منگل : 20 اکتوبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]عالمی سطح پر کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد چار کروڑ سے تجاوز کر گئی[/pullquote]

عالمی سطح پر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چالیس ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق اس عالمی وبا کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بھی گیارہ لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔ اس وائرس سے بدترین متاثرہ ملک امریکا، بھارت اور برازیل ہیں، تاہم اب یہ وائرس ایک مرتبہ پھر براعظم یورپ میں بھی دوبارہ پھیلتا جا رہا ہے۔ براعظم یورپ میں اسی تناظر میں متعدد ممالک کی جانب سے ایک مرتبہ پھر پابندیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ پولینڈ میں ایک قومی اسٹیڈیم کو عارضی ہسپتال میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ آسٹریا میں بھی چھ سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

[pullquote]روس کی جانب سے امریکا کو ایک برس تک جوہری ہتھیاروں کی تعداد کو منجمد کرنے کی پیشکش[/pullquote]

روس نے امریکا کو ایک برس تک جوہری ہتھیاروں کی تعداد منجمد کرنے کی پیشکش کی ہے۔ منگل کے روز روسی بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ نیواسٹارٹ معاہدے کو ایک برس کی توسیع دینے کے لیے تیار ہے۔ واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود معاہدے نیو اسٹارٹ کی مدت اگلے برس مکمل ہو رہی ہے۔ یہ معاہدہ فروری دو ہزار اکیس تک نافذ العمل ہے۔ دوسری جانب وائٹ ہاؤس کا کہنا ہےکہ جب تک جوہری ہتھیاروں کی تعداد کو مکمل طور پر روکا نہیں جاتا، یہ معاہدہ ’نان اسٹاٹر‘ ہے۔

[pullquote]نگورنوکاراباخ تنازعے میں ہلاکتوں کی تعداد سات سو بہتر[/pullquote]

نگورونوکاراباخ خطے کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ستمبر کی 27 تاریخ سے آذربائیجان کی فوج کی کارروائی کے نتیجے میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد سات سو بہتر ہو چکی ہے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہلاک شدگان میں سے 43 فوجی بھی شامل ہیں۔ یہ بات اہم ہے کہ 1990 ء میں اس متنازعے خطے پر آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان ہونے والی لڑائی میں تیس ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]سوڈان کو دہشت گردی کی فہرست سے خارج کر دیں گے، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوڈان کو دہشت گردی کی معاونت کرنے والے ممالک کی فہرست سے نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ پیر کے روز صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر سوڈانی حکومت دہشت گردی کے شکار امریکیوں کو 355 ملین ڈالر ادا کرے، تو اسے اس فہرست سے نکالا جا سکتا ہے۔ اگر امریکا سوڈان کو اس فہرست سے نکالتا ہے، تو سوڈان کے لیے بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے قرض کے حصول سمیت کئی طرح کے اقتصادی دروازے کھل سکتے ہیں۔ یہ بات اہم ہے کہ صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ عرب ممالک اسرائیل کو تسلیم کریں جب کہ اس کے لیے سوڈان کو دہشت گردی کی معاونت کرنے والے ممالک کی فہرست سے نکالنا کلیدی امر ہے۔

[pullquote]فرانسیسی صدر اور عراقی وزیراعظم کا دہشت گردی کے خلاف لڑائی کی اہمیت پر زور[/pullquote]

فرانسیسی صدر امانوئل ماکروں اور عراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ یہ بات ان دونوں رہنماؤں نے پیرس میں ملاقات میں کہی۔ منگل کو فرانسیسی صدر ماکروں کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ الکاظمی کی ملاقات میں بغداد میٹرو پروجیکٹ کے لیے فرانسیسی گروپ السٹوم کے منصوبے کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔ ستمبر میں فرانسیسی صدر نے عراق کا دورہ کیا تھا۔ ماکروں نے تب عراقی سالمیت کے تحفظ کے لیے بھرپور فرانسیسی مدد کا یقین دلایا تھا۔ ماکروں نے کہا تھا کہ عراق کے لیے سب سے اہم مسائل دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے جنگجو اور غیرملکی مداخلت ہے۔

[pullquote]چینی سفارتی ’غنڈہ گردی‘ کے دباؤ میں نہیں آئیں گے، تائیوان[/pullquote]

تائیوان نے کہا ہے کہ وہ چین کے ’غنڈے اہلکاروں‘ سے مرعوب نہیں ہو گا اور اپنے قومی دن کا جشن دنیا بھر میں منانے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ تائیوان نے الزام عائد کیا ہے کہ چینی سفارت کاروں نے فجی میں تائیوان کی ایک سفارتی تقریب میں اشتعال انگیزی کی کوشش کی۔ تائیوان کا دعویٰ ہے کہ اس دوران ایک تائیوانی سفارت کار کو ہسپتال بھی جانا پڑا۔ واضح رہے کہ جمہوریت کے حامل تائیوان کو چین کی کمیونسٹ حکومت اپنا صوبہ قرار دیتی ہے۔ تائیوان کے مطابق چینی سفارت کاروں نے ایک ہوٹل میں منعقدہ تائیوان کے قومی دن کی مناسبت سے ایک تقریب میں شامل افراد کی تصاویر لینے کی کوشش کی، جس کے بعد دو طرفہ ہاتھا پائی شروع ہو گئی۔

[pullquote]بھارت میں چار ماہ میں سب سےکم یومیہ کورونا کیس[/pullquote]

بھارت میں پیر کورونا وائرس کے نئے کیسز کے اعتبار سے سب سے کم تر سطح کا دن رہا۔ وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چار ماہ میں پہلی بار چوبیس گھنٹوں کے دوران فقط 46 ہزار سات سو نوے نئے کیسز سامنے آئے۔ بھارت میں گزشتہ روز اس عالمی وبا کے نتیجے میں پانچ سو ستاسی ہلاکتیں ہوئیں۔ ستمبر میں بھارت میں سب سے زیادہ یومیہ کیسز سامنے آئے تھے تاہم تب سے اب تک ان میں کمی کا رجحان پایا جاتا ہے۔ دوسری جانب ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ رواں ماہ ہندو تہوار درگا پوجا اور دیوالی کی چھٹیوں میں اس وائرس کا پھیلاؤ دوبارہ سنگین صورت حال اختیار کر سکتا ہے۔

[pullquote]انڈونیشیا کا امریکی جاسوسی طیاروں کی میزبانی سے انکار[/pullquote]

انڈونیشیا نے رواں برس امریکی جاسوسی طیاروں کی میزبانی سے انکار کر دیا ہے۔ امریکی منصوبے کے تحت سمندری نگرانی کے پی ایٹ پوسائیڈن طیاروں کو انڈونیشیا میں اتر کر ایندھن لینا تھا۔ تاہم ایک سینیئر انڈونیشی عہدیدار نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ یہ امریکی منصوبہ مسترد کر دیا گیا ہے۔ روئٹرز کے مطابق اس حوالے سےامریکا نے جولائی اور اگست میں انڈونیشیا سے اعلیٰ سطحی رابطے بھی کیے۔ اس حوالے سے تاہم امریکی محکمہ دفاع یا انڈونیشیا میں قائم امریکی سفارت خانے کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔

[pullquote]فرانسیسی صدر اور عراقی وزیراعظم کا دہشت گردی کے خلاف لڑائی کی اہمیت پر زور[/pullquote]

فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے نے کہا ہے کہ انہیں منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں ہونے والی ہلاکتوں کی ذمہ داری لینے پر کوئی اعتراض نہیں۔ تاہم انہوں نے اس بابت ’انسانیت کے خلاف جرائم‘ کے الزامات کو مسترد کیا۔ پیر کی شب ایک ٹی وی چینل پر واضح الفاظ میں انہوں نے اس کریک ڈاؤن کا اعتراف کیا اور اس بات کو بھی تسلیم کیا کہ ان کے خلاف مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ سن 2016 سے اب تک فلپائن میں منشیات سے جڑے مبینہ ملزمان کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں تقریباﹰ چھ ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ فلپائن میں اس کریک ڈاؤن سے متعلق بین الاقوامی فوجداری عدالت قتل عام اور انسانیت کے خلاف جرائم سے جڑی دو شکایتوں کی چھان بین کر رہی ہے۔

[pullquote]یونان نے ترک سرحد پر دیوار کی تعمیر کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی[/pullquote]

یونانی حکومت نے ملک کے شمال میں ترکی کے ساتھ ملنے والی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے۔ یونانی حکومت کو خدشات ہیں کہ مہاجرین بڑی تعداد میں اس راستے سے یورپی یونین میں داخلے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ ایک حکومتی ترجمان کے مطابق ترکی کے ساتھ اس سرحد پر چھبیس کلومیٹر طویل دیوار بنائی جائے گی، جب کہ اس کے ساتھ باڑ بھی نصب کی جائے گی۔ یہ منصوبہ اگلے برس اپریل تک مکمل ہو جائے گا اور اس پر مجموعی طور پر 63 ملین ڈالر کی لاگت آئے گی۔ واضح رہے کہ ترکی نے دھمکی دی ہے کہ وہ مہاجرین کو یورپی یونین کی جانب بڑھنے سے نہیں روکے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے