بدھ: 30 ستمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنے دفاتر بند کر دیے[/pullquote]

انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارت میں اپنے تمام آپریشن بند کر دیے ہیں۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ اسے نریندر مودی حکومت کی طرف سے منظم انتقامی کارروائیوں کا سامنا رہا ہے۔ قبل ازیں بھارتی حکومت نے اس تنظیم کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے تھے۔ بھارت دنیا کا دوسرا ملک ہے، جہاں ایمنسٹی کو اس طرح اپنی سرگرمیاں بند کرنی پڑیں ہیں۔ قبل ازیں اس تنظیم کو سن دو ہزار سولہ میں روس میں اپنا کام بند کرنا پڑا تھا۔ وزیراعظم نریندر مودی کے ناقدین کا الزام ہے کہ ان کی حکومت بڑے پیمانے پر جمہوری آزادیوں اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی مرتکب ہو رہی ہے۔

[pullquote]کاراباخ میں فوری طور پر فائربندی کی جائے، سلامتی کونسل[/pullquote]

اقوام متحدہ کی پندرہ رکنی سلامتی کونسل نے آرمینیا اور آذربائیجان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نگورو کاراباخ کے پہاڑی علاقے میں فوری طور پر فائربندی کریں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے فریقین سے کشیدگی کے خاتمے کے لیے بات چیت شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔ گزشتہ اتوار سے آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان سرحدی جھڑپوں میں نوے سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]کویت، ولی عہد نئے امیر بن گئے[/pullquote]

کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الصباح کی گزشتہ روز وفات کے بعد آج ان کی آخری رسومات ادا کی جا رہی ہیں۔ ان کی جگہ ولی عہد نواف الاحمد الصباح ملک کے نئے امیر بن گئے ہیں۔ تراسی سالہ شیخ نواف سن دو ہزار چھ سے بطور ولی عہد خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ توقع ہے کہ اب ان کی جگہ نئے ولی عہد کا اعلان بھی آئندہ چند دنوں میں کردیا جائے گا۔ خلیجی عرب ملک میں کویت کی خارجہ پالیسی کو نسبتاﹰ معتدل سمجھا جاتا ہے۔ حالیہ برسوں میں کویت قطر اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے بھی کوشاں رہا ہے۔

[pullquote]حزب اللہ نے بیروت میں اسلحہ ذخیرہ کیا، اسرائیل کا الزام[/pullquote]

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں لبنان میں ایرانی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اپنے ریکارڈ شدہ خطاب میں نیتن یاہو نے الزام لگایا کہ حزب اللہ بیروت میں خفیہ طور پر ہتھیاروں کا ذخیرہ کر رہی ہے۔ جواب میں حزب اللہ نے کہا ہے کہ نیتن یاہو نے جو بھی کہا ہے، اس میں ذرہ برابر بھی سچائی نہیں ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم کے بیان کے چند ہی گھنٹوں بعد حزب اللہ نے صحافیوں کو اس عمارت کا دورہ کروایا، جس میں اسلحہ رکھنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

[pullquote]امریکی صدارتی امیدواروں کا پہلا مباحثہ، ٹرمپ اور بائیڈن میں تلخ کلامی[/pullquote]

امریکا میں صدارتی انتخابات سے قبل دونوں امیدواروں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے ڈیموکریٹ حریف جو بائیڈن کے درمیان پہلا مباحثہ تلخ کلامی کی نذر ہو گیا۔ مباحثے کے دوران دونوں امیدواروں میں تُند و تیز تکرار دیکھی گئی اور انہوں نے ایک دوسرے کے لیے ’احمق‘ اور ’مسخرے‘ جیسے الفاظ استعمال کیے۔ ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن نے مباحثے کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ’جھوٹا‘ قرار دیا اور انہیں کورونا کے باعث ہونے والی ’اموات‘ کا ذمہ دار ٹھہرایا۔

[pullquote]بیلاروس، صدر لوکاشینکو پر پابندیاں عائد[/pullquote]

برطانیہ اور کینیڈا نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شکایات پر بیلاروس کے صدر لوکاشینکو اور ان کے ساتھیوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ برطانوی وزارت خارجہ کے مطابق ان افراد پر سفری پابندیوں کے ساتھ ساتھ ان کے اکاؤنٹس بھی منجمد کر دیے گئے ہیں۔ یورپی یونین نو اگست کے صدارتی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی وجہ سے بیلاروس پر پابندیاں عائد کرنا چاہتی ہے لیکن قبرص کی مخالفت کے باعث وہ ابھی تک ایسا نہیں کر پائی۔ بیلاروس میں سات ہفتوں سے صدر لوکاشینکو کے خلاف عوامی احتجاج جاری ہے۔ متعدد یورپی ممالک روس کے حمایت یافتہ صدر لوکاشینکو کے دوبارہ انتخاب کو تسلیم کرنے سے انکار کر چکے ہیں۔

[pullquote]ڈزنی گروپ نے 28 ہزار ملازمین کو برطرف کر دیا[/pullquote]

انٹرٹینمنٹ کی دنیا کے بڑی امریکی کمپنی والٹ ڈزنی نے اپنے اٹھائیس ہزار ملازمین کو برطرف کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق کورونا وبا کے باعث اپریل سے جون تک کے دوران اسے چار اعشاریہ سات ارب ڈالر کا خسارہ ہوا۔ والٹ ڈزنی دنیا میں متعدد تفریحی پارکوں اور چھٹیاں گزارنے والے ہوٹلوں کی مالک ہے، جنہیں وبا کے دوران بند کر دیا گیا تھا۔ کمپنی کے بعض تفریحی پارک اب محدود سطح پر کھولے جا چکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے