہفتے کچھ اہم خبروں کے حصول کےلئے کافی محنت کی میرا جی تو نہیں چاہتا کہ اتنی اہم خبریں فی سبیل اللہ کسی اخبار کو فراہم کروں اور وہ اس میں کیڑے بھی نکالیں، لہٰذا اپنے کالم میں شامل کر رہا ہوں شاید اس کے بعد ہمارے قومی اخبارات بھی صحافت کے اس فراموش کردہ گوشے کی طرف متوجہ ہوں، مجھے یقین ہے کہ اس کے نتیجے میں اخبارات کی اشاعت میں خاصا اضافہ ہو گا بہرحال خبریں درج ذیل ہیں۔

’’تمہارے حسن سے کمرہ روشن ہو گیا ہے‘‘

عبدالودود نے کہا میں ہمیشہ تمہارا رہوں گا‘‘

لاہور (اسٹاف رپورٹر ) جان من ! تمہاری یہ جھکی جھکی نظریں اور حیا سے تمتماتے گال کچھ نہ کہنے کے باوجود مجھ سے بہت کچھ کہہ رہے ہیں ،میں تمہارا ہوں اور ہمیشہ تمہارا رہوں گا ۔ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز بیاہے جانے والے ایک دولہا عبدالودود نے اپنی دلہن فرناز عبدالودود سے حجلہ عروسی میں کیا ۔میرے رپورٹر کے مطابق دولہا عبدالودود نے دلہن فرناز عبدالودود کا گھونگھٹ اٹھاتے ہوئے کہا کہ تمہارے حسن کی شعاعوں سے کمرہ روشن ہوگیا ہے اس موقع پر عبدالودد نے ایک شعر بھی پڑھا۔

شب ِوصال ہے گل کر دو ان چراغوں کو

خوشی کی بزم میں کیا کام جلنے والوں کا

میرے اسٹاف رپورٹر نے اس خبر کی دیگر تفصیلات بھی دی ہیں جو آزادی صحافت کے بعد شائع کی جائیں گی!

’’میں اغوا نہیں فرار ہوئی تھی ‘‘

’’نگہت کی نانی اور دادی بھی بدچلن ہیں‘‘

لاہور (اسٹاف رپورٹر ) گزشتہ دنوں مبینہ طور پر اغوا ہونے والی 16سالہ نابالغ لڑکی نگہت نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اغوا نہیں ہوئی بلکہ وہ اپنی مرضی کے ساتھ طاہر، اظہر، جلیل، بگو اور مختار کے ساتھ فرار ہوئی ہے کیونکہ وہ ان سے محبت کرتی ہے۔واضح رہے اس سے قبل میرے اسٹاف رپورٹر کی یہ خبر شائع ہوچکی ہے جس میں بتایا گیا تھا کہ ملزم نہایت شریف لوگ ہیں اور انہوں نے لڑکی کو اغوا نہیں کیا بلکہ لڑکی اپنی مرضی کے ساتھ ان کے ساتھ فرار ہوئی ہے ۔نگہت کے عدالتی بیان سے ہماری اس خبر کی تصدیق ہو گئی ہے۔اسٹاف رپورٹر نے خبر کی دیگر تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ نگہت بلدیاتی کونسلر ممتاز کی بہن ہے اس کے باپ کا نام حاجی افتخار ہے اور اس کی تین بہنیں اور بھی ہیں جو سب کی سب بدچلن ہیں۔نگہت کی پھوپھی اور خالہ بھی بدکار ہیں بلکہ اس کی نانی اور دادی کے متعلق بھی معلوم ہوا ہے کہ جوانی میں ان کی شہرت اچھی نہیں تھی۔علاقے کے لوگوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ طاہر، اظہر، جلیل ، بگواور مختار ایسے شرفاء کو نگہت ایسی لڑکیوں سے محفوظ رکھنے کے لئے مثبت اقدامات کرے تاکہ آئندہ ایسی لڑکیوں کوکسی کی عزت سے کھیلنے کی جرات نہ ہو۔

’’مجھے شلجم گوشت بہت پسند ہے‘‘

نواب اظہر علی خان سے پینل انٹرویو

لاہور (اسٹاف رپورٹر ) ممتاز سیاسی رہنما نواب اظہر علی خاں کے متعلق معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ شب ان کے ہاں شلجم گوشت پکائے گئے ۔نواب صاحب نے ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں شلجم گوشت بہت پسند ہیں اور گھر پر اکثر یہی ڈش بنواتے ہیں۔گوبھی گوشت کے بارے میں پینل کے ایک رکن کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ گوبھی گوشت بھی اگرچہ رغبت سے کھاتے ہیں تاہم گوبھی بادی ہوتی ہے اس لئے وہ حتی المقدور اس سے گریز کی کوشش کرتے ہیں۔ نواب صاحب کو ناشتے میں پراٹھا اور فرائی انڈے پسند ہیں تاہم ناشتے کے مینو میں وہ تبدیلی کرتے رہتے ہیں۔نواب صاحب نے یہ انکشافات ہمارے فورم کے تحت منعقدہ ایک پینل انٹرویو میں کئے۔اس پینل انٹرویو کی دیگر چونکا دینے والی تفصیلات سنڈے ایڈیشن میں ملاحظہ فرمائیں!

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے