جمعہ : 18 ستمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 30 ملین سے زیادہ ہو گئی[/pullquote]

دنیا بھر میں کورونا کیسز کی مصدقہ تعداد 30 ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکا کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے لگنے والی مہلک بیماری کووڈ انیس اب تک نو لاکھ تینتالیس ہزار انسانوں کی جان لے چکی ہے۔ اس وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک اب بھی امریکا ہے۔ مجموعی آبادی کے تناسب سے دیکھا جائے تو اس بیماری سے سب سے زیادہ ہلاکتیں پیرو میں ہوئی ہیں۔ وہاں ہر ایک لاکھ شہریوں میں سے 97 افراد کی موت کی وجہ کورونا وائرس بنا۔ اس کے مقابلے میں امریکا میں ہر ایک لاکھ شہریوں میں سے کووڈ انیس کا شکار ہو کر مرنے والے افراد کی تعداد 60 بنتی ہے۔ اس درجہ بندی میں بھارت اس وقت دوسرے نمبر پر ہے، جہاں متاثرین کی تعداد 51 لاکھ سے زیادہ اور ہلاک شدگان کی تعداد 83 ہزار دو سو بنتی ہے۔ برازیل میں بھی کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 40 لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے۔

[pullquote]ورلڈ فوڈ پروگرام کی دنیا کے ارب پتی انسانوں سے مدد کی اپیل[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام نے فاقہ کشی کے شکار ستائیس کروڑ انسانوں کی جانیں بچانے کے لیے دنیا بھر کے ارب پتی انسانوں سے مدد کی اپیل کی ہے۔ عالمی خوراک پروگرام کے سربراہ ڈیوڈ بیسلے نے دنیا کے امیر ترین انسانوں سے اپیل کی ہے کہ فاقہ کشی کے شکار دو سو ستر ملین انسانوں کی مدد کے لیے مالی وسائل مہیا کریں۔ دوسری صورت میں ان کروڑوں انسانوں کی جانیں بچانا بہت بڑا چیلنج ہو گا۔ ڈیوڈ بیسلے نے کہا کہ ان کے ادارے کو ان فاقہ کش انسانوں کو ایک سال تک کھانا کھلانے کے لیے تقریباﹰ پانچ ارب ڈالر درکار ہیں۔ دنیا کے دو ہزار ارب پتی انسان مجموعی طور پر آٹھ ٹریلین ڈالر کے مالک ہیں۔

[pullquote]بیلاروس کا سیاسی بحران: یو این ہیومن رائٹس کونسل کا ہنگامی اجلاس[/pullquote]

بیلاروس کی صورتحال پر بحث کے لیے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کا ایک ہنگامی اجلاس آج جمعے کو ہوا۔ اجلاس کے موقع پر بیلاروس کے سفارت کاروں اور منسک کے اتحادی ممالک نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق رپورٹوں کو روکنے کی کوشش تو کی تاہم کامیاب نہ ہو سکے۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کی نائب صدر ندا الناشف نے اپنے خطاب میں کہا کہ بیلاروس میں ہزاروں گرفتاریوں اور تشدد کے سینکڑوں واقعات، جن میں بچوں پر تشدد بھی شامل ہے، کی اطلاعات ہیں۔ انسانی حقوق کی ایسی خلاف ورزیوں کا نشانہ ایسے شہریوں کو بنایا جا رہا ہے، جنہوں نے صدر لوکاشینکو کے چھٹی مرتبہ صدارتی عہدے پر انتخاب میں حصہ لینے کے خلاف احتجاج کیا تھا۔

[pullquote]فرانسیسی صدر کا لبنان میں فوری حکومت سازی کا مطالبہ[/pullquote]

فرانسیسی صدر ماکروں نے اپنے لبنانی ہم منصب سے کہا ہے کہ وہ لبنانی عوام کو بحران سے نکالنے کے لیے فوری حکومت سازی کو یقینی بنائیں۔ لبنانی صدر کے دفتر کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں اور ان کے ہم منصب میشل عون کا ٹوئٹر پر رابطہ ہوا، جس میں ماکروں نے لبنان میں جلد از جلد حکومت سازی کی ضرورت پر زور دیا۔ آج جمعے کے روز دونوں صدور کے مابین رابطے میں لبنان کے سیاسی بحران کر مرکزی حیثیت حاصل تھی۔

[pullquote]یورپی پارلیمان میں موریا کیمپ کے پناہ گزینوں کی صورتحال پر بحث[/pullquote]

یورپی یونین کی کمشنر برائے داخلہ امور ژیلوا ژوہانسن نے کہا ہے کہ یورپ میں کسی بھی مہاجر کیمپ میں لیسبوس کے موریا کیمپ جیسا بھیانک واقعہ پھر کبھی رونما نہیں ہونے دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے یہ بیان یورپی پارلیمان میں یونانی جزیرے لیسبوس پر قائم موریا کیمپ میں آتشزدگی کے سبب ہزاروں تارکین وطن کے بے گھر ہو جانے سے پیدا ہونے والے بحران سے متعلق ایک اجلاس میں دیا۔ اس اجلاس میں یورپی پارلیمان کے اراکین نے موریا کیمپ کے بے گھر ہو جانے والے مہاجرین کے لیے فوری امدادی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

[pullquote]امریکی انتخابی مہم میں ’روسی مداخلت‘ پر ایف بی آئی کو گہری تشویش[/pullquote]

امریکی خفیہ ایجنسی ایف بی آئی نے کہا ہے کہ روس امریکا میں آئندہ صدارتی انتخابات کی مہم میں بڑے پیمانے پر مداخلت کر رہا ہے۔ واشنگٹن میں ملکی کانگریس کی ایک کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکا کی اس وفاقی پولیس کے ڈائریکٹر کرسٹوفر رے نے کہا کہ روس صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حریف ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جو بائیڈن کے بارے میں غلط معلومات پھیلا رہا ہے۔ ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ روس کی طرف سے امریکی سیاست میں تقسیم اور انتشار پیدا کرنے کے لیے غلط اطلاعات کا بہاؤ مسلسل جاری ہے۔ امریکا کے اس وفاقی تحقیقاتی ادارے کے مطابق روس نے 2016ء کے امریکی صدارتی الیکشن میں بھی ایسا ہی کیا تھا۔

[pullquote]یورپی یونین کے ساتھ کشیدگی کے باعث بیلاروس میں فوج الرٹ[/pullquote]

بیلاروس کا کہنا ہے کہ اس نے یورپی یونین کے رکن ممالک کے ساتھ ملنے والی اپنی سرحدیں بند کر دی ہیں۔ پولینڈ نے کہا ہے کہ سرحد پر صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور بیلاروس کا یہ اقدام اس کی پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہے۔ بیلاروس کے صدر الیکسانڈر لوکاشینکو نے کل جمعرات کو اعلان کیا تھا کہ ملکی فوج کو اب شہروں سے نکال کر یورپی یونین سے متصل قومی سرحدوں کی حفاظت کے لیے بارڈر پر تعینات کیا جا رہا ہے۔ لیتھوانیا میں بھی سرحدی امور کے نگران حکام نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ بیلاروس کے ساتھ قومی سرحد پر صورت حال میں کوئی ایسی تبدیلی آئی تھی کہ منسک حکومت کو وہاں اپنی فوج تعینات کرنے کی ضرورت پڑتی۔

[pullquote]میڈرڈ حکومت نے کورونا انفیکشن کے دوبارہ بڑھتے ہوئے خطرے کی گھنٹی بجا دی[/pullquote]

ہسپانوی دارالحکومت میں کورونا انفیکشن کے پھیلاؤ کی صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے۔ میڈرڈ کی علاقائی حکومت نے اس مہلک انفیکشن کے پھیلاؤ کی شرح میں تیز رفتار اضافے کے پیش نظر صورتحال کو بہت سنگین قرار دے دیا ہے۔ ملکی وزیر اعظم پیدرو سانچیز پر حالات سے نمٹنے اور فیصلہ کن اقدامات کے لیے غیر معمولی دباؤ ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران میڈرڈ کے مختلف علاقوں میں اتنے زیادہ نئے کورونا کیسز سامنے آ چکے ہیں کہ ان کی شرح ایک ہزار متاثرین فی ایک لاکھ شہری بنتی ہے۔ علاقائی ہسپتالوں میں ہر پانچواں مریض کورونا وائرس کا شکار ہے۔ حکومت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ عوام کے آپس میں سماجی رابطوں اور گھروں سے باہر نکلنے پر سخت پابندی لگا دے۔ اسپین کورونا وائرس کی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ یورپی ممالک میں سے ایک ہے۔

[pullquote]دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کا پھیلاؤ جاری، امریکا[/pullquote]

امریکا میں انسداد دہشت گردی کے ذمے دار ایک اعلیٰ افسر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ شام سے بے دخل کر دیے جانے اور اپنے رہنماؤں کی ہلاکتوں کے باوجود تقریباً 20 ذیلی تنظیموں کے ساتھ دنیا بھر میں اپنا جال مسلسل پھیلاتی جا رہی ہے۔ امریکا کے انسداد دہشت گردی کے قومی مرکز کے ڈائریکٹر کرسٹوفر ملر نے کہا کہ اس انتہا پسند گروپ نے پچھلے چھ برسوں کے دوران ثابت کر دیا ہے کہ وہ انسداد دہشت گردی کے باعث خود پر دباؤ کو اپنے حق میں موڑ لینے کا اہل ہے اور شدید نقصانات کے باوجود دوبارہ خود کو مضبوط بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ کرسٹوفر ملر نے امریکی کانگریس کی داخلی سلامتی سے متعلق کمیٹی کو بتایا کہ اکتوبر 2019 میں ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کے رہنما ابو بکر بغدادی کی موت کے بعد سے اس تنظیم کے نئے رہنما محمد سعید عبدالرحمان المولا دور دراز علاقوں میں کئی ذیلی تنظیموں کو ہدایات دینے اور نئے حملوں کی حوصلہ افزائی کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

[pullquote]امریکی اہلکار تائیوان کے دورے پر، تائیوان کے قریب چین کی فوجی مشقیں[/pullquote]

چین نے تائیوان کے قریب ’لائیو فائر ڈرلز‘ کا اعلان کیا ہے۔ یہ فوجی مشقیں ایک ایسے وقت پر کی جا رہی ہیں، جب چین کی طرف سے دھمیکوں کی مخالفت میں ایک اعلیٰ امریکی ایلچی کیتھ کریخ تائیوان کے دورے پر تائی پے پہنچے ہیں۔ چین کی پیپلز لبریشن آرمی پی ایل اے کے کرنل ژانگ چُنہوئی، جو ’ایسٹرن تھیٹر کمانڈ‘ کے ترجمان ہیں، نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے، ’’آبنائے تائیوان میں موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے یہ مشقیں ضروری ہیں۔ اس سے پی ایل اے کے دستوں کو قومی اتحاد اور علاقائی خود مختاری کا دفاع کرنے میں مدد ملے گی۔‘‘ چین کا دعویٰ ہے کہ خود مختار تائیوان اس کا ایک باغی صوبہ ہے اور بیجنگ نہیں چاہتا کہ دوسرے ممالک تائی پے کے ساتھ براہ راست اور باضابطہ تعلقات قائم کریں۔ امریکی مندوب کیتھ کریخ کا تائیوان کا یہ دورہ گزشتہ دو ماہ کے دوران کسی اعلیٰ امریکی مندوب کا دوسرا دورہ ہے۔

[pullquote]صومالیہ میں نئے حکومتی سربراہ کی تقرری[/pullquote]

بحران زدہ افریقی ملک صومالیہ میں ایک نیا سربراہ حکومت نامزد کر دیا گیا ہے۔ موغادیشو میں صدارتی دفتر کی طرف سے کیے گئے ایک اعلان میں کہا گیا کہ صدر محمد عبداللہ فرماجو نے آج جمعہ کے روز محمد حسین روبل کو ملک کا نیا وزیر اعظم نامزد کر دیا۔ روبل حسن علی خیرا کے جانشین ہوں گے، جن کے خلاف جولائی کے آخر میں پارلیمانی عدم اعتماد کی ایک تحریک غیر متوقع طور پر کامیاب رہی تھی۔ ان کی اقتدار سے محرومی کا سبب ایک نئے انتخابی نظام کے بارے میں شدید اختلافات بنے تھے۔ اب تک کے نظام الاوقات کے مطابق آئندہ دسمبر میں نئی ​​پارلیمان منتخب کی جائے گی، جس کے بعد 2021ء کے اوائل میں نیا ملکی صدر منتخب کیا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے