ہفتہ : 17 اکتوبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]فرانس میں ایک استاد کا قتل ’دہشت گردانہ حملہ‘ تھا، ماکروں[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں نے گزشتہ روز پیرس کے نواح میں ایک استاد کے قتل کے واقعے کو دہشت گردی قرار دیا ہے۔ یہ واقعہ پیرس کے نواحی قصبے کانفلاں سینٹ اونورین میں پیش آیا۔ استاد نے مبینہ طور پر دوران تدریس پیغمبر اسلام کے خاکے دکھائے تھے۔ حملہ آور نے خنجر سے وار کر کے ان کا سر تن سے الگ کر دیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور کی عمر اٹھارہ برس تھی اور اس کا تعلق چیچنیا سے ہے۔ بعد ازاں گرفتاری کی کوشش کے دوران حملہ آور بھی پولیس کی فائرنگ سے مارا گیا۔ فرانسیسی حکام نے حملہ کرنے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی تاہم میڈیا رپورٹوں کے مطابق اس کی عمر اٹھارہ برس تھی اور وہ ماسکو میں پیدا ہوا تھا۔

[pullquote]نیوزی لینڈ انتخابات: جیسنڈا آرڈرن کی جماعت کی واضح جیت[/pullquote]

نیوزی لینڈ کے پارلیمانی انتخابات میں وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کی لیبر پارٹی نے واضح کامیابی حاصل کر لی ہے۔ یوں آرڈرن کے لیے دوسری مرتبہ بھی وزیر اعظم بننے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ اس مرتبہ کے انتخابات میں آرڈرن کا مقابلہ دائیں بازو کی قدامت پسند رہنما جوڈتھ کولنز سے تھا۔ تاہم کولنز کی جماعت لیبر پارٹی سے 27 فیصد نشستیں حاصل کر پائی۔ لیبر پارٹی نے قریب 50 فیصد نشستیں حاصل کی ہیں۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پارلیمان میں بائیں بازو کے اتحاد کو واضح اکثریت حاصل ہوئی ہے۔ نیوزی لینڈ میں کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے عام انتخابات کے انعقاد میں ایک ماہ کی تاخیر کی گئی تھی۔

[pullquote]آذربائیجان میں آرمینیائی فوج کی شیلنگ سے تیرہ شہری ہلاک[/pullquote]

ترکی نے آذربائیجان کے شہر گانجا میں آرمینیائی افواج کے حملے کو ’جنگی جرم‘ قرار دیا ہے۔ شہری آبادی پر میزائلوں کے نتیجے میں تیرہ عام شہری ہلاک ہو گئے تھے۔ باکو حکام کے مطابق میزائل حملوں میں چالیس سے زائد شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔ آذری صدر الہام علییف نے ’بدلہ‘ لینے کا عندیہ بھی دیا ہے۔ دوسری جانب آرمینیا نے بھی آذربائیجان پر فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔ گزشتہ ہفتے روس کی کوششوں سے دونوں ممالک نے جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا۔ تاہم اس دوران سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں دیکھی گئی ہیں۔ معاہدے سے قبل نگورنوکارباخ کے تنازعے پر دونوں ممالک کے مابین شدید جھڑپوں کا سلسلہ دو ہفتے سے زائد عرصہ جاری رہا تھا۔

[pullquote]بریگزٹ: موڈیز نے برطانیہ کی کریڈٹ ریٹنگ کم کر دی[/pullquote]

موڈیز نے برطانیہ کی کریڈٹ ریٹنگ ایک درجہ کم کر دی ہے۔ امریکی ریٹنگ ایجنسی نے یہ فیصلہ بریگزٹ اور کورونا وبا کے باعث برطانوی معیشت پر رونما ہونے والے اثرات کے باعث کیا ہے۔ دریں اثنا موڈیز نے برطانیہ کی معاشی آؤٹ لک کو منفی کی بجائے مستحکم کے درجے میں بھی شمار کیا ہے۔ برطانوی معیشت سن 2017 سے زوال پذیر ہے۔ اس کی بڑی وجہ یورپی یونین اور لندن کے مابین بریگزٹ کے بعد کے منظر نامے میں تجارتی معاہدے پر مذاکرات کا نتیجہ خیز ثابت نہ ہونا ہیں۔ علاوہ ازیں کورونا وائرس کی عالمگیر وبا نے بھی برطانوی معیشت پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔

[pullquote]جرمنی میں مسلسل تیسرے روز بھی کورونا متاثرین کی ریکارڈ تعداد[/pullquote]

جرمنی میں مسلسل تیسرے روز بھی کورونا متاثرین کا نیا یومیہ ریکارڈ سامنے آیا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 7,830 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے، جو گزشتہ روز کی نسبت 500 زیادہ ہیں۔ وبا کی پہلی لہر کے دوران رواں برس مارچ کے اواخر میں زیادہ سے زیادہ 6300 کیسز سامنے آئے تھے۔ رابرٹ کوخ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق جرمنی میں اب تک 356,387 شہری کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ اس مرض سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 9,767 ہو چکی ہے۔ جرمنی کی وفاقی حکومت نے وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سمارٹ لاک ڈاؤن کا ایک نیا طریقہ کار اختیار کیا ہے۔ چانسلر میرکل نے خبردار کیا ہے کہ اگر صورت حال قابو میں نہ آئی تو حکومت کو مزید سخت اقدامات اختیار کرنا پڑ سکتے ہیں۔

[pullquote]امریکا میں 70 برس بعد پہلی مرتبہ کسی خاتون کو سزائے موت دینے کا فیصلہ[/pullquote]

امریکی وفاقی حکومت نے ستر برس بعد پہلی مرتبہ کسی خاتون کو سزائے موت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق لیزا منٹگمری نامی خاتون کو آٹھ دسمبر کے روز زہریلے انجکشن کے ذریعے موت کی نیند سلا دیا جائے گا۔ منٹگمری پر سن 2004 میں ایک نوجوان حاملہ خاتون کو قتل کرنے کا الزام ثابت ہوا تھا۔ صدر ٹرمپ کے اقتدار میں آنے کے بعد امریکا میں قریب 20 برس تک پابندی کے بعد موت کی سزا بحال گئی تھی۔ بحالی کے بعد سے اب تک آٹھ مجرموں کی سزائے موت پر عمل درآمد کیا جا چکا ہے۔

[pullquote]یمن: متحارب فریقوں کے مابین قیدیوں کا تبادلہ[/pullquote]

یمن میں اقوام متحدہ کی کوششوں سے متحارب فریقین کے مابین قیدیوں کا تبادلہ جاری ہے۔ عالمی ادارے کے مطابق جمعے کے روز فریقین نے اپنی حراست میں موجود ایک ہزار سے زائد قیدی رہا کیے، جو کسی ایک روز میں قیدیوں کا ریکارڈ تبادلہ ہے۔ یمن میں سن 2015 سے جاری خانہ جنگی دنیا کے بدترین انسانی المیے کا سبب بنی ہوئی ہے۔ سعودی نواز یمنی حکومت اور ایران نواز حوثی باغیوں پر جنگ ختم کرنے کا دباؤ ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے اس پیش رفت کو مذاکرات کی کامیابی اور جنگ بندی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔

[pullquote]دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد چار کروڑ کے قریب[/pullquote]

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک متاثرہ افراد کی تعداد تقریبا چار کروڑ ہو چکی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید چار لاکھ سے زائد افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ اس دوران مزید 6106 افراد ہلاک بھی ہوئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1,109,252 ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز امریکا، بھارت اور برازیل میں ریکارڈ کیے گئے۔ یورپ میں بھی کورونا وائرس کی دوسری لہر شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں فرانس میں 25 اور برطانیہ میں 15 اور جرمنی میں ساڑھے سات ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

[pullquote]تھائی لینڈ میں مظاہرے بدستور جاری[/pullquote]

تھائی لینڈ میں حکام کی جانب سے سخت کریک ڈاؤن کے باجود مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ آج ہفتے کے روز پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔ اس دوران پچاس سے زائد مظاہرین کو حراست میں بھی لے لیا گیا۔ مظاہرین کی اکثریت طلبا کی ہے جو ملک میں بادشاہت سے متعلق دستوری اصلاحات کے علاوہ وزیراعظم کے استعفے کے مطالبے کر رہے ہیں۔ تھائی وزیراعظم پرایوت چن اوچا حکومت مخالف مظاہرین کی جانب سے مستعفی ہونے کا مطالبہ مسترد کر چکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے